زبور
موسیقار کے لیے۔ قورح کے بیٹوں کا نغمہ۔
47 اَے سب لوگو! تالیاں بجاؤ۔
جیت کے نعرے لگاؤ اور خدا کے حضور خوشی سے للکارو
2 کیونکہ خدا تعالیٰ یہوواہ کا گہرا احترام کِیا* جانا چاہیے؛
وہ ساری زمین کا عظیم بادشاہ ہے۔
3 وہ قوموں کو ہمارے ماتحت کر دیتا ہے؛
وہ قوموں کو ہمارے پاؤں تلے کر دیتا ہے۔
4 وہ ہمارے لیے وراثت چُنتا ہے
جس پر اُس کے پیارے بندے یعقوب کو فخر ہے۔ (سِلاہ)
5 خدا خوشی کی للکار کے ساتھ اُوپر گیا،
ہاں، یہوواہ نرسنگے* کی آواز کے ساتھ اُوپر گیا۔
6 خدا کی تعریف میں گیت گاؤ؛* اُس کی تعریف میں گیت گاؤ۔
ہمارے بادشاہ کی تعریف میں گیت گاؤ؛ اُس کی تعریف میں گیت گاؤ
7 کیونکہ خدا پوری زمین کا بادشاہ ہے؛
اُس کی تعریف میں گیت گاؤ اور گہری سمجھ کا مظاہرہ کرو۔
8 خدا قوموں کا بادشاہ بن گیا ہے۔
خدا اپنے مُقدس تخت پر بیٹھا ہے۔
9 قوموں کے رہنما، اَبراہام کے خدا کے بندوں کے ساتھ جمع ہو گئے ہیں
کیونکہ زمین کے حکمران* خدا کے ہیں۔
اُس کا مرتبہ نہایت بلند ہے۔