یسعیاہ
56 یہوواہ یہ فرماتا ہے:
”اِنصاف کی راہ پر چلو اور نیک کام کرو
کیونکہ مَیں جلد ہی نجات دِلاؤں گا
اور میری نیکی ظاہر ہوگی۔
2 وہ شخص خوش رہتا ہے جو ایسا کرتا ہے
اور اِنسان کا وہ بیٹا بھی جو اِن باتوں کو پلے سے باندھے رکھتا ہے؛
جو سبت کو مناتا ہے اور اِس کی بےحُرمتی نہیں کرتا
اور اپنے ہاتھوں کو ہر قسم کی بُرائی سے باز رکھتا ہے۔
3 جو پردیسی یہوواہ سے جُڑ جاتا ہے، وہ یہ نہ کہے:
”یہوواہ ضرور مجھے اپنے بندوں سے الگ کر دے گا۔“
اور خواجہسرا یہ نہ کہے: ”دیکھو، مَیں تو ایک سُوکھا ہوا درخت ہوں۔““
4 جو خواجہسرا میرے سبتوں کو مناتے ہیں اور ایسے کام کرتے ہیں جن سے مجھے خوشی ملتی ہے اور میرے عہد پر قائم رہتے ہیں، اُن سے یہوواہ کہتا ہے:
5 ”مَیں اُنہیں اپنے گھر اور اپنی چاردیواری میں ایک یادگار اور ایک نام بخشوں گا
جو بیٹے بیٹیاں ہونے سے کہیں بہتر ہوگا۔
مَیں اُنہیں ایک ابدی نام بخشوں گا،
ایک ایسا نام جو کبھی نہیں مٹے گا۔
6 اور جو پردیسی یہوواہ سے جُڑ جاتے ہیں تاکہ اُس کی خدمت کریں
اور یہوواہ کے نام سے پیار کریں
اور اُس کے خادم بنیں،
ہاں، وہ سب جو سبت مناتے ہیں اور اِس کی بےحُرمتی نہیں کرتے
اور میرے عہد پر قائم رہتے ہیں،
7 مَیں اُنہیں بھی اپنے مُقدس پہاڑ پر لاؤں گا
اور اُنہیں اپنے دُعاگھر میں خوشی بخشوں گا۔
میری قربانگاہ پر اُن کی بھسم ہونے والی سالم قربانیاں اور دوسری قربانیاں قبول کی جائیں گی
کیونکہ میرا گھر سب قوموں کے لیے دُعاگھر کہلائے گا۔“
8 حاکمِاعلیٰ یہوواہ جو اِسرائیل کے بکھرے ہوئے لوگوں کو جمع کر رہا ہے، فرماتا ہے:
”جن لوگوں کو جمع کِیا جا چُکا ہے، مَیں اُن کے ساتھ اَور لوگوں کو بھی جمع کروں گا۔“
9 میدان کے سب جنگلی جانورو، ہاں، جنگل کے سب جانورو!
کھانے کے لیے آؤ۔
10 اُس کے پہرےدار اندھے ہیں؛ اُن میں سے کسی نے دھیان نہیں دیا۔
وہ سب گونگے کُتے ہیں جو بھونک نہیں سکتے۔
وہ ہانپتے ہیں اور پڑے رہتے ہیں؛ اُنہیں نیند سے پیار ہے۔
11 وہ ایسے کُتے ہیں جن کی بھوک* بہت شدید ہے؛
جن کا پیٹ کبھی نہیں بھرتا۔
وہ ایسے چرواہے ہیں جن میں کوئی سمجھ نہیں ہے۔
وہ سب اپنی مرضی کی راہ پر چل پڑے ہیں؛
اُن میں سے ہر ایک بےایمانی کی کمائی کے پیچھے بھاگتا ہے اور کہتا ہے:
12 ”آؤ، مَیں مے لاتا ہوں
اور ہم جی بھر کر شراب پیتے ہیں۔
کل کا دن آج کی طرح بلکہ آج سے بھی بہتر ہوگا!“