زبور
71 اَے یہوواہ! مَیں نے تیرے پاس پناہ لی ہے۔
مجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دے۔
2 اپنی نیکی کی وجہ سے مجھے بچا اور مجھے چھڑا۔
میری اِلتجا پر توجہ فرما* اور مجھے بچا۔
3 میرے لیے ایسا قلعہ بن جو چٹان پر بنا ہو
جہاں مَیں کسی بھی وقت جا سکوں۔
مجھے بچانے کا حکم دے
کیونکہ تُو میری چٹان اور میرا قلعہ ہے۔
4 اَے میرے خدا! مجھے بُرے شخص کے ہاتھ سے بچا؛
مجھے بےاِنصاف اور ظالم شخص کی گِرفت سے چھڑا
5 کیونکہ اَے حاکمِاعلیٰ یہوواہ! مَیں نے تجھ سے اُمید لگائی ہے؛
مَیں نے کمعمری سے ہی تجھ پر بھروسا کِیا ہے۔
6 تُو میری پیدائش سے ہی مجھے سنبھالتا آیا ہے؛
تُو ہی مجھے میری ماں کے پیٹ سے باہر لایا۔
مَیں ہمیشہ تیری بڑائی کرتا ہوں۔
7 بہت سے لوگ مجھے دیکھ کر حیرت میں پڑ جاتے ہیں
لیکن تُو میری مضبوط پناہگاہ ہے۔
8 میری زبان پر تیری تعریف رہتی ہے؛
مَیں دن بھر تیری عظمت کو بیان کرتا ہوں۔
9 میرے بڑھاپے میں مجھے نہ چھوڑنا
اور جب میری طاقت جواب دے جائے تو مجھے ترک نہ کرنا۔
10 میرے دُشمن میرے خلاف بولتے ہیں
اور جو میری جان کے پیاسے ہیں، وہ مل کر میرے خلاف سازشیں گھڑتے ہیں۔
11 وہ کہتے ہیں: ”خدا نے اِسے چھوڑ دیا ہے۔
اِس کا پیچھا کرو اور اِسے پکڑ لو کیونکہ اِسے بچانے والا کوئی نہیں ہے۔“
12 اَے خدا! مجھ سے دُور نہ رہ۔
اَے میرے خدا! جلدی میری مدد کر۔
13 جو میری* مخالفت کرتے ہیں،
وہ شرمندہ اور ہلاک ہو جائیں۔
جو مجھے برباد کرنا چاہتے ہیں،
اُنہیں رُسوائی اور ذِلت کی چادر اُڑھائی جائے۔
14 مگر مَیں تیرا اِنتظار کرتا رہوں گا؛
مَیں تیری اَور بھی زیادہ بڑائی کروں گا۔
15 میری زبان تیری نیکی کو بیان کرے گی
اور دن بھر تیرے نجاتبخش کاموں کا چرچا کرے گی
حالانکہ وہ اِتنے زیادہ ہیں کہ مَیں اُنہیں گن بھی نہیں سکتا۔*
16 اَے حاکمِاعلیٰ یہوواہ!
مَیں جا کر تیرے زبردست کاموں کے بارے میں بتاؤں گا؛
مَیں صرف اور صرف تیری نیکی کو بیان کروں گا۔
17 اَے خدا! تُو میری کمعمری سے مجھے تعلیم دیتا آیا ہے
اور مَیں آج تک تیرے حیرانکُن کاموں کا اِعلان کر رہا ہوں۔
18 اَے خدا! اُس وقت بھی مجھے ترک نہ کرنا جب مَیں بوڑھا ہو جاؤں اور میرے بال سفید ہو جائیں۔
مجھے موقع دینا کہ مَیں آنے والی پُشت کو تیری طاقت* کے بارے میں
اور آنے والی تمام نسلوں کو تیری قوت کے بارے میں بتا سکوں۔
19 اَے خدا! تیری نیکی بلندیوں کو چُھوتی ہے؛
تُو نے عظیم کام کیے ہیں؛
اَے خدا! تجھ جیسا کون ہے؟
20 بےشک تُو نے مجھے بہت سی مصیبتیں اور تکلیفیں سہنے دی ہیں
لیکن اب مجھ میں نئی جان ڈال دے؛
مجھے زمین کی گہرائیوں* سے نکال لے۔
21 میری عزت بڑھا؛
مجھے گھیرے رکھ اور مجھے تسلی دے۔
22 تب اَے میرے خدا! مَیں تیری وفاداری کی وجہ سے تاردار ساز بجا کر تیری بڑائی کروں گا۔
اَے اِسرائیل کے پاک خدا! مَیں بربط* بجا کر تیری تعریف میں گیت گاؤں گا۔*
23 میرے لب تیری حمد کرتے ہوئے خوشی سے للکاریں گے
کیونکہ تُو نے میری جان بچائی* ہے۔
24 میری زبان دن بھر تیری نیکی کو بیان* کرے گی
کیونکہ جو مجھے تباہ کرنا چاہتے ہیں، وہ شرمندہ اور رُسوا ہوں گے۔