یسعیاہ
45 مَیں یہوواہ جس نے اپنے مسحشُدہ* بندے خورس کا دایاں ہاتھ تھاما ہے
تاکہ قوموں کو اُس کے تابع کروں،
بادشاہوں کے ہتھیار چھین لوں*
اور دو پلّوں والے دروازوں کو اُس کے سامنے کھول دوں
تاکہ شہر کے دروازے بند نہ کیے جائیں، خورس سے کہتا ہوں:
2 ”مَیں تمہارے آگے جاؤں گا
اور پہاڑیوں کو ہموار کر دوں گا۔
مَیں تانبے کے دروازوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دوں گا
اور لوہے کے کُنڈوں کو کاٹ دوں گا۔
3 مَیں تمہیں تاریکی میں خزانے دوں گا
اور پوشیدہ جگہوں میں چھپے ہوئے خزانے
تاکہ تُم جان جاؤ کہ مَیں اِسرائیل کا خدا یہوواہ ہوں
جو تمہیں تمہارا نام لے کر بُلا رہا ہوں۔
4 اپنے بندے یعقوب اور اپنے چُنے ہوئے بندے اِسرائیل کی خاطر
مَیں تمہیں تمہارا نام لے کر بُلا رہا ہوں۔
حالانکہ تُم مجھے نہیں جانتے تھے لیکن مَیں تمہیں ایک باعزت نام بخش رہا ہوں۔
5 مَیں یہوواہ ہوں اور میرے سوا کوئی اَور نہیں ہے۔
میرے علاوہ کوئی اَور خدا نہیں ہے۔
حالانکہ تُم مجھے نہیں جانتے تھے لیکن مَیں تمہیں طاقت بخشوں گا*
6 تاکہ مشرق سے مغرب تک* لوگ جان جائیں
کہ میرے علاوہ کوئی اَور نہیں ہے۔
مَیں یہوواہ ہوں اور میرے سوا کوئی اَور نہیں ہے۔
7 مَیں روشنی کو بناتا اور تاریکی کو خلق کرتا ہوں؛
مَیں امنوسکون بخشتا اور مصیبت لاتا ہوں؛
مَیں یہوواہ یہ سب کچھ کرتا ہوں۔
8 اَے آسمان! اُوپر سے برس؛
بادل نیکی کی برسات کریں۔
زمین کُھل جائے اور نجات کا پھل پیدا کرے
اور ساتھ ہی ساتھ نیکی کی پیداوار ہو۔
مَیں نے یعنی یہوواہ نے یہ سب کِیا* ہے۔“
9 اُس پر افسوس جو اپنے خالق کے ساتھ بحث* کرتا ہے
کیونکہ وہ بس مٹی کے برتن کا ایک ٹکڑا ہے
جو مٹی کے برتن کے باقی ٹکڑوں کے ساتھ زمین پر پڑا ہے!
کیا مٹی کو کُمہار* سے کہنا چاہیے: ”تُو یہ کیا بنا رہا ہے؟“
یا کیا تمہاری بنائی ہوئی چیز کو کہنا چاہیے: ”تیرے تو ہاتھ ہی نہیں ہیں“؟*
10 اُس پر افسوس جو ایک باپ سے کہتا ہے: ”تُم کسے پیدا کر رہے ہو؟“
اور جو ایک ماں سے کہتا ہے: ”تُم کسے جنم دے رہی ہو؟“*
11 اِسرائیل کا پاک خدا یہوواہ جس نے اُسے بنایا ہے، فرماتا ہے:
”کیا تُم مجھ سے آنے والی چیزوں کے بارے میں سوال کرو گے؟
کیا تُم مجھے میرے بیٹوں اور میرے ہاتھوں کے کاموں کے حوالے سے حکم دو گے؟
12 مَیں نے زمین کو بنایا اور اِس پر اِنسان کو خلق کِیا۔
مَیں نے اپنے ہاتھوں سے آسمان کو پھیلایا
اور مَیں اُس کی ساری چیزوں* کو حکم دیتا ہوں۔“
13 فوجوں کا خدا یہوواہ فرماتا ہے:
”مَیں نے نیکی کی خاطر ایک آدمی کو کھڑا کِیا ہے
اور مَیں اُس کے سب راستوں کو سیدھا کروں گا۔
وہی میرے شہر کو بنائے گا
اور میرے قیدیوں کو بغیر کسی قیمت یا رشوت کے آزاد کرے گا۔“
14 یہوواہ فرماتا ہے:
”مصر کا منافع،* اِیتھیوپیا کا مال* اور سبا کے لمبےتڑنگے لوگ
تیرے پاس آئیں گے اور تیرے خادم بن جائیں گے۔
وہ بیڑیوں میں تیرے پیچھے پیچھے چلیں گے۔
وہ تیرے پاس آئیں گے اور تیرے سامنے جھکیں گے۔
وہ بڑے احترام سے تجھ سے کہیں گے: ”بےشک خدا آپ کے ساتھ ہے؛
اُس کے علاوہ کوئی خدا نہیں ہے، ہاں، کوئی بھی نہیں ہے۔““
15 اَے اِسرائیل کے خدا! اَے نجات دِلانے والے!
تُو سچ میں وہ خدا ہے جو خود کو چھپاتا ہے۔
16 بُت بنانے والے سب لوگ شرمندہ اور رُسوا ہوں گے؛
وہ سب بےعزت ہو کر چلے جائیں گے۔
17 لیکن یہوواہ اِسرائیل کو ہمیشہ کے لیے نجات دِلائے گا۔
تُم ہمیشہ تک شرمندہ اور رُسوا نہیں ہو گے۔
18 سچا خدا یہوواہ جو آسمان کا خالق ہے؛
جس نے زمین کو بنایا ہے اور اِسے مضبوطی سے قائم کِیا ہے؛
جس نے اِسے بِلامقصد* خلق نہیں کِیا بلکہ آباد ہونے کے لیے بنایا ہے، یہ فرماتا ہے:
”مَیں یہوواہ ہوں اور میرے سوا اَور کوئی نہیں ہے۔
19 مَیں نے پوشیدہ جگہ، ہاں، تاریکی کے ملک میں بات نہیں کی؛
مَیں نے یعقوب کی نسل سے یہ نہیں کہا:
”میری رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کر لیکن تیری کوششیں بےکار جائیں گی۔“
مَیں یہوواہ ہوں جو صحیح* اور سچی باتیں کہتا ہوں۔
20 قوموں سے بچے ہوئے لوگو! اِکٹھے ہو کر آؤ،
ہاں، ایک ساتھ آؤ۔
وہ لوگ کچھ نہیں جانتے جو تراشی ہوئی مورتوں کو اُٹھائے پھرتے ہیں؛
وہ ایسے خدا سے دُعا کرتے ہیں جو اُنہیں بچا نہیں سکتا۔
21 اپنا بیان دو؛ اپنا مُقدمہ پیش کرو۔
آپس میں صلاح مشورہ کرو۔
کس نے مُدتوں پہلے اِس کے بارے میں بتا دیا تھا؟
کس نے قدیم زمانے سے اِس کا اِعلان کر دیا تھا؟
کیا مَیں نے یعنی یہوواہ نے نہیں؟
میرے علاوہ اَور کوئی خدا نہیں ہے؛
مَیں نیک خدا اور نجاتدہندہ ہوں؛ میرے سوا اَور کوئی نہیں ہے۔
22 زمین کے کونے کونے میں رہنے والے سب لوگو!
میری طرف رُجوع کرو اور نجات پاؤ
کیونکہ مَیں خدا ہوں اور میرے سوا اَور کوئی نہیں ہے۔
23 مَیں نے اپنی قسم کھائی ہے؛
میرے مُنہ سے نکلی یہ بات سچی* ہے
اور مَیں اِسے واپس نہیں لوں گا:
ہر گُھٹنا میرے سامنے جھکے گا
اور ہر زبان وفاداری کی قسم کھائے گی
24 اور کہے گی: ”بےشک یہوواہ صحیح معنوں میں نیک اور طاقتور ہے۔
وہ سب جو اُس کے خلاف بھڑکتے ہیں، شرمندہ ہو کر اُس کے حضور آئیں گے۔
25 اِسرائیل کی ساری نسل یہوواہ کی وجہ سے صحیح ثابت ہوگی
اور اُس پر فخر کرے گی۔““