یسعیاہ
25 اَے یہوواہ! تُو میرا خدا ہے۔
مَیں تیری تعظیم کرتا ہوں، مَیں تیرے نام کی تعریف کرتا ہوں
کیونکہ تُو نے حیرتانگیز کام کیے ہیں،
ہاں، تُو نے ایسے کام کیے ہیں جن کا تُو نے قدیم زمانے سے اِرادہ کِیا تھا*
اور ظاہر کِیا ہے کہ تُو وفادار اور قابلِبھروسا ہے۔
2 تُو نے ایک شہر کو پتھروں کے ڈھیر میں بدل دیا ہے،
ہاں، ایک مضبوط قصبے کو ملبے کے ڈھیر میں۔
پردیسیوں کا قلعہ اب ایک شہر نہیں رہا؛
اِسے پھر کبھی نہیں بنایا جائے گا۔
3 اِس لیے ایک طاقتور قوم تیری بڑائی کرے گی؛
بےرحم قوموں کا شہر تیرا خوف رکھے گا
4 کیونکہ تُو ادنیٰ شخص کے لیے ایک قلعہ بن گیا ہے،
ہاں، غریب کے لیے مصیبت کی گھڑی میں ایک قلعہ،
طوفانی بارش میں پناہگاہ
اور گرمی میں چھاؤں۔
جب بےرحم لوگوں کا قہر ایسے ٹوٹتا ہے جیسے ایک دیوار پر بارش کی بوچھاڑ ہوتی ہے
5 تو تُو اجنبیوں کے شور کو ایسے دُور کر دیتا ہے
جیسے سُوکھی زمین سے گرمی کو۔
تُو بےرحم لوگوں کے گیت کو ایسے روک دیتا ہے
جیسے بادل کا سایہ گرمی کو۔
6 فوجوں کا خدا یہوواہ اِس پہاڑ پر سب قوموں کے لیے
ایک ضیافت تیار کرے گا،
ہاں، بہترین کھانوں اور عمدہ مے کی ضیافت،*
ایسے بہترین کھانوں کی جن میں گودا بھرا ہو
اور ایسی عمدہ مے کی جسے چھانا گیا ہو۔
7 وہ اِس پہاڑ سے اُس چادر کو ہٹا دے گا* جس نے سب لوگوں کو ڈھکا ہوا ہے
اور اُس نقاب کو بھی جس نے سب قوموں کو لپیٹا ہوا ہے۔
8 وہ موت کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دے گا؛*
حاکمِاعلیٰ یہوواہ سب کے چہروں سے آنسو پونچھ دے گا۔
وہ ساری زمین سے اپنے بندوں کی رُسوائی دُور کر دے گا
کیونکہ یہوواہ نے خود یہ فرمایا ہے۔
9 اُس دن وہ کہیں گے:
”دیکھو! یہ ہمارا خدا ہے!
ہم نے اُس سے اُمید لگائی ہے
اور وہ ہمیں بچائے گا۔
یہ یہوواہ ہے!
ہم نے اُس سے اُمید لگائی ہے۔
آؤ اُس کی طرف سے ملنے والی نجات کی وجہ سے خوش ہوں اور جشن منائیں۔“
10 یہوواہ کا ہاتھ اِس پہاڑ پر رہے گا
اور موآب کو اُس کی جگہ پر ایسے روندا جائے گا
جیسے بھوسے کو گوبر کے ڈھیر میں۔
11 وہ اپنے ہاتھ سے موآب کو ایسے مارے گا
جیسے ایک تیراک تیراکی کرتے ہوئے اپنے ہاتھ مارتا ہے۔
وہ مہارت سے اپنے ہاتھ چلا کر اُس کا گھمنڈ توڑ دے گا۔
12 وہ تیرے مضبوط شہر کو اُس کی اُونچی اُونچی حفاظتی دیواروں کے ساتھ ڈھا دے گا؛
وہ اُسے زمین پر گِرا دے گا اور مٹی میں ملا دے گا۔