پیدائش
35 اِس کے بعد خدا نے یعقوب سے کہا: ”اُٹھو، بیتایل جاؤ اور وہاں رہو۔ وہاں میرے لیے ایک قربانگاہ بناؤ۔ مَیں سچا خدا ہوں جو اُس وقت تُم پر ظاہر ہوا تھا جب تُم اپنے بھائی عیسُو سے بھاگ رہے تھے۔“
2 پھر یعقوب نے اپنے گھرانے سے اور اُن سب سے جو اُن کے ساتھ تھے، کہا: ”آپ کے پاس دوسرے خداؤں کے جتنے بھی بُت ہیں، اُنہیں نکالو، خود کو پاک کرو اور اپنے کپڑے بدلو۔ 3 ہم یہاں سے بیتایل جانے والے ہیں۔ وہاں مَیں سچے خدا کے لیے ایک قربانگاہ بناؤں گا جس نے پریشانی کے وقت میری اِلتجائیں سنیں اور جہاں جہاں مَیں گیا، میرے ساتھ رہا۔“ 4 تب اُنہوں نے دوسرے خداؤں کے وہ سارے بُت جو اُن کے پاس تھے اور وہ بالیاں جو اُنہوں نے کانوں میں پہنی تھیں، یعقوب کو دیں۔ پھر یعقوب نے اُن سب چیزوں کو اُس بڑے درخت کے نیچے دبا* دیا جو سِکم کے نزدیک تھا۔
5 جب وہ سفر کر رہے تھے تو آسپاس کے شہروں کے لوگوں نے یعقوب کے بیٹوں کا پیچھا نہیں کِیا کیونکہ اُن پر خدا کا شدید خوف طاری ہو گیا تھا۔ 6 آخرکار یعقوب اور اُن کے ساتھ سفر کرنے والے سب لوگ ملک کنعان میں لُوز یعنی بیتایل پہنچ گئے۔ 7 وہاں یعقوب نے ایک قربانگاہ بنائی اور اُس جگہ کا نام ایلبیتایل* رکھا کیونکہ جب وہ اپنے بھائی سے بھاگ رہے تھے تو سچا خدا اِسی جگہ اُن پر ظاہر ہوا تھا۔ 8 بعد میں رِبقہ کی آیا دبورہ فوت ہو گئیں اور اُنہیں بیتایل کے نزدیک بلوط کے ایک درخت کے نیچے دفنایا گیا۔ یعقوب نے اُس درخت کا نام الّونبکوت* رکھا۔
9 جب یعقوب فداناَرام سے واپس آ رہے تھے تو خدا ایک بار پھر اُن پر ظاہر ہوا اور اُنہیں برکت دی۔ 10 خدا نے اُن سے کہا: ”تمہارا نام یعقوب ہے لیکن اب سے تمہارا نام یعقوب نہیں بلکہ اِسرائیل ہوگا۔“ پھر خدا اُنہیں اِسرائیل کہہ کر مخاطب کرنے لگا۔ 11 خدا نے اُن سے یہ بھی کہا: ”مَیں وہ خدا ہوں جو لامحدود قدرت کا مالک ہے۔ پھلو پھولو اور تعداد میں خوب بڑھ جاؤ۔ تُم سے قومیں بلکہ بہت سی قومیں آئیں گی اور تمہاری نسل سے بادشاہ پیدا ہوں گے۔ 12 اور جو ملک مَیں نے اَبراہام اور اِضحاق کو دیا، وہ مَیں تمہیں اور تمہارے بعد تمہاری نسل کو دوں گا۔“ 13 پھر خدا اُس جگہ سے چلا گیا جہاں اُس نے یعقوب سے بات کی تھی۔
14 تب یعقوب نے اُس جگہ ایک پتھر کو یادگار* کے طور پر کھڑا کِیا جہاں خدا نے اُن سے بات کی تھی۔ پھر اُنہوں نے اُس پتھر پر مے کا نذرانہ اور تیل اُنڈیلا۔ 15 یعقوب نے پھر سے اُس جگہ کو بیتایل کہا جہاں خدا نے اُن سے بات کی تھی۔
16 اِس کے بعد وہ بیتایل سے روانہ ہوئے۔ جب وہ اِفرات سے تھوڑی دُور تھے تو راخل کو حمل کی دردیں شروع ہو گئیں اور بچہ پیدا کرتے وقت شدید تکلیف ہونے لگی۔ 17 جس دوران وہ درد سے تڑپ رہی تھیں، دائی نے اُن سے کہا: ”ہمت رکھیں، اِس بار بھی آپ کا بیٹا ہی ہوگا۔“ 18 جب راخل کی زندگی کا دِیا بجھ رہا تھا* تو اُنہوں نے مرتے مرتے اپنے بیٹے کا نام بِناُونی* رکھا۔ لیکن بچے کے والد نے اُس کا نام بِنیامین* رکھا۔ 19 پھر راخل فوت ہو گئیں اور اُنہیں اِفرات یعنی بیتلحم جانے والے راستے کے قریب دفنایا گیا۔ 20 یعقوب نے راخل کی قبر پر ایک بڑا پتھر* کھڑا کِیا جو آج تک اُن کی قبر پر موجود ہے۔
21 اِس کے بعد اِسرائیل آگے بڑھے اور بُرجِعدر سے آگے جا کر اپنا خیمہ لگایا۔ 22 جب اِسرائیل اُس علاقے میں رہ رہے تھے تو ایک دن رُوبِن اپنے والد کی حرم بِلہاہ کے پاس گئے اور اُن کے ساتھ ہمبستر ہوئے اور اِسرائیل کو اِس بات کا پتہ چلا۔
یعقوب کے 12 بیٹے تھے۔ 23 لِیاہ سے یعقوب کے جو بیٹے پیدا ہوئے، اُن کے نام یہ تھے: رُوبِن جو پہلوٹھے تھے اور پھر شمعون، لاوی، یہوداہ، اِشّکار اور زِبُولون۔ 24 راخل سے جو بیٹے پیدا ہوئے، اُن کے نام یوسف اور بِنیامین تھے۔ 25 راخل کی نوکرانی بِلہاہ سے جو بیٹے پیدا ہوئے، اُن کے نام دان اور نفتالی تھے۔ 26 اور لِیاہ کی نوکرانی زِلفہ سے جو بیٹے پیدا ہوئے، اُن کے نام جد اور آشر تھے۔ یہ یعقوب کے بیٹے تھے جو فداناَرام میں پیدا ہوئے تھے۔
27 آخرکار یعقوب ممرے میں اپنے والد اِضحاق کے پاس آئے جو قِریتاربع یعنی حِبرون کے علاقے میں ہے۔ یہیں اَبراہام اور اِضحاق پردیسیوں کے طور پر رہے تھے۔ 28 اِضحاق 180 سال زندہ رہے۔ 29 پھر اُنہوں نے دم توڑ دیا اور فوت ہو گئے اور اُنہیں اُن کے باپدادا کی طرح دفنا دیا گیا۔* اُنہوں نے ایک لمبی اور مطمئن زندگی جی اور اُن کے بیٹوں عیسُو اور یعقوب نے اُنہیں دفنایا۔