زبور
یاددہانی کے لیے داؤد کا نغمہ۔
38 اَے یہوواہ! غصے میں مجھے نہ ڈانٹ
اور قہر میں میری اِصلاح نہ کر
2 کیونکہ تیرے تیروں نے مجھے اندر تک چھلنی کر دیا ہے
اور تیرا ہاتھ مجھ پر بھاری ہے۔
3 تیرے قہر کی وجہ سے میرا پورا جسم بیمار ہے۔*
میرے گُناہ کی وجہ سے میری ہڈیوں میں ذرا بھی سکون نہیں ہے
4 کیونکہ میرے گُناہوں کا ڈھیر میرے سر سے اُونچا ہو گیا ہے؛
وہ ایک بھاری بوجھ کی طرح ہیں جسے اُٹھانا میرے بس سے باہر ہے۔
5 میری حماقت کی وجہ سے میرے زخموں سے پیپ رِس رہی ہے
اور بدبُو آ رہی ہے۔
6 مَیں بہت تکلیف میں ہوں اور بالکل ٹوٹ چُکا ہوں؛
مَیں سارا سارا دن اُداس پھرتا رہتا ہوں۔
7 میرے اندر آگ سی لگی ہوئی ہے؛*
میرا پورا جسم بیمار ہے۔
8 مَیں بالکل سُن اور چُور چُور ہو گیا ہوں؛
مَیں اپنے دل کے کرب کی وجہ سے اُونچی اُونچی کراہتا ہوں۔
9 اَے یہوواہ! تُو میری ساری خواہشوں کو جانتا ہے؛
اور میری آہیں تجھ سے چھپی نہیں ہیں۔
10 میرا دل زور زور سے دھڑکتا ہے؛
میری طاقت ختم ہو گئی ہے
اور میری آنکھوں کی روشنی چلی گئی ہے۔
11 میری بیماری کی وجہ سے میرے دوست اور میرے ساتھی مجھ سے کتراتے ہیں
اور میرے رشتےدار مجھ سے دُور دُور رہتے ہیں۔
12 جو میری جان لینے پر تُلے ہیں، وہ میرے لیے پھندے بچھاتے ہیں؛
جو مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش میں ہیں، وہ میری بربادی کی باتیں کرتے ہیں؛
وہ سارا سارا دن مجھے دھوکا دینے کے منصوبے بناتے ہیں۔
13 لیکن ایک بہرے شخص کی طرح مَیں اُن کی باتیں نہیں سنتا
اور ایک گونگے شخص کی طرح مَیں اپنا مُنہ نہیں کھولتا۔
14 مَیں ایک ایسے شخص کی طرح بن گیا ہوں جو سُن نہیں سکتا؛
جس کے پاس اپنے دِفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے
15 کیونکہ اَے یہوواہ! مَیں نے تیرا اِنتظار کِیا
اور اَے یہوواہ میرے خدا! تُو نے مجھے جواب دیا۔
16 مَیں نے کہا تھا: ”اگر میرا پاؤں پھسل جائے
تو وہ میری حالت پر خوشی نہ منائیں یا خود کو مجھ سے بڑا نہ سمجھنے لگیں“
17 کیونکہ مَیں بس گِرنے ہی والا تھا
اور ہر وقت درد سے تڑپتا رہتا تھا۔
18 مَیں نے اپنی غلطی کا اِقرار کِیا؛
مَیں اپنے گُناہ کی وجہ سے سخت بےچین تھا۔
19 لیکن میرے دُشمن جوشیلے اور طاقتور ہیں؛*
مجھ سے بِلاوجہ نفرت کرنے والوں کی تعداد بہت بڑھ گئی ہے۔
20 اُنہوں نے میری اچھائی کا بدلہ بُرائی سے دیا؛
وہ مجھے اچھے کام کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔
21 اَے یہوواہ! مجھے ترک نہ کر۔
اَے خدا! مجھ سے دُور نہ رہ۔
22 اَے یہوواہ میری نجات!
جلدی میری مدد کر۔