یسعیاہ
62 مَیں صِیّون کی خاطر چپ نہیں رہوں گا
اور یروشلم کی خاطر چین سے نہیں بیٹھوں گا
جب تک کہ اُس کی نیکی تیز روشنی کی طرح نہیں چمکتی
اور اُس کی نجات مشعل کی طرح روشن نہیں ہوتی۔
2 اَے عورت! قومیں تیری نیکی کو دیکھیں گی
اور سب بادشاہ تیری شان کو۔
تجھے ایک نئے نام سے بُلایا جائے گا
جو یہوواہ اپنے مُنہ سے تجھے دے گا۔
3 تُو یہوواہ کے ہاتھ میں ایک خوبصورت تاج بن جائے گی،
ہاں، اپنے خدا کی ہتھیلی پر ایک شاہی پگڑی۔
4 پھر تجھے چھوڑی ہوئی عورت نہیں کہا جائے گا
اور نہ تیرے ملک کو ویران کہا جائے گا
بلکہ تجھے یہ کہہ کر پکارا جائے گا: میری خوشی اُس میں ہے
اور تیرے ملک کو شادیشُدہ کہا جائے گا
کیونکہ یہوواہ تیری وجہ سے خوش ہوگا
اور تیرا ملک ایک شادیشُدہ عورت کی طرح ہوگا۔
5 جیسے ایک جوان آدمی ایک کنواری سے شادی کرتا ہے
ویسے ہی تیرے بیٹے تجھ سے شادی کریں گے۔
جیسے ایک دُلہا دُلہن کی وجہ سے خوش ہوتا ہے
ویسے ہی تیرا خدا تیری وجہ سے خوش ہوگا۔
6 اَے یروشلم! مَیں نے تیری دیواروں پر پہرےدار تعینات کیے ہیں۔
وہ سارا سارا دن اور ساری ساری رات خاموش نہیں ہوں گے۔
یہوواہ کا ذکر کرنے والو! آرام سے نہ بیٹھو
7 اور نہ اُسے آرام کرنے دو جب تک کہ وہ یروشلم کو مضبوطی سے قائم نہیں کر دیتا،
ہاں، جب تک کہ وہ پوری زمین پر اُس کی تعریف نہیں کراتا۔
8 یہوواہ نے اپنے دائیں ہاتھ سے، ہاں، اپنے مضبوط بازو سے یہ قسم کھائی ہے:
”مَیں آئندہ تیرا اناج تیرے دُشمنوں کو کھانے کے لیے نہیں دوں گا
اور نہ پردیسی تیری نئی مے پئیں گے جس کے لیے تُو نے محنت کی ہے
9 بلکہ اناج کو اِکٹھا کرنے والے ہی اُسے کھائیں گے اور یہوواہ کی بڑائی کریں گے
اور انگوروں کو جمع کرنے والے ہی میرے مُقدس صحنوں میں مے پئیں گے۔“
10 گزر جاؤ، دروازوں سے گزر جاؤ۔
لوگوں کے لیے راستہ صاف کرو۔
تعمیر کرو، شاہراہ تعمیر کرو۔
اُس پر سے پتھر ہٹا دو۔
قوموں کے لیے ایک جھنڈا کھڑا کرو۔
11 دیکھو! یہوواہ نے زمین کے کونے کونے میں یہ اِعلان کِیا ہے:
”صِیّون کی بیٹی سے کہو:
”دیکھ! تیری نجات آ رہی ہے۔
دیکھ! اجر اُس کے ہاتھ میں ہے
اور جو مزدوری وہ دیتا ہے، وہ اُس کے پاس ہے۔““
12 اُنہیں پاک لوگ، ہاں، ایسے لوگ کہا جائے گا جنہیں یہوواہ نے چھڑایا* ہے
اور تجھے یہ کہہ کر پکارا جائے گا: ایک پسندیدہ شہر، نہ کہ چھوڑا ہوا شہر۔