زبور
نئے گھر کے اِفتتاح کا گیت۔ داؤد کا نغمہ۔
30 اَے یہوواہ! مَیں تیری تعظیم کروں گا کیونکہ تُو نے مجھے بچایا* ہے؛
تُو نے میرے دُشمنوں کو میرے حال پر خوشی نہیں منانے دی۔
2 اَے یہوواہ میرے خدا! مَیں نے تجھ سے مدد کی فریاد کی اور تُو نے مجھے شفا دی۔
3 اَے یہوواہ! تُو نے مجھے* قبر* سے باہر نکالا ہے۔
تُو نے مجھے زندہ رکھا ہے اور گڑھے* میں دھنسنے سے بچایا ہے۔
4 یہوواہ کے وفادار بندو! اُس کی تعریف میں گیت گاؤ؛*
اُس کے پاک نام* کی تعظیم کرو
5 کیونکہ اُس کا غصہ پَل بھر کا ہوتا ہے
لیکن اُس کی مہربانی* عمر بھر کے لیے ہوتی ہے؛
چاہے شام کو رونا دھونا ہو لیکن صبح کو خوشی کی للکار ہوتی ہے۔
6 جب مجھے کوئی پریشانی نہیں تھی تو مَیں نے کہا:
”مجھے کبھی ہلایا نہیں جائے گا۔“*
7 اَے یہوواہ! جب مجھے تیری خوشنودی* حاصل تھی تو تُو نے مجھے پہاڑ کی طرح مضبوط بنایا
لیکن جب تُو نے اپنا چہرہ چھپا لیا تو مَیں خوفزدہ ہو گیا۔
8 اَے یہوواہ! مَیں تجھے پکارتا رہا؛
مَیں یہوواہ سے مہربانی کی اِلتجا کرتا رہا۔
9 میرے مرنے* سے، میرے قبر* میں جانے سے بھلا کیا فائدہ ہوگا؟
کیا مٹی تیری بڑائی کرے گی؟ کیا وہ تیری وفاداری کے بارے میں بتائے گی؟
10 اَے یہوواہ! میری سُن اور مجھ پر مہربانی کر؛
اَے یہوواہ! میرا مددگار بن۔
11 تُو نے میرے ماتم کو جشن میں بدل دیا ہے؛
تُو نے میرا ٹاٹ اُتار کر مجھے خوشی کا لباس پہنایا ہے
12 تاکہ مَیں* تیری تعریف میں گیت گاؤں اور چپ نہ رہوں۔
اَے یہوواہ میرے خدا! مَیں ہمیشہ تیری بڑائی کروں گا۔