2-تیمُتھیُس
1 پولُس کی طرف سے جسے خدا کی مرضی اور اُس زندگی کے وعدے کے مطابق جو مسیح یسوع کے ذریعے ملتی ہے، مسیح یسوع کا رسول مقرر کِیا گیا، 2 تیمُتھیُس کے نام جو میرا پیارا بیٹا ہے:
ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک مسیح یسوع آپ کو عظیم رحمت اور مہربانی اور اِطمینان عطا کریں۔
3 مَیں اپنے خدا کا احسانمند ہوں جس کی مَیں اپنے باپدادا کی طرح صاف ضمیر کے ساتھ عبادت کرتا ہوں۔ مَیں آپ کو دن رات اپنی دُعاؤں میں یاد رکھتا ہوں۔ 4 جب مَیں آپ کے آنسوؤں کو یاد کرتا ہوں تو میرا بڑا جی کرتا ہے کہ آپ سے ملوں تاکہ میرا دل خوشی سے بھر جائے۔ 5 مجھے آپ کا وہ بےریا ایمان یاد ہے جو آپ کی نانی لوئس اور آپ کی ماں یُونیکے رکھتی تھیں اور مجھے پکا یقین ہے کہ آپ اب بھی ایسا ہی ایمان رکھتے ہیں۔
6 اِسی لیے مَیں آپ کو یاد دِلانا چاہتا ہوں کہ خدا کی اُس نعمت کو آگ کی طرح بھڑکاتے رہیں جو آپ کو اُس وقت ملی جب مَیں نے آپ پر ہاتھ رکھے۔ 7 خدا نے ہمیں بزدلی کی روح نہیں دی بلکہ قوت اور محبت اور سمجھداری کی روح دی ہے۔ 8 لہٰذا اِس بات پر شرمندگی محسوس نہ کریں کہ آپ مالک کے گواہ ہیں اور نہ ہی میری وجہ سے شرمندہ ہوں جو اُن کی خاطر قید میں ہوں۔ اِس کی بجائے خدا کی طاقت کی مدد سے خوشخبری کی خاطر مصیبتیں سہنے کے لیے تیار رہیں۔ 9 اُس نے ہمیں بچایا اور مُقدس بننے کے لیے بلایا۔ اُس نے ہمارے کاموں کی وجہ سے ایسا نہیں کِیا بلکہ اپنی مرضی اور عظیم رحمت کی وجہ سے ایسا کِیا۔ یہ عظیم رحمت ہمیں مُدتوں پہلے مسیح یسوع کے ذریعے ملی۔ 10 اور اب یہ ہمارے نجاتدہندہ مسیح یسوع کے ظہور کے ذریعے صاف دِکھائی دیتی ہے جنہوں نے موت کو ختم کر دیا اور خوشخبری کے ذریعے زندگی، ہاں، غیرفانی زندگی پر روشنی ڈالی۔ 11 یہی خوشخبری سنانے کے لیے مجھے مُناد اور رسول اور اُستاد مقرر کِیا گیا ہے۔
12 اِسی لیے تو مجھے اِن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لیکن مَیں شرمندگی محسوس نہیں کرتا کیونکہ مَیں اُس خدا کو جانتا ہوں جس پر مَیں ایمان رکھتا ہوں اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ اُس امانت کو مقررہ دن تک محفوظ رکھے گا جو مَیں نے اُس کے سپرد کی ہے۔ 13 اُس صحیح* تعلیم کے معیار* پر قائم رہیں جو آپ کو مجھ سے ملی ہے اور اُس ایمان اور محبت پر بھی قائم رہیں جس کا تعلق مسیح یسوع سے ہے۔ 14 اُس پاک روح کی مدد سے جو ہم میں بسی ہے، اِس اچھی امانت کی حفاظت کریں۔
15 آپ جانتے ہی ہیں کہ فوگلُس اور ہرموگینس سمیت صوبہ آسیہ کے سارے آدمیوں نے مجھے چھوڑ دیا ہے۔ 16 دُعا ہے کہ ہمارا مالک خدا اُنیسِفرس اور اُن کے گھر والوں پر مہربانی کرے کیونکہ اُنیسِفرس نے مجھے اکثر تازہدم کِیا اور اِس بات پر شرمندگی محسوس نہیں کی کہ مَیں زنجیروں میں جکڑا ہوا ہوں۔ 17 بلکہ جب وہ روم میں تھے تو اُنہوں نے مجھے جگہ جگہ تلاش کِیا اور آخرکار ڈھونڈ لیا۔ 18 دُعا ہے کہ مقررہ دن پر ہمارا مالک یہوواہ* اُن پر مہربانی کرے۔ آپ کو تو اچھی طرح معلوم ہے کہ اُنہوں نے اِفسس میں کتنی خدمت انجام دی۔