2-کُرنتھیوں
13 مَیں تیسری بار آپ کے پاس آ رہا ہوں۔ لکھا ہے کہ ”ہر معاملہ دو یا تین گواہوں کی گواہی سے ثابت ہو۔“ 2 یہ سچ ہے کہ مَیں ابھی آپ کے پاس نہیں ہوں لیکن اصل میں تو ایسے ہی ہے جیسے مَیں دوسری بار آپ کے پاس آیا ہوں۔ اور مَیں اُن لوگوں کو جنہوں نے گُناہ کِیا ہے اور باقیوں کو بھی خبردار کر رہا ہوں کہ جب مَیں پھر سے آؤں گا تو گُناہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ 3 یوں آپ جان جائیں گے کہ مسیح واقعی میرے ذریعے بات کر رہا ہے۔ وہ آپ کے ساتھ کمزوری سے پیش نہیں آتا بلکہ آپ پر اپنی طاقت ظاہر کرتا ہے۔ 4 بےشک وہ اِنسان ہونے کے ناتے کمزور تھا اور اِس لیے سُولی* پر چڑھایا گیا لیکن خدا کی طاقت سے زندہ ہو گیا۔ بےشک ہم بھی ابھی کمزور ہیں جیسے وہ تھا لیکن ہم اُس کے ساتھ رہیں گے اور یہ خدا کی طاقت سے ہوگا جو آپ پر اثر کرتی ہے۔
5 اپنا جائزہ لیتے رہیں کہ آپ سیدھی راہ پر چل رہے ہیں یا نہیں؛ بار بار اپنے آپ کو پرکھیں۔ کیا آپ کو پتہ نہیں کہ یسوع مسیح آپ کے ساتھ متحد ہیں بشرطیکہ آپ نے خدا کی خوشنودی نہ کھو دی ہو؟ 6 اُمید ہے کہ آپ مان لیں گے کہ ہمیں خدا کی خوشنودی حاصل ہے۔
7 لیکن چاہے ہمیں دوسروں کی خوشنودی حاصل ہو یا نہیں، ہماری دُعا ہے کہ آپ کوئی غلط کام نہ کریں۔ ہم یہ دُعا دوسروں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے نہیں کرتے بلکہ اِس لیے کرتے ہیں تاکہ آپ اچھے کام کریں۔ 8 ہم سچائی کے خلاف کوئی کام نہیں کر سکتے بلکہ ہم سچائی کو فروغ دیتے ہیں۔ 9 یقین مانیں کہ جب آپ طاقتور ہوتے ہیں تو ہمیں بڑی خوشی ہوتی ہے، چاہے تب ہم خود کمزور ہوں۔ اِس لیے ہماری دُعا ہے کہ آپ اپنی اِصلاح کریں۔ 10 اور اِسی وجہ سے مَیں یہ باتیں اب لکھ رہا ہوں جبکہ مَیں آپ کے پاس نہیں ہوں کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ جب مَیں آپ کے پاس آؤں تو مجھے سختی سے پیش نہ آنا پڑے۔ دراصل مالک نے مجھے اِس لیے اِختیار دیا ہے کہ آپ کا حوصلہ بڑھاؤں نہ کہ اِسے پست کروں۔
11 آخر میں بھائیو، میری خواہش ہے کہ آپ آئندہ بھی خوش رہیں، اپنی اِصلاح کریں، تسلی پائیں اور ہمخیال اور صلحپسند ہوں۔ پھر خدا جو محبت اور اِطمینان کا بانی ہے، آپ کے ساتھ رہے گا۔ 12 گلے مل کر* ایک دوسرے کا خیرمقدم کریں۔ 13 تمام مُقدس لوگ آپ کو سلام بھیج رہے ہیں۔
14 دُعا ہے کہ ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت، خدا کی محبت اور پاک روح جو ہم سب پر اثر کرتی ہے، آپ کے ساتھ رہے۔