زبور
95 آؤ، یہوواہ کے حضور خوشی سے للکاریں!
آؤ اپنی نجات کی چٹان کے حضور جیت کے نعرے ماریں!
2 آؤ اُس کا شکر ادا کرتے ہوئے اُس کے حضور* حاضر ہوں؛
آؤ گیت گائیں اور اُس کے حضور جیت کے نعرے ماریں
3 کیونکہ یہوواہ عظیم خدا ہے؛
وہ عظیم بادشاہ ہے اور باقی سب خداؤں سے بڑا ہے۔
4 زمین کی گہرائیوں پر اُس کا اِختیار ہے؛*
پہاڑوں کی چوٹیاں اُسی کی ہیں۔
5 اُسی نے سمندر بنایا اور وہ اُسی کا ہے؛
اُسی نے اپنے ہاتھوں سے خشک زمین کو بنایا۔
6 آؤ، اُس کے سامنے جھکیں اور اُس کی عبادت کریں؛
آؤ اپنے خالق یہوواہ کے سامنے گُھٹنے ٹیکیں
7 کیونکہ وہ ہمارا خدا ہے
اور ہم اُس کے بندے ہیں؛
ہم اُس کی چراگاہ کی بھیڑیں ہیں جن کی وہ دیکھبھال کرتا ہے۔
آج اگر تُم اُس کی آواز سنو
8 تو اپنے دلوں کو سخت نہ کرنا جیسے تُم نے مِریبہ* میں کِیا تھا؛
جیسے تُم نے ویرانے میں مَسّہ* میں کِیا تھا
9 اُس وقت جب تمہارے باپدادا نے میرا اِمتحان کِیا تھا
اور مجھے للکارا تھا حالانکہ اُنہوں نے میرے کام دیکھے تھے۔
10 مَیں 40 سال اُس پُشت سے گِھن کھاتا رہا اور مَیں نے کہا:
”یہ وہ لوگ ہیں جن کے دل ہمیشہ گمراہ ہو جاتے ہیں؛
اِنہوں نے میری راہوں کو نہیں جانا۔“
11 اِس لیے مَیں نے غصے میں قسم کھائی
کہ ”یہ لوگ میرے آرام میں شامل نہیں ہوں گے۔“