پیدائش
20 اَبراہام وہاں سے نِجِب کے علاقے میں چلے گئے اور قادِس اور شُور کے بیچ رہنے لگے۔ کچھ وقت کے لیے وہ جِرار میں بھی رہے۔* 2 وہاں بھی اَبراہام نے اپنی بیوی سارہ کے بارے میں کہا: ”یہ میری بہن ہے۔“ اِس لیے جِرار کے بادشاہ ابیمَلِک نے سارہ کو بُلوایا اور اپنے پاس رکھ لیا۔ 3 ایک رات خدا نے خواب میں ابیمَلِک سے کہا: ”تُم ضرور مر جاؤ گے کیونکہ جس عورت کو تُم نے اپنے پاس رکھا ہے، وہ شادیشُدہ ہے اور کسی اَور آدمی کی بیوی ہے۔“ 4 لیکن ابیمَلِک اُس عورت کے قریب نہیں گیا تھا* اِس لیے اُس نے کہا: ”اَے یہوواہ! کیا تُو ایک ایسی قوم کو ہلاک کر دے گا جو بالکل بےقصور* ہے؟ 5 کیا اُس آدمی نے خود مجھ سے یہ نہیں کہا تھا کہ ”یہ میری بہن ہے“؟ اور کیا اُس عورت نے بھی یہ نہیں کہا تھا کہ ”یہ میرا بھائی ہے“؟ مَیں نے جو کچھ کِیا، صافدل اور نیک نیت* سے کِیا۔“ 6 تب سچے خدا نے خواب میں ابیمَلِک سے کہا: ”مجھے پتہ ہے کہ تُم نے صافدل سے ایسا کِیا تھا۔ اِسی لیے مَیں نے تمہیں اُسے چُھونے نہیں دیا تاکہ تُم میرے خلاف گُناہ نہ کرو۔ 7 اب اُس آدمی کی بیوی اُسے لوٹا دو کیونکہ وہ ایک نبی ہے۔ وہ تمہارے لیے اِلتجا کرے گا اور تُم زندہ رہو گے۔ لیکن اگر تُم اُس عورت کو واپس نہیں کرو گے تو تُم یقیناً مر جاؤ گے اور تمہارے ساتھ ساتھ تمہارا پورا گھرانہ بھی۔“
8 ابیمَلِک صبح سویرے اُٹھا اور اپنے سارے خادموں کو بُلا کر اُنہیں سب کچھ بتایا جسے سُن کر وہ بہت ڈر گئے۔ 9 پھر ابیمَلِک نے ابراہام کو بُلوایا اور اُن سے کہا: ”تُم نے ہمارے ساتھ ایسا کیوں کِیا؟ مَیں نے تمہارے ساتھ کیا غلط کِیا تھا کہ تُم مجھے اور میری رعایا کو اِتنے بڑے گُناہ کا مُجرم بنانے والے تھے؟ تُم نے میرے ساتھ اچھا نہیں کِیا۔“ 10 ابیمَلِک نے اَبراہام سے پوچھا: ”اِس کے پیچھے تمہارا مقصد کیا تھا؟“ 11 اَبراہام نے کہا: ”مجھے لگتا تھا کہ یہاں لوگوں کے دلوں میں خدا کا کوئی خوف نہیں ہے اور وہ میری بیوی کو حاصل کرنے کے لیے مجھے مار دیں گے۔ 12 اور سچ تو یہ ہے کہ سارہ واقعی میری بہن ہے کیونکہ ہم دونوں کا باپ ایک ہے لیکن مائیں الگ الگ ہیں۔ مگر بعد میں میری اُس سے شادی ہو گئی۔ 13 اِس لیے جب خدا کے حکم پر مَیں نے اپنے باپ کا گھر چھوڑ دیا اور اِدھر اُدھر سفر کرنے لگا تو مَیں نے سارہ سے کہا: ”اگر آپ مجھ سے اٹوٹ محبت کرتی ہو تو جہاں بھی ہم جائیں، میرے بارے میں یہی کہنا کہ مَیں آپ کا بھائی ہوں۔““
14 اِس کے بعد ابیمَلِک نے اَبراہام کو بھیڑیں، گائے بیل اور نوکر نوکرانیاں دیں اور اُن کی بیوی سارہ بھی اُنہیں لوٹا دی۔ 15 ابیمَلِک نے اُن سے یہ بھی کہا: ”میرا پورا ملک تمہارے سامنے ہے۔ جہاں تمہارا دل چاہے، رہو۔“ 16 اور سارہ سے اُس نے کہا: ”مَیں تمہارے بھائی کو چاندی کے 1000 ٹکڑے دے رہا ہوں۔ یہ تمہارے لوگوں اور باقی سب لوگوں کے سامنے اِس بات کی نشانی ہے کہ تمہارا دامن پاک ہے* اور کوئی تُم پر اُنگلی نہیں اُٹھا سکتا۔“ 17 اِس کے بعد اَبراہام نے سچے خدا سے اِلتجا کی اور خدا نے ابیمَلِک، اُس کی بیوی اور اُس کی غلام عورتوں کو شفا دی اور پھر اُن کے بچے ہونے لگے۔ 18 دراصل یہوواہ نے اَبراہام کی بیوی سارہ کی وجہ سے ابیمَلِک کے گھر کی سب عورتوں کو بانجھ کر دیا تھا۔*