سلاطین کی پہلی کتاب
5 جب صُور کے بادشاہ حِیرام نے سنا کہ سلیمان کو اُن کے والد داؤد کی جگہ بادشاہ کے طور پر مسح* کِیا گیا ہے تو اُنہوں نے اپنے خادموں کو سلیمان کے پاس بھیجا کیونکہ حِیرام ہمیشہ سے داؤد کے دوست رہے تھے۔* 2 اِس پر سلیمان نے حِیرام کے پاس یہ پیغام بھیجا: 3 ”آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ میرے والد داؤد اپنے خدا یہوواہ کے نام کی بڑائی کے لیے گھر نہیں بنا سکے کیونکہ اُن کے خلاف ہر طرف سے جنگیں ہوتی رہیں جب تک کہ یہوواہ نے اُن کے دُشمنوں کو اُن کے پاؤں کے تلوے کے نیچے نہیں کر دیا۔ 4 لیکن اب میرے خدا یہوواہ نے مجھے ہر طرف سے امنوسکون بخشا ہے۔ نہ تو کوئی میرے خلاف ہے اور نہ ہی کچھ بُرا ہو رہا ہے۔ 5 اِس لیے مَیں نے اِرادہ کِیا ہے کہ مَیں اپنے خدا یہوواہ کے نام کی بڑائی کے لیے ایک گھر بناؤں گا جیسے یہوواہ نے میرے والد داؤد سے وعدہ کِیا تھا کہ ”مَیں تمہارے بعد تمہارے جس بیٹے کو تمہارے تخت پر بٹھاؤں گا، وہی میرے نام کی بڑائی کے لیے گھر بنائے گا۔“ 6 اب اپنے لوگوں کو حکم دیں کہ وہ میرے لیے لبنان کے دیودار کاٹیں۔ میرے خادم آپ کے خادموں کے ساتھ کام کریں گے اور مَیں آپ کے خادموں کو اُتنی ہی مزدوری دوں گا جتنی آپ طے کریں گے کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ ہم میں سے کسی کو بھی صیدانیوں کی طرح درخت کاٹنے نہیں آتے۔“
7 جب حِیرام نے سلیمان کی باتیں سنیں تو وہ بہت خوش ہوئے اور اُنہوں نے کہا: ”آج یہوواہ کی بڑائی ہو کیونکہ اُس نے اِس بڑی قوم پر حکمرانی کرنے کے لیے داؤد کو ایک دانشمند بیٹا دیا!“ 8 پھر حِیرام نے سلیمان کو یہ پیغام بھیجا: ”مجھے آپ کا پیغام مل گیا ہے۔ مَیں وہ سب کروں گا جو آپ چاہتے ہیں۔ مَیں آپ کو دیودار اور صنوبر کی لکڑی فراہم کروں گا۔ 9 میرے خادم اُسے لبنان سے نیچے سمندر تک لائیں گے اور مَیں اُس کے لٹھے بنوا کر اُسے سمندر کے راستے اُس جگہ بھجوا دوں گا جو آپ کہیں گے۔ وہاں مَیں اُن لٹھوں کو کھلوا دوں گا اور پھر آپ اُنہیں وہاں سے لے جانا۔ بدلے میں آپ میری درخواست کے مطابق میرے گھرانے کے لیے کھانے پینے کا اِنتظام کر دینا۔“
10 اِس لیے حِیرام نے سلیمان کو دیودار اور صنوبر کی اُتنی لکڑی فراہم کی جتنی اُنہوں نے مانگی۔ 11 سلیمان نے حِیرام کے گھرانے کی خوراک کے لیے 20 ہزار کور* گندم اور 20 کور* زیتون کا خالص تیل بھیجا۔ سلیمان ہر سال حِیرام کو یہ چیزیں دیا کرتے تھے۔ 12 یہوواہ نے اپنے وعدے کے مطابق سلیمان کو دانشمندی عطا کی۔ سلیمان اور حِیرام کے بیچ صلح تھی اور اُن دونوں نے ایک دوسرے سے ایک عہد باندھا۔*
13 بادشاہ سلیمان کے حکم پر بادشاہ کی خدمت کے لیے سارے اِسرائیل میں سے 30 ہزار آدمیوں کو بُلایا گیا۔ 14 وہ اُن میں سے دس دس ہزار آدمیوں کو ہر مہینے باری باری لبنان بھیجتے تھے۔ وہ آدمی ایک مہینہ لبنان میں رہتے تھے اور دو مہینے اپنے اپنے گھروں میں۔ ادونرام اُن کے سربراہ تھے جنہیں بادشاہ کی خدمت کرنے کا حکم دیا جاتا تھا۔ 15 سلیمان کے 70 ہزار عام* مزدور تھے اور 80 ہزار ایسے مزدور تھے جو پہاڑوں میں پتھر کاٹتے تھے۔ 16 اِس کے ساتھ ساتھ سلیمان نے 3300 نگران بھی مقرر کیے جو کام کرنے والوں کی نگرانی کرتے تھے۔ 17 اُنہوں نے بادشاہ کے حکم پر پہاڑوں سے بڑے بڑے قیمتی پتھر کاٹے تاکہ تراشے ہوئے پتھروں سے خدا کے گھر کی بنیاد رکھی جا سکے۔ 18 اِس طرح سلیمان کے مستریوں، حِیرام کے مستریوں اور جِبلیوں نے کٹائی کا کام کِیا اور خدا کا گھر بنانے کے لیے لکڑی اور پتھر تیار کیے۔