1-یوحنا
1 وہ جو شروع سے تھا، جس کی باتیں ہم نے سنیں، جسے ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، جس پر ہم نے غور کِیا اور جسے ہم نے اپنے ہاتھوں سے چُھوا یعنی زندگی کے کلام کے متعلق 2 (بےشک زندگی ظاہر ہوئی اور ہم نے اُس ہمیشہ کی زندگی کو دیکھا جو باپ کے پاس تھی اور ہم پر ظاہر ہوئی۔ اور ہم اُس کے بارے میں گواہی دے رہے ہیں اور آپ کو بتا رہے ہیں) 3 جسے ہم نے دیکھا اور جس کی باتیں ہم نے سنیں، ہم اُس کے بارے میں آپ کو بھی بتا رہے ہیں تاکہ آپ بھی ہمارے ساتھی* بن جائیں اور یوں ہم سب آسمانی باپ اور اُس کے بیٹے یسوع مسیح کے ساتھی بن جائیں۔ 4 ہم یہ باتیں اِس لیے لکھ رہے ہیں کہ ہماری خوشی مکمل ہو جائے۔
5 جو پیغام ہم نے مسیح سے سنا اور آپ کو سنا رہے ہیں، وہ یہ ہے: خدا روشنی ہے اور اُس میں کوئی تاریکی نہیں ہے۔ 6 اگر ہم کہتے ہیں کہ ”ہم اُس کے ساتھی ہیں“ مگر پھر بھی تاریکی میں چلتے رہتے ہیں تو ہم جھوٹ بول رہے ہیں اور سچائی پر عمل نہیں کر رہے۔ 7 لیکن اگر ہم روشنی میں چل رہے ہیں جس طرح وہ روشنی میں ہے تو ہم ایک دوسرے کے ساتھی ہیں اور اُس کے بیٹے یسوع کا خون ہمیں سب گُناہوں سے پاک کر دیتا ہے۔
8 اگر ہم کہتے ہیں کہ ”ہم نے گُناہ نہیں کِیا“ تو ہم خود کو دھوکا دے رہے ہیں اور ہم میں سچائی نہیں ہے۔ 9 اگر ہم اپنے گُناہوں کا اِعتراف کرتے ہیں تو وہ ہمارے گُناہوں کو معاف کرتا ہے اور ہمیں بُرائی سے پاک کرتا ہے کیونکہ وہ وفادار اور نیک ہے۔ 10 لیکن اگر ہم کہتے ہیں کہ ”ہم نے گُناہ نہیں کِیا“ تو ہم خدا کو جھوٹا بناتے ہیں اور اُس کا کلام ہمارے دل میں نہیں ہے۔