یسعیاہ
43 اَے یعقوب! تیرا خالق اور اَے اِسرائیل! تجھے ڈھالنے والا
یعنی یہوواہ یہ فرماتا ہے:
”ڈر نہیں کیونکہ مَیں نے تجھے واپس خرید لیا ہے۔
مَیں نے تجھے تیرا نام لے کر بُلایا ہے۔
تُو میرا ہے۔
2 جب تُو پانیوں میں سے گزرے گا تو مَیں تیرے ساتھ ہوں گا؛
جب تُو دریاؤں میں سے گزرے گا تو وہ تجھے نہیں ڈبوئیں گے۔
جب تُو آگ میں سے گزرے گا تو وہ تجھے نہیں جھلسائے گی
اور نہ ہی شعلہ تجھے چُھوئے گا
3 کیونکہ مَیں تیرا خدا یہوواہ ہوں؛
مَیں اِسرائیل کا پاک خدا اور تیرا نجاتدہندہ ہوں۔
مَیں نے مصر کو تیرے لیے فدیے کے طور پر دیا ہے؛
مَیں نے اِیتھیوپیا اور سیبا کو تیرے بدلے میں دیا ہے
4 کیونکہ تُو میری نظروں میں بیشقیمت بن گیا؛
تجھے عزت دی گئی اور مَیں نے تجھ سے محبت کی۔
اِس لیے مَیں تیرے بدلے میں لوگ
اور تیری جان کے بدلے میں قومیں دوں گا۔
5 ڈر نہیں کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہوں۔
مَیں تیری نسل کو مشرق سے لاؤں گا
اور تجھے مغرب سے اِکٹھا کروں گا۔
6 مَیں شمال سے کہوں گا: ”اُنہیں چھوڑ دے!“
اور جنوب سے کہوں گا: ”اُنہیں روک کر نہ رکھ!
میرے بیٹوں کو دُور سے اور میری بیٹیوں کو زمین کے کونے کونے سے لا
7 یعنی اُن سب کو جو میرے نام سے کہلاتے ہیں
اور جنہیں مَیں نے اپنی بڑائی کے لیے خلق کِیا،
ہاں، جنہیں مَیں نے ڈھالا اور بنایا۔“
8 اُن لوگوں کو لا جو آنکھیں ہونے کے باوجود اندھے ہیں
اور جو کان ہونے کے باوجود بہرے ہیں۔
9 سب قومیں ایک جگہ اِکٹھی ہوں
اور فرق فرق قوموں کے لوگ جمع ہوں۔
اُن* میں سے کون یہ باتیں بتا سکتا ہے؟
کیا وہ ہمیں پہلی باتیں* سنا سکتے ہیں؟
وہ خود کو صحیح ثابت کرنے کے لیے اپنے گواہ پیش کریں
تاکہ وہ سنیں اور کہیں: ”یہ سچ ہے!““
10 یہوواہ فرماتا ہے: ”تُم میرے گواہ ہو،
ہاں، میرے خادم ہو جسے مَیں نے چُنا ہے
تاکہ تُم جانو اور مجھ پر ایمان لاؤ*
اور سمجھو کہ مَیں وہی ہوں۔
نہ مجھ سے پہلے کوئی خدا وجود میں آیا
اور نہ میرے بعد آئے گا۔
11 مَیں، ہاں، مَیں ہی یہوواہ ہوں اور میرے علاوہ کوئی نجاتدہندہ نہیں ہے۔“
12 یہوواہ فرماتا ہے: ”جب تمہارے درمیان کوئی دوسرا خدا نہیں تھا
تو مَیں نے ہی تمہیں بتایا، تمہیں بچایا اور تُم پر ظاہر کِیا۔
اِس لیے تُم میرے گواہ ہو اور مَیں خدا ہوں۔
13 اور مَیں ہمیشہ سے وہی ہوں؛
کوئی میرے ہاتھ سے کچھ بھی چھین نہیں سکتا۔
جب مَیں کچھ کرتا ہوں تو کون اُسے روک سکتا ہے؟“
14 تمہیں چھڑانے والا* اور اِسرائیل کا پاک خدا یہوواہ فرماتا ہے:
”مَیں تمہاری خاطر کسی کو بابل بھیجوں گا اور اُس کے دروازوں کے سب کُنڈے گِرا دوں گا
اور کسدی اپنے جہازوں میں پریشانی کے مارے روئیں گے۔
15 مَیں یہوواہ ہوں، تمہارا پاک خدا، اِسرائیل کا خالق اور تمہارا بادشاہ۔“
16 یہوواہ جو سمندر کے بیچ سے راستہ بناتا ہے،
یہاں تک کہ طوفانی پانیوں میں سے راستہ نکالتا ہے؛
17 جو جنگی رتھوں اور گھوڑوں کو
فوج اور طاقتور جنگجوؤں سمیت نکالتا ہے، یہ فرماتا ہے:
”وہ لیٹ جائیں گے اور نہیں اُٹھیں گے۔
اُنہیں ایسے بجھا دیا جائے گا جیسے جلتی ہوئی بتی کو بجھا دیا جاتا ہے۔“
18 گزری باتوں کو یاد نہ کرو
اور ماضی میں نہ جیو۔
19 دیکھو! مَیں کچھ نیا کر رہا ہوں
بلکہ اُس کی شروعات ابھی ہو رہی ہے۔
کیا وہ تمہیں دِکھائی نہیں دے رہا؟
مَیں ویرانے میں سے ایک راستہ بناؤں گا
اور ریگستان میں سے دریا بہاؤں گا۔
20 گیدڑ اور شُترمُرغ،
ہاں، میدان کے جنگلی جانور میری تعظیم کریں گے
کیونکہ مَیں ویرانے میں پانی مہیا کروں گا
اور ریگستان میں دریا بناؤں گا
تاکہ میرے بندے، ہاں، میرے چُنے ہوئے لوگ پانی پئیں،
21 ہاں، وہ لوگ جنہیں مَیں نے اپنے لیے بنایا
تاکہ وہ میری بڑائی کریں۔
22 لیکن اَے یعقوب! تُو نے مجھے نہیں پکارا
کیونکہ اَے اِسرائیل! تُو مجھ سے تنگ آ گیا تھا۔
23 تُو میرے حضور بھسم ہونے والی سالم قربانی کے لیے بھیڑ نہیں لایا
اور نہ ہی اپنی قربانیوں سے میری تعظیم کی۔
مَیں نے تجھے مجبور نہیں کِیا کہ میرے لیے تحفہ لا
اور نہ ہی مَیں نے تجھ سے لوبان کا مطالبہ کر کر کے تجھے تنگ کِیا۔
24 تُو نے میرے لیے اپنے پیسوں سے خوشبودار سرکنڈا نہیں خریدا
اور اپنی قربانیوں کی چربی سے مجھے خوش نہیں کِیا۔
اِس کی بجائے تُو نے مجھ پر اپنے گُناہوں کا بوجھ لاد دیا
اور اپنے گُناہوں سے مجھے تھکا دیا۔
25 مَیں، ہاں، مَیں ہی ہوں جو اپنی خاطر تیرے گُناہوں* کو مٹا رہا ہوں
اور مَیں تیرے گُناہوں کو یاد نہیں کروں گا۔
26 مجھے یاد دِلا؛ آ ایک دوسرے کے خلاف مُقدمہ لڑیں؛
اپنی طرف کی کہانی بتا کر ثابت کر کہ تُو صحیح ہے۔
27 تیرے پہلے والد نے گُناہ کِیا تھا
اور تیرے اپنے نمائندوں* نے میرے خلاف بغاوت کی ہے۔
28 اِس لیے مَیں مُقدس جگہ کے حاکموں کو ناپاک ٹھہراؤں گا؛
مَیں یعقوب کو تباہی کے حوالے کر دوں گا
اور اِسرائیل کو رُسوائی بھری باتوں کے۔