زبور
43 اَے خدا! میرا اِنصاف کر؛
ایک بےوفا قوم کے خلاف میرا مُقدمہ لڑ۔
مجھے دھوکےباز اور بُرے شخص سے بچا
2 کیونکہ تُو میرا خدا اور میرا قلعہ ہے۔
تُو نے مجھے کیوں چھوڑ دیا ہے؟
مَیں اپنے دُشمنوں کے ظلم کی وجہ سے اُداس کیوں پھروں؟
3 اپنی روشنی اور اپنی سچائی بھیج۔
یہ میری رہنمائی کریں؛
یہ مجھے تیرے مُقدس پہاڑ اور تیرے عالیشان مُقدس خیمے کی طرف لے چلیں۔
4 پھر مَیں خدا کی قربانگاہ کے پاس جاؤں گا،
ہاں، خدا کے پاس جس کے دم سے مجھے بےاِنتہا خوشی ملتی ہے۔
اَے خدا! میرے خدا! مَیں بربط* بجا کر تیری بڑائی کروں گا۔
5 مَیں* غم میں کیوں ڈوبا ہوا ہوں؟
میرے اندر اِتنی ہلچل کیوں مچی ہوئی ہے؟
مَیں خدا کا اِنتظار کروں گا
کیونکہ وہ میرا عظیم نجاتدہندہ اور میرا خدا ہے اور مَیں اب بھی اُس کی بڑائی کروں گا۔