سموئیل کی دوسری کتاب
2 بعد میں داؤد نے یہوواہ سے پوچھا: ”کیا مَیں اُوپر یہوداہ کے کسی شہر میں جاؤں؟“ یہوواہ نے اُن سے کہا: ”جاؤ۔“ داؤد نے پوچھا: ”مَیں کس شہر میں جاؤں؟“ خدا نے کہا: ”حِبرون میں۔“ 2 اِس لیے داؤد اپنی دونوں بیویوں کو لے کر وہاں گئے یعنی اخینوعم کو جن کا تعلق یزرعیل سے تھا اور ابیجیل کو جو کرمِل سے تعلق رکھنے والے نابال کی بیوہ تھیں۔ 3 داؤد اُن آدمیوں کو بھی جو اُن کے ساتھ تھے، اُن کے گھرانوں سمیت وہاں لے گئے اور وہ سب حِبرون کے آسپاس کے شہروں میں بس گئے۔ 4 اِس کے بعد یہوداہ کے آدمی وہاں آئے اور اُنہوں نے داؤد کو یہوداہ کے گھرانے کے بادشاہ کے طور پر مسح* کِیا۔
اُنہوں نے داؤد کو بتایا: ”یبیسجِلعاد کے آدمیوں نے ساؤل کو دفنایا تھا۔“ 5 اِس لیے داؤد نے یبیسجِلعاد کے آدمیوں کو قاصدوں کے ہاتھ یہ پیغام بھجوایا: ”یہوواہ آپ کو برکت دے کیونکہ آپ نے اپنے مالک ساؤل کو دفنا کر اُن کے لیے اٹوٹ محبت ظاہر کی۔ 6 یہوواہ آپ کے لیے اٹوٹ محبت اور وفاداری ظاہر کرے۔ مَیں بھی آپ کے اِس کام کی وجہ سے آپ سے مہربانی سے پیش آؤں گا۔ 7 اب خود کو مضبوط کریں اور دلیر بنیں کیونکہ آپ کے مالک ساؤل فوت ہو چُکے ہیں اور یہوداہ کے گھرانے نے مجھے اپنے بادشاہ کے طور پر مسح کِیا ہے۔“
8 لیکن نِیر کے بیٹے ابنیر جو ساؤل کی فوج کے سربراہ تھے، ساؤل کے بیٹے اِشبوسَت کو دریا کے پار محنایم لے آئے تھے۔ 9 اُنہوں نے اِشبوسَت کو جِلعاد، آشریوں، یزرعیل، اِفرائیم، بِنیامین اور سارے اِسرائیل کا بادشاہ بنا دیا تھا۔ 10 جب ساؤل کے بیٹے اِشبوسَت اِسرائیل کے بادشاہ بنے تو وہ 40 سال کے تھے۔ اُنہوں نے دو سال حکمرانی کی۔ لیکن یہوداہ کے گھرانے نے داؤد کا ساتھ دیا۔ 11 داؤد سات سال اور چھ مہینے حِبرون میں یہوداہ کے گھرانے کے بادشاہ رہے۔
12 کچھ وقت بعد نِیر کے بیٹے ابنیر اور ساؤل کے بیٹے اِشبوسَت کے خادم محنایم سے جِبعون گئے۔ 13 ضِرُویاہ کے بیٹے یوآب اور داؤد کے خادم بھی وہاں گئے اور جِبعون کے تالاب پر اُن کا سامنا کِیا۔ ایک گروہ تالاب کی ایک طرف بیٹھ گیا اور دوسرا گروہ تالاب کی دوسری طرف۔ 14 پھر ابنیر نے یوآب سے کہا: ”چلو اِن جوانوں سے کہتے ہیں کہ یہ اُٹھ کر ہمارے سامنے مقابلہ کریں۔ یوآب نے کہا: ”ٹھیک ہے۔“ 15 تب وہ اُٹھے اور دونوں طرف سے ایک جتنے آدمیوں کو مقابلے کے لیے بھیجا۔ 12 آدمی بِنیامین اور ساؤل کے بیٹے اِشبوسَت کی طرف سے تھے اور 12 آدمی داؤد کے خادموں میں سے تھے۔ 16 اُنہوں نے اپنے اپنے مخالف کو بالوں سے پکڑ لیا اور ایک دوسرے کے پہلو میں تلوار گھونپ دی۔ اِس طرح وہ سب ایک ساتھ ڈھیر ہو گئے۔ اِس لیے جِبعون میں موجود اُس جگہ کا نام خِلقتہصوریم پڑ گیا۔
17 اُس دن بہت شدید لڑائی ہوئی اور ابنیر اور اِسرائیل کے آدمیوں کو آخرکار داؤد کے خادموں کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ 18 ضِرُویاہ کے تین بیٹے وہاں تھے جن کے نام یوآب، ابیشے اور عساہیل تھے۔ عساہیل جنگلی غزال* کی طرح تیز دوڑتے تھے۔ 19 عساہیل ابنیر کا پیچھا کرنے لگے اور اُن کے پیچھے دوڑتے وقت وہ نہ دائیں مُڑے نہ بائیں۔ 20 جب ابنیر نے مُڑ کر دیکھا تو اُنہوں نے پوچھا: ”کیا یہ آپ ہو عساہیل؟“ عساہیل نے کہا: ”ہاں، مَیں ہوں۔“ 21 تب ابنیر نے اُن سے کہا: ”یا تو دائیں مُڑ جاؤ یا بائیں اور کسی جوان کو پکڑ کر اُس سے جو چاہے، چھین لو۔“ لیکن عساہیل اُن کا پیچھا کرنے سے باز نہیں آ رہے تھے۔ 22 اِس لیے ابنیر نے ایک بار پھر عساہیل سے کہا: ”میرا پیچھا کرنا چھوڑ دو۔ اگر آپ میرے ہاتھوں مارے گئے تو مَیں آپ کے بھائی یوآب کو کیا مُنہ دِکھاؤں گا؟“ 23 لیکن جب عساہیل نہیں رُکے تو ابنیر نے نیزے کا پچھلا سِرا اُن کے پیٹ میں اِس طرح مارا کہ وہ اُن کی کمر سے باہر نکل آیا۔ عساہیل وہیں گِر گئے اور موقعے پر ہی دم توڑ دیا۔ جو بھی اُس جگہ سے گزرتا تھا جہاں عساہیل کی لاش پڑی تھی، وہ کچھ دیر وہاں رُکتا تھا۔
24 پھر یوآب اور ابیشے ابنیر کے پیچھے گئے۔ جب سورج غروب ہو رہا تھا تو وہ اَمّہ کی پہاڑی پر پہنچے جو جیاح کے سامنے اور جِبعون کے ویرانے کی طرف جانے والے راستے پر ہے۔ 25 بِنیامینی ابنیر کے پیچھے اِکٹھے ہو گئے اور ایک دستے کی صورت میں ایک پہاڑی کی چوٹی پر کھڑے ہو گئے۔ 26 ابنیر نے یوآب کو پکار کر کہا: ”ہماری تلواریں کب تک ایک دوسرے کو کاٹتی رہیں گی؟ کیا آپ کو نہیں پتہ کہ اِس کا انجام بُرا ہی ہوگا؟ آپ اپنے لوگوں کو کب روکو گے کہ وہ اپنے بھائیوں کا پیچھا کرنا چھوڑ دیں؟“ 27 اِس پر یوآب نے کہا: ”زندہ اور سچے خدا کی قسم، اگر آپ نے یہ بات نہ کہی ہوتی تو لوگ صبح تک اپنے بھائیوں کا پیچھا کرتے رہتے۔“ 28 پھر یوآب نے نرسنگا* پھونکا اور اُن کے آدمیوں نے اِسرائیلیوں کا پیچھا کرنا چھوڑ دیا۔ اِس طرح لڑائی بند ہو گئی۔
29 اِس کے بعد ابنیر اور اُن کے آدمیوں نے ساری رات چل کر اراباہ پار کِیا۔ پھر اُنہوں نے دریائےاُردن* پار کِیا اور ساری گھاٹی* میں چلتے ہوئے آخرکار محنایم پہنچے۔ 30 جب یوآب ابنیر کا پیچھا کرنے کے بعد لوٹے تو اُنہوں نے سب لوگوں کو اِکٹھا کِیا۔ داؤد کے خادموں میں سے عساہیل کے علاوہ 19 لوگ کم تھے۔ 31 لیکن داؤد کے خادموں نے بِنیامینیوں اور ابنیر کے آدمیوں کو شکست دی تھی اور اُن کے 360 آدمی مار ڈالے تھے۔ 32 اُنہوں نے عساہیل کی لاش لے جا کر بیتلحم میں اُن کے والد کی قبر میں دفنا دی۔ پھر یوآب اور اُن کے آدمی ساری رات چلتے رہے اور پَو پھٹتے وقت حِبرون پہنچے۔