سلاطین کی دوسری کتاب
13 یہوداہ کے بادشاہ اخزیاہ کے بیٹے یہوآس کی حکمرانی کے 23ویں سال میں یاہُو کا بیٹا یہوآخز سامریہ میں اِسرائیل کا بادشاہ بنا اور اُس نے 17 سال حکمرانی کی۔ 2 وہ ایسے کام کرتا رہا جو یہوواہ کی نظر میں بُرے تھے اور اُس گُناہ میں لگا رہا جو نِباط کے بیٹے یرُبعام نے اِسرائیل سے کرایا تھا۔ وہ اُس گُناہ سے باز نہیں آیا۔ 3 اِس لیے یہوواہ کا قہر اِسرائیل پر بھڑکا اور اُس نے اُنہیں کافی سال کے لیے سُوریہ کے بادشاہ حزائیل اور حزائیل کے بیٹے بِنہدد کے حوالے کر دیا۔
4 کچھ وقت بعد یہوآخز نے یہوواہ سے رحم کی بھیک مانگی اور یہوواہ نے اُس کی اِلتجا سنی کیونکہ اُس نے دیکھا تھا کہ سُوریہ کا بادشاہ اِسرائیل پر کتنا ظلم ڈھا رہا ہے۔ 5 اِس لیے یہوواہ نے اِسرائیل کو سُوریہ کے چُنگل سے چھڑانے کے لیے ایک نجاتدہندہ بھیجا اور اِسرائیلی پھر سے پہلے کی طرح اپنے گھروں میں* بسنے لگے۔ 6 (لیکن وہ اُس گُناہ سے باز نہیں آئے جو یرُبعام کے گھرانے نے اِسرائیل سے کرایا تھا۔ وہ اُس گُناہ میں لگے رہے اور سامریہ میں مُقدس بَلّی* موجود رہی۔) 7 یہوآخز کی فوج میں صرف 50 گُھڑسوار، 10 رتھ اور 10 ہزار پیدل سپاہی بچے کیونکہ سُوریہ کے بادشاہ نے اُس کی فوج کو تباہ کر دیا تھا اور ایسے روند دیا تھا جیسے کھلیان* میں اناج کی دُھول کو روندا جاتا ہے۔
8 یہوآخز کی باقی کہانی اور اُس کے سارے کاموں اور کارناموں* کے بارے میں تفصیل اِسرائیل کے بادشاہوں کے زمانے کی تاریخ کی کتاب میں لکھی ہے۔ 9 پھر یہوآخز اپنے باپدادا کی طرح فوت ہو گیا* اور اُسے سامریہ میں دفنایا گیا اور اُس کا بیٹا یہوآس اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔
10 یہوداہ کے بادشاہ یہوآس کی حکمرانی کے 37ویں سال میں یہوآخز کا بیٹا یہوآس سامریہ میں اِسرائیل کا بادشاہ بنا اور اُس نے 16 سال حکمرانی کی۔ 11 وہ ایسے کام کرتا رہا جو یہوواہ کی نظر میں بُرے تھے اور اُن سب گُناہوں سے باز نہیں آیا جو نِباط کے بیٹے یرُبعام نے اِسرائیل سے کرائے تھے۔ وہ اُن گُناہوں میں لگا رہا۔
12 یہوآس کی باقی کہانی اور اُس کے سارے کاموں اور کارناموں* اور یہوداہ کے بادشاہ اَمصیاہ سے اُس کی جنگ کے بارے میں تفصیل اِسرائیل کے بادشاہوں کے زمانے کی تاریخ کی کتاب میں لکھی ہے۔ 13 پھر یہوآس اپنے باپدادا کی طرح فوت ہو گیا* اور یرُبعام* اُس کے تخت پر بیٹھا۔ یہوآس کو سامریہ میں اِسرائیل کے بادشاہوں کے ساتھ دفنایا گیا۔
14 جب اِلیشع کو وہ بیماری لگی جس کی وجہ سے بعد میں وہ فوت ہو گئے تو اِسرائیل کا بادشاہ یہوآس اُن کے پاس آیا اور اُن کے اُوپر جھک کر رونے لگا اور کہنے لگا: ”میرے والد! میرے والد! اِسرائیل کا رتھ اور اُس کے گُھڑسوار!“ 15 اِلیشع نے اُس سے کہا: ”کمان اور تیر لو۔“ اِس پر اُس نے کمان اور تیر لیے۔ 16 پھر اِلیشع نے اِسرائیل کے بادشاہ سے کہا: ”کمان اپنے ہاتھ میں لو۔“ تب بادشاہ نے کمان اپنے ہاتھ میں لی جس کے بعد اِلیشع نے اپنے ہاتھ اُس کے ہاتھوں پر رکھے۔ 17 پھر اِلیشع نے کہا: ”مشرق کی طرف والی کھڑکی کھولو۔“ اِس پر اُس نے وہ کھڑکی کھولی۔ اِلیشع نے کہا: ”تیر چلاؤ۔“ اُس نے تیر چلایا۔ پھر اِلیشع نے کہا: ”یہ یہوواہ کی طرف سے جیت* کا تیر ہے، ہاں، سُوریہ پر جیت* کا تیر۔ تُم تب تک اَفیق میں سُوریہ کو مار گِراتے* رہو گے جب تک تُم اُس کا نامونشان نہیں مٹا دیتے۔“
18 اِس کے بعد اِلیشع نے کہا: ”تیر لو۔“ تب بادشاہ نے تیر لیے۔ پھر اِلیشع نے اِسرائیل کے بادشاہ سے کہا: ”اِنہیں زمین پر مارو۔“ تب اُس نے تین بار اُنہیں زمین پر مارا اور رُک گیا۔ 19 یہ دیکھ کر سچے خدا کے بندے کو اُس پر غصہ آیا اور اُس نے کہا: ”تمہیں اِنہیں پانچ یا چھ بار زمین پر مارنا چاہیے تھا۔ پھر تُم تب تک سُوریہ کو مار گِراتے رہتے جب تک تُم اُس کا نامونشان نہیں مٹا دیتے۔ لیکن اب تُم صرف تین بار سُوریہ کو مار گِراؤ گے۔“
20 اِس کے بعد اِلیشع فوت ہو گئے اور اُنہیں دفنایا گیا۔ موآبیوں کے لُٹیروں کے گروہ سال کے شروع میں* اِسرائیل میں آیا کرتے تھے۔ 21 ایک دن جب کچھ آدمی ایک آدمی کو دفنا رہے تھے تو اُنہوں نے لُٹیروں کے ایک گروہ کو دیکھا۔ تب وہ فٹافٹ اُس آدمی کی لاش کو اِلیشع کی قبر میں پھینک کر بھاگ گئے۔ جب اُس آدمی کی لاش اِلیشع کی ہڈیوں سے ٹکرائی تو وہ زندہ ہو گیا اور اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا۔
22 سُوریہ کا بادشاہ حزائیل یہوآخز کی حکمرانی کے پورے عرصے کے دوران اِسرائیل پر ظلم ڈھاتا رہا۔ 23 لیکن یہوواہ اِسرائیلیوں کے لیے رحم اور مہربانی ظاہر کرتا رہا اور اُس عہد کی خاطر جو اُس نے اَبراہام، اِضحاق اور یعقوب سے باندھا تھا، اُن کے لیے فکر ظاہر کرتا رہا۔ وہ اُنہیں تباہ نہیں کرنا چاہتا تھا اور اُس نے آج تک اُنہیں اپنے حضور سے نہیں نکالا۔ 24 جب سُوریہ کا بادشاہ حزائیل مر گیا تو اُس کا بیٹا بِنہدد اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔ 25 پھر یہوآخز کے بیٹے یہوآس نے حزائیل کے بیٹے بِنہدد سے وہ شہر واپس لے لیے جو بِنہدد نے اُس کے باپ یہوآخز سے جنگ کے دوران لیے تھے۔ یہوآس نے اُسے تین بار شکست دی* اور اِسرائیل کے شہر واپس لے لیے۔