پیدائش
49 بعد میں یعقوب نے اپنے بیٹوں کو بُلایا اور کہا: ”سب میرے پاس آ جاؤ تاکہ مَیں آپ کو بتاؤں کہ آگے چل کر آپ کے ساتھ کیا کیا ہوگا۔ 2 یعقوب کے بیٹو! سب ایک جگہ جمع ہو جاؤ اور سنو! اپنے والد اِسرائیل کی بات سنو!
3 رُوبِن! آپ میرے پہلوٹھے ہو۔ میرا زور اور میری قوت* کا آغاز ہو۔ آپ کا مرتبہ اور آپ کی طاقت عظیم تھی۔ 4 لیکن آپ کو عظمت نہیں ملے گی کیونکہ آپ سیلاب کے پانی کی طرح بےقابو ہو گئے اور اپنے والد کے بستر تک پہنچ گئے۔ اُس وقت آپ نے میرے بستر کو ناپاک کِیا۔ ہاں، وہ اپنے والد کے بستر تک پہنچ گیا۔
5 شمعون اور لاوی بھائی ہیں۔ وہ اپنے ہتھیاروں سے ظلم ڈھاتے اور خونخرابہ کرتے ہیں۔ 6 اَے میری جان!* اُن کے ساتھ میل جول نہ رکھ۔ اَے میری عظمت!* اُن کے گروہ میں شامل نہ ہو کیونکہ اُنہوں نے طیش میں آ کر آدمیوں کو قتل کر دیا اور اپنے لطف کے لیے بیلوں کو لنگڑا بنا دیا۔ 7 لعنت اُن کے غصے پر جس کی وجہ سے وہ ظلم کرنے پر اُتر آئے! لعنت اُن کے غضب پر جس کے باعث اُنہوں نے قہر ڈھایا! مَیں اُنہیں یعقوب کے علاقے میں تتربتر کر دوں گا اور اِسرائیل میں بکھیر دوں گا۔
8 یہوداہ! آپ کے بھائی آپ کی تعریف کریں گے۔ آپ کا ہاتھ آپ کے دُشمنوں کی گردن پر ہوگا۔ آپ کے والد کے بیٹے آپ کے سامنے جھکیں گے۔ 9 یہوداہ شیر کا بچہ ہے۔ میرے بیٹے! آپ اپنا شکار مار کر اُوپر اُٹھو گے۔ وہ شیر کی طرح سکون سے پاؤں پھیلائے بیٹھا ہے اور کس کی مجال ہے کہ اُسے چھیڑے! 10 یہوداہ سے تب تک شاہی عصا نہیں چھوٹے گا اور اُس کے پاؤں کے بیچ سے حکمرانی کی لاٹھی نہیں ہٹے گی جب تک شیلوہ* نہ آئے جس کی سب قومیں فرمانبرداری کریں گی۔ 11 یہوداہ اپنا گدھا انگور کی بیل سے اور اپنی گدھی کا بچہ بہترین انگور کی بیل سے باندھے گا۔ وہ اپنا لباس مے میں اور اپنا چوغہ انگوروں کے رس میں دھوئے گا۔ 12 اُس کی آنکھیں مے کی وجہ سے لال ہیں اور اُس کے دانت دودھ کی وجہ سے سفید ہیں۔
13 زِبُولون سمندر کے ساحل پر بسے گا، اُس ساحل پر جہاں جہاز لنگر ڈالتے ہیں اور اُس کی سرحد صیدا کی طرف ہوگی۔
14 اِشّکار ایک طاقتور گدھا ہے جو اپنی زِین پر دونوں طرف بوجھ لادے ہوئے آرام کر رہا ہے۔ 15 وہ دیکھے گا کہ اُس کی آرامگاہ اچھی اور اُس کی سرزمین خوبصورت ہے۔ وہ بوجھ اُٹھانے کے لیے اپنا کندھا جھکائے گا اور جب اُس سے زبردستی محنتمشقت کروائی جائے گی تو وہ اِس کے لیے تیار ہو جائے گا۔
16 دان جو اِسرائیل کے قبیلوں میں سے ایک قبیلہ ہے، اپنی قوم کا اِنصاف کرے گا۔ 17 دان سڑک کے کنارے کا سانپ ہوگا، راستے کا وہ سینگوں والا سانپ جو گھوڑے کی ایڑیوں کو ایسا ڈستا ہے کہ اُس کا سوار پیچھے کی طرف گِر جاتا ہے۔ 18 اَے یہوواہ! مَیں تیری طرف سے نجات کا اِنتظار کروں گا۔
19 جد پر لُٹیروں کا ایک گروہ دھاوا بولے گا لیکن وہ ڈٹ کر اُس کا مقابلہ کرے گا اور اُس کے پیچھے جا کر اُسے مارے گا۔
20 آشر کے پاس کثرت سے* خوراک* ہوگی اور وہ ایسا کھانا مہیا کرے گا جو بادشاہ کے شایانِشان ہو۔
21 نفتالی ایک پھرتیلی ہِرنی ہے۔ وہ دل موہ لینے والی باتیں کرتا ہے۔
22 یوسف ایک پھلدار درخت کی کونپل ہے، ایک ایسے پھلدار درخت کی جو چشمے کے پاس لگا ہو اور جس کی شاخیں دیوار کے پار تک پھیلی ہوں۔ 23 مگر تیرانداز اُس سے نفرت کرتے رہے اور اُسے ڈراتے دھمکاتے رہے۔ اُنہوں نے اُس پر تیر برسائے۔ 24 لیکن اُس کی کمان اپنی جگہ سے نہیں ہلی اور اُس کے ہاتھ مضبوط رہے اور پُھرتی سے چلتے رہے۔ اِس کے پیچھے اُس طاقتور ہستی کا ہاتھ تھا جس نے یعقوب کی مدد کی یعنی اُس چرواہے کا جو اِسرائیل کو سہارا دینے والا پتھر ہے۔ 25 وہ* آپ کے والد کے خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔ اُسے لامحدود قدرت والے خدا کی قُربت حاصل ہے۔ خدا آپ کی مدد کرے گا۔ وہ آپ پر آسمان کی برکتیں برسائے گا اور آپ کو گہرے پانیوں کی برکتوں سے نوازے گا۔ وہ آپ کو کثرت سے اولاد اور مویشی* دے گا۔ 26 آپ کے والد کی یہ دُعائیں ابدی پہاڑوں کی عمدہ چیزوں اور مُدتوں سے قائم پہاڑیوں کی دلکش چیزوں سے افضل ہوں گی۔ اِن دُعاؤں کا سایہ ہمیشہ یوسف کے سر پر رہے گا جسے اُس کے بھائیوں سے الگ کِیا گیا ہے۔
27 بِنیامین ایک بھیڑیے کی طرح اپنے شکار کو پھاڑتا رہے گا۔ صبح میں وہ شکار کھائے گا اور شام میں لُوٹ کا مال تقسیم کرے گا۔“
28 یہ سب اِسرائیل کے 12 قبیلے ہیں اور یہ باتیں اُن کے والد نے اُنہیں دُعا دیتے وقت اُن سے کہیں۔ اِسرائیل نے اپنے ہر بیٹے کو وہ دُعا دی جو اُس کے لیے مناسب تھی۔
29 اِس کے بعد اُنہوں نے اپنے بیٹوں کو یہ ہدایت کی: ”مَیں بس مرنے والا ہوں۔* مجھے میرے باپدادا کے ساتھ اُس غار میں دفنانا جو عِفرون حِتّی کی زمین پر ہے 30 یعنی مکفیلہ کی زمین پر موجود غار میں جو ملک کنعان میں ممرے کے سامنے ہے۔ یہ وہ زمین ہے جسے اَبراہام نے عِفرون حِتّی سے اپنے عزیزوں کو دفنانے کے لیے خریدا تھا۔ 31 وہیں اَبراہام اور اُن کی بیوی سارہ کو دفن کِیا گیا اور اِضحاق اور اُن کی بیوی رِبقہ کو بھی۔ اور وہیں مَیں نے لِیاہ کو بھی دفنایا۔ 32 وہ زمین اور اُس میں موجود غار حِت کے بیٹوں سے خریدا گیا تھا۔“
33 اپنے بیٹوں کو یہ ہدایتیں دینے کے بعد یعقوب اپنے بستر پر لیٹ گئے۔ اِس کے بعد اُنہوں نے آخری سانس لی اور فوت ہو گئے۔*