عزرا
8 بادشاہ ارتخششتا کی حکمرانی کے دوران میرے ساتھ بابل سے جو لوگ آئے، اُن کے آبائی خاندانوں کے سربراہ اور نسبنامہ یہ ہے: 2 فینحاس کے بیٹوں میں سے جیرسوم؛ اِتمر کے بیٹوں میں سے دانیایل؛ داؤد کے بیٹوں میں سے حطّوش؛ 3 سِکنیاہ اور پَرعوس کے بیٹوں میں سے زکریاہ اور اُن کے ساتھ 150 آدمیوں کے نام فہرست میں لکھے تھے؛ 4 پختموآب کے بیٹوں میں سے زِراخیاہ کے بیٹے اِلیہوعینی اور اُن کے ساتھ 200 آدمی؛ 5 زتُو کے بیٹوں میں سے یحزیایل کے بیٹے سِکنیاہ اور اُن کے ساتھ 300 آدمی؛ 6 عدین کے بیٹوں میں سے یونتن کے بیٹے عبد اور اُن کے ساتھ 50 آدمی؛ 7 عِیلام کے بیٹوں میں سے عتلیاہ کے بیٹے یسعیاہ اور اُن کے ساتھ 70 آدمی؛ 8 سِفطیاہ کے بیٹوں میں سے میکائیل کے بیٹے زِبدیاہ اور اُن کے ساتھ 80 آدمی؛ 9 یوآب کے بیٹوں میں سے یحیایل کے بیٹے عبدیاہ اور اُن کے ساتھ 218 آدمی؛ 10 بانی کے بیٹوں میں سے یوسفیاہ کے بیٹے سِلومیت اور اُن کے ساتھ 160 آدمی؛ 11 ببی کے بیٹوں میں سے ببی کے بیٹے زکریاہ اور اُن کے ساتھ 28 آدمی؛ 12 عزجاد کے بیٹوں میں سے ہقاطان کے بیٹے یوحنان اور اُن کے ساتھ 110 آدمی؛ 13 ادونِقام کے بیٹوں میں سے جو آخر میں آئے، اُن کے نام یہ ہیں: اِلیفالط، یعیایل اور سِمعیاہ اور اُن کے ساتھ 60 آدمی 14 اور بِگوَی کے بیٹوں میں سے عُوتی اور زبود اور اُن کے ساتھ 70 آدمی۔
15 مَیں نے اُنہیں اُس دریا کے کنارے اِکٹھا کِیا جو اہاوا کی طرف بہتا ہے اور ہم نے تین دن تک وہاں پڑاؤ ڈالا۔ لیکن جب مَیں نے خیمہگاہ کا جائزہ لیا تو مجھے لوگوں اور کاہنوں میں ایک بھی لاوی نہیں ملا۔ 16 اِس لیے مَیں نے اِلیعزر، اَریایل، سِمعیاہ، اِلناتن، یریب، اِلناتن، ناتن، زکریاہ اور مِسُلّام کو بُلایا جو پیشوائی کر رہے تھے اور یویریب اور اِلناتن کو بھی جو اُستاد تھے۔ 17 مَیں نے اُنہیں اِدّو کے پاس جانے کا حکم دیا جو کسیفیا نامی علاقے میں پیشوا تھے۔ مَیں نے اُن سے کہا کہ وہ اِدّو اور اُن کے بھائیوں یعنی کسیفیا میں رہنے والے ہیکل کے خدمتگاروں* سے کہیں کہ وہ ہمارے خدا کے گھر میں خدمت کرنے کے لیے لوگ بھیجیں۔ 18 ہمارے خدا کا شفقتبھرا ہاتھ ہم پر تھا اِس لیے اُنہوں نے سرِبیاہ نامی ایک سمجھدار آدمی کو اُس کے بیٹوں اور بھائیوں کے ساتھ یعنی کُل 18 آدمیوں کو ہمارے پاس بھیجا۔ سرِبیاہ محلی کے بیٹے تھے جو اِسرائیل کے بیٹے لاوی کے پوتے تھے۔ 19 اِس کے علاوہ حسَبیاہ اور یسعیاہ جو مِراریوں میں سے تھے اور یسعیاہ کے بھائی اور اُن کے بیٹے یعنی کُل 20 آدمی اَور آئے۔ 20 ہیکل کے خدمتگاروں* میں سے 220 آدمی آئے جنہیں داؤد اور حاکموں نے لاویوں کی مدد کرنے کے لیے مقرر کِیا تھا۔ اِن سب کے نام فہرست میں لکھے تھے۔
21 پھر مَیں نے دریائےاہاوا پر روزہ رکھنے کا اِعلان کِیا تاکہ ہم خود کو اپنے خدا کے سامنے خاکسار بنائیں اور اُس سے دُعا کریں کہ وہ سفر میں ہماری رہنمائی کرے اور ہماری، ہمارے بچوں کی اور ہماری سب چیزوں کی حفاظت کرے۔ 22 مجھے بادشاہ سے یہ کہتے ہوئے شرم محسوس ہو رہی تھی کہ ہمیں فوجی اور گُھڑسوار دے تاکہ وہ راستے میں دُشمنوں سے ہماری حفاظت کریں کیونکہ ہم نے بادشاہ سے کہا تھا: ”ہمارے خدا کا شفقتبھرا ہاتھ اُن سب پر ہوتا ہے جو اُس کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن وہ سب جو اُسے چھوڑ دیتے ہیں، اُن پر اُس کا غصہ بھڑکتا ہے اور وہ اُن کے خلاف اپنی طاقت اِستعمال کرتا ہے۔“ 23 اِس لیے ہم نے روزہ رکھا اور اِس معاملے کے بارے میں اپنے خدا سے درخواست کی اور اُس نے ہماری اِلتجا سنی۔
24 پھر مَیں نے کاہنوں کے 12 سربراہوں کو الگ کِیا یعنی سرِبیاہ، حسَبیاہ اور اُن کے دس بھائیوں کو۔ 25 مَیں نے اُنہیں چاندی، سونا اور چیزیں یعنی وہ ہدیہ تول کر دیا جو بادشاہ، اُس کے مُشیروں، اُس کی سلطنت کے حاکموں اور وہاں موجود سب اِسرائیلیوں نے ہمارے خدا کے گھر کے لیے دیا تھا۔ 26 مَیں نے یہ چیزیں تول کر اُن کے حوالے کیں: 650 قِنطار* چاندی، چاندی کی 100 چیزیں جن کا وزن 2 قِنطار تھا، 100 قِنطار سونا، 27 سونے کی 20 کٹوریاں جن کی قیمت 1000 درِیک* کے برابر تھی اور لال رنگ کے خالص چمکتے تانبے کے 2 برتن جو سونے جتنے قیمتی تھے۔
28 تب مَیں نے اُن سے کہا: ”آپ یہوواہ کے لیے مخصوص ہیں۔ یہ برتن پاک ہیں اور یہ چاندی اور سونا آپ کے باپدادا کے خدا یہوواہ کے لیے خوشی سے پیش کِیا گیا ہے۔ 29 اِنہیں حفاظت سے یروشلم لے کر جائیں اور وہاں جا کر اِنہیں یہوواہ کے گھر کے کمروں* میں کاہنوں کے سربراہوں، لاویوں اور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے حاکموں کے سامنے تولیں۔“ 30 کاہنوں اور لاویوں نے وہ چاندی، سونا اور چیزیں لیں جو اُنہیں تول کر دی گئی تھیں تاکہ اِنہیں یروشلم میں ہمارے خدا کے گھر میں لائیں۔
31 آخرکار ہم پہلے مہینے کے 12ویں دن دریائےاہاوا سے روانہ ہوئے تاکہ یروشلم جائیں۔ ہمارے خدا کا ہاتھ ہم پر تھا اور اُس نے ہمیں ہمارے دُشمنوں اور راستے میں گھات لگانے والوں سے بچایا۔ 32 اِس طرح ہم یروشلم پہنچے اور تین دن وہاں رہے۔ 33 چوتھے دن ہم نے اپنے خدا کے گھر میں چاندی، سونا اور دوسری چیزیں تولیں اور اِنہیں اُوریاہ کے بیٹے کاہن مِریموت کے حوالے کِیا۔ اُن کے ساتھ فینحاس کے بیٹے اِلیعزر اور لاوی تھے یعنی یشوع کے بیٹے یوزباد اور بِنوی کے بیٹے نوعیدیاہ۔ 34 اِن سب چیزوں کو گنا اور تولا گیا اور سارا وزن لکھا گیا۔ 35 جو لوگ بابل کی قید سے واپس آئے تھے، اُنہوں نے اِسرائیل کے خدا کے حضور بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کیں یعنی پورے اِسرائیل کی خاطر 12 بیل اور اِس کے علاوہ 96 مینڈھے، 77 میمنے اور گُناہ کی قربانی کے طور پر 12 بکرے۔ یہ سب جانور یہوواہ کے حضور بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر پیش کیے گئے۔
36 پھر ہم نے بڑے دریا کے پار* کے علاقے کے ناظموں اور بادشاہ کے وزیروں کو بادشاہ کا فرمان دیا۔ اُنہوں نے لوگوں کی مدد کی اور سچے خدا کے گھر کے لیے وہ چیزیں دیں جن کی ضرورت تھی۔