اَمثال
2 میرے بیٹے! اگر آپ میری باتوں کو مانو
اور میرے حکموں کو خزانے کی طرح اپنے پاس رکھو؛
2 اگر آپ دانشمندی کی طرف کان لگاؤ
اور سُوجھبُوجھ سے دل لگاؤ؛
3 اگر آپ سمجھ کو پکارو
اور سُوجھبُوجھ کے لیے آواز بلند کرو؛
4 اگر آپ اِنہیں چاندی کی طرح ڈھونڈتے رہو
اور چھپے ہوئے خزانے کی طرح اِنہیں تلاش کرتے رہو
5 تو پھر آپ یہوواہ کے خوف کو سمجھو گے
اور آپ کو خدا کا علم حاصل ہوگا
6 کیونکہ یہوواہ دانشمندی عطا کرتا ہے؛
اُس کے مُنہ سے علم اور سُوجھبُوجھ کی باتیں نکلتی ہیں۔
7 اُس کے پاس سیدھی راہ پر چلنے والوں کے لیے حقیقی دانشمندی کا خزانہ ہے؛
وہ وفاداری کی راہ پر چلنے والوں کی ڈھال ہے۔
8 وہ اِنصاف کے راستوں کی نگرانی کرتا ہے؛
وہ اپنے وفادار بندوں کی راہ کی حفاظت کرے گا۔
9 پھر آپ نیکی، اِنصاف اور ایمانداری* کو سمجھو گے،
ہاں، ہر اچھی راہ کو سمجھ پاؤ گے۔
10 جب دانشمندی آپ کے دل میں داخل ہوگی
اور علم آپ کی جان* کو بھائے گا
11 تو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت آپ کی نگرانی کرے گی
اور سُوجھبُوجھ آپ کی حفاظت کرے گی
12 تاکہ آپ بُری راہ سے محفوظ رہو
اور ایسے لوگوں سے بھی جو غلط باتیں کرتے ہیں،
13 ہاں، ایسے لوگوں سے جو سیدھی راہ کو چھوڑ کر
تاریک راہ پر چلنے لگتے ہیں،
14 ہاں، ایسے لوگوں سے جو غلط کام کر کے خوش ہوتے ہیں
اور بُرائی کر کے پھولے نہیں سماتے،
15 ہاں، ایسے لوگوں سے جن کی راہیں ٹیڑھی ہیں
اور جن کے سب راستے دھوکے سے بھرے ہیں۔
16 دانشمندی آپ کو بدکردار* عورت سے بچائے گی،
ہاں، بدچلن* عورت کی چکنی چپڑی* باتوں سے
17 جو اپنے جوانی کے ساتھی* کو چھوڑ دیتی ہے
اور اپنے خدا کے عہد کو بھول جاتی ہے؛
18 اُس کا گھر موت کے مُنہ میں لے جاتا ہے
اور اُس کے گھر کے راستے قبر کی گہرائی کی طرف۔
19 اُس سے تعلق قائم کرنے والا کبھی لوٹ کر نہیں آئے گا
اور نہ ہی وہ کبھی زندگی کی راہ پر دوبارہ چل پائے گا۔
20 اِس لیے اچھے لوگوں کی راہ پر چلو
اور نیک لوگوں کی راہ سے نہ ہٹو
21 کیونکہ صرف سیدھی راہ پر چلنے والے زمین پر بسیں گے
اور وفاداری کی راہ پر چلتے رہنے والے* اِس میں رہیں گے۔
22 مگر بُرے لوگوں کو زمین سے کاٹ دیا جائے گا
اور دھوکےباز لوگوں کو اِس سے اُکھاڑ پھینکا جائے گا۔