1-کُرنتھیوں
8 اب مَیں بُتوں کے آگے چڑھائے گئے کھانوں کے بارے میں بات کرتا ہوں۔ ہم سب اِس معاملے کے بارے میں تھوڑا بہت علم رکھتے ہیں۔ علم غرور پیدا کرتا ہے جبکہ محبت مضبوطی پیدا کرتی ہے۔ 2 اگر کسی کو لگتا ہے کہ وہ بڑا علم رکھتا ہے تو اصل میں وہ سب کچھ نہیں جانتا۔ 3 لیکن اگر کوئی خدا سے محبت کرتا ہے تو خدا اُسے جانتا ہے۔
4 جہاں تک بُتوں کے آگے چڑھائی گئی چیزوں کو کھانے کا تعلق ہے، ہم جانتے ہیں کہ بُت کچھ بھی نہیں ہیں بلکہ صرف ایک ہی سچا خدا ہے۔ 5 یہ درست ہے کہ بہت سی چیزوں کو خدا سمجھا جاتا ہے، چاہے وہ آسمان پر ہوں یا زمین پر۔ اور واقعی بہت سے خدا اور مالک ہیں بھی 6 لیکن ہمارے نزدیک صرف ایک ہی سچا خدا ہے یعنی ہمارا آسمانی باپ جس نے سب کچھ بنایا ہے اور جس کے لیے ہم جیتے ہیں اور ایک ہی مالک ہے یعنی یسوع مسیح جن کے ذریعے ساری چیزیں وجود میں آئیں اور جن کے ذریعے ہم جیتے ہیں۔
7 مگر سب لوگ یہ بات نہیں جانتے۔ جب ایسے لوگ جو پہلے بُتپرست تھے، کوئی ایسی چیز کھاتے ہیں جو بُتوں کے آگے چڑھائی گئی تھی تو شاید اُن کے دل میں اُن بُتوں کے لیے احترام اُبھرنے لگے۔ یوں اُن کا ضمیر ناپاک ہو جاتا ہے کیونکہ یہ کمزور ہے۔ 8 لیکن کھانے کی چیزیں ہمیں خدا کے زیادہ قریب نہیں لے جائیں گی۔ اِن سے پرہیز کرنے سے ہمیں نقصان نہیں ہوگا اور اِنہیں کھانے سے ہمیں فائدہ نہیں ہوگا۔ 9 آپ اِنتخاب کا حق تو رکھتے ہیں لیکن خبردار رہیں کہ آپ کے اِنتخاب کی وجہ سے وہ لوگ گمراہ نہ ہو جائیں جن کا ضمیر کمزور ہے۔ 10 آپ تو اِس معاملے کے بارے میں علم رکھتے ہیں لیکن اگر کوئی آپ کو ایک مندر میں کھانا کھاتے دیکھ لے اور اُس کا ضمیر کمزور ہو تو کیا اُسے بُتوں کے آگے چڑھائی گئی چیزیں کھانے کی شہ نہیں ملے گی؟ 11 اِس صورت میں آپ کے علم کی وجہ سے وہ آدمی نقصان اُٹھائے گا جس کا ضمیر کمزور ہے، ہاں، وہ بھائی جس کے لیے مسیح نے جان دی۔ 12 جب آپ اِس طرح سے اپنے بھائیوں کے خلاف گُناہ کرتے ہیں اور اُن کے کمزور ضمیر کو ٹھیس پہنچاتے ہیں تو اصل میں آپ مسیح کے خلاف گُناہ کرتے ہیں۔ 13 لہٰذا اگر میرا بھائی کھانے کی چیز کی وجہ سے گمراہ ہو سکتا ہے تو مَیں آئندہ گوشت نہیں کھاؤں گا تاکہ مَیں اپنے بھائی کو گمراہ نہ کروں۔