تواریخ کی دوسری کتاب
15 پھر خدا کی روح عودِد کے بیٹے عزریاہ پر نازل ہوئی۔ 2 اِس لیے وہ آسا سے ملنے گئے اور اُن سے کہا: ”آسا اور یہوداہ اور بِنیامین کے سب لوگو! میری بات سنیں! جب تک آپ یہوواہ کے ساتھ رہیں گے، وہ آپ کے ساتھ رہے گا۔ اگر آپ اُسے ڈھونڈیں گے تو وہ آپ کو مل جائے گا لیکن اگر آپ اُسے چھوڑ دیں گے تو وہ آپ کو چھوڑ دے گا۔ 3 اِسرائیلی ایک لمبے عرصے* تک سچے خدا، تعلیم دینے والے کاہنوں اور شریعت کے بغیر زندگی گزارتے رہے۔ 4 لیکن جب وہ مصیبت کے عالم میں اِسرائیل کے خدا یہوواہ کی طرف لوٹے اور اُس کی تلاش کی تو وہ اُنہیں مل گیا۔ 5 اُس زمانے میں سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں تھا* کیونکہ ملک کے فرق فرق علاقوں میں بڑی بدامنی پھیلی تھی۔ 6 ایک قوم دوسری قوم کو اور ایک شہر دوسرے شہر کو کچل رہا تھا کیونکہ خدا اُن پر طرح طرح کی پریشانیاں لا کر اُنہیں بدنظمی کا شکار کرتا رہا۔ 7 لیکن آپ مضبوط ہوں اور ہمت نہ ہاریں* کیونکہ آپ کو اپنے کام کا اجر ملے گا۔“
8 جیسے ہی آسا نے یہ الفاظ اور عودِد نبی کی پیشگوئی سنی، اُنہوں نے ہمت باندھی اور یہوداہ اور بِنیامین کے سارے علاقے اور اِفرائیم کے پہاڑی علاقے کے اُن شہروں سے جن پر اُنہوں نے قبضہ کِیا تھا، گھناؤنے بُتوں کو نکال دیا۔ اُنہوں نے یہوواہ کی اُس قربانگاہ کی مرمت کی جو یہوواہ کے گھر کی ڈیوڑھی کے سامنے تھی۔ 9 اُنہوں نے یہوداہ اور بِنیامین کے سب لوگوں اور اِفرائیم، منسّی اور شمعون سے آنے والے پردیسیوں کو جمع کِیا کیونکہ جب اُن لوگوں نے دیکھا تھا کہ آسا کا خدا یہوواہ اُن کے ساتھ ہے تو وہ بڑی تعداد میں اِسرائیل کو چھوڑ کر آسا کے پاس آ گئے تھے۔ 10 وہ آسا کی حکمرانی کے 15ویں سال کے تیسرے مہینے میں یروشلم میں جمع ہوئے۔ 11 اُس دن اُنہوں نے لُوٹ کے اُس مال میں سے جو وہ لائے تھے، 700 گائےبیل اور 7000 بھیڑیں یہوواہ کے حضور قربان کیں۔ 12 اِس کے علاوہ اُنہوں نے یہ عہد باندھا کہ وہ اپنے پورے دل اور اپنی پوری جان* سے اپنے باپدادا کے خدا یہوواہ کی تلاش کریں گے 13 اور جو کوئی اِسرائیل کے خدا یہوواہ کی تلاش نہیں کرے گا، اُسے مار ڈالا جائے گا پھر چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا، مرد ہو یا عورت۔ 14 اُنہوں نے خوشی سے للکارتے ہوئے اور نرسنگے اور سینگ بجاتے ہوئے اُونچی آواز میں یہوواہ سے قسم کھائی۔ 15 سارا یہوداہ اِس قسم پر خوش تھا کیونکہ اُنہوں نے پورے دل سے یہ قسم کھائی تھی۔ اُنہوں نے لگن سے خدا کی تلاش کی اور وہ اُنہیں مل گیا۔ اور یہوواہ اُنہیں ہر طرف سے سکون بخشتا رہا۔
16 بادشاہ آسا نے اپنی دادی معکہ تک کو اُس کے اعلیٰ عہدے سے* ہٹا دیا کیونکہ اُس نے مُقدس بَلّی* کی پرستش کے لیے ایک فحش بُت بنایا تھا۔ آسا نے اُس فحش بُت کو کاٹ کر چُور چُور کر دیا اور اُسے وادیِقِدرون میں جلا دیا۔ 17 لیکن اِسرائیل میں سے اُونچی جگہیں نہیں ڈھائی گئیں۔ پھر بھی آسا کا دل عمر بھر پوری طرح خدا کی طرف لگا رہا۔ 18 وہ اُس چاندی، سونے اور فرق فرق چیزوں کو جو اُنہوں نے اور اُن کے باپ نے پاک کی تھیں، سچے خدا کے گھر میں لائے۔ 19 آسا کی حکمرانی کے 35ویں سال تک کوئی جنگ نہیں ہوئی۔