تواریخ کی دوسری کتاب
14 پھر ابییاہ اپنے باپدادا کی طرح فوت ہو گیا* اور اُسے داؤد کے شہر میں دفنایا گیا اور اُس کے بیٹے آسا اُس کی جگہ بادشاہ بنے۔ آسا کے دَور میں دس سال تک ملک میں سکون رہا۔
2 آسا نے وہی کام کیے جو اُن کے خدا یہوواہ کی نظر میں اچھے اور صحیح تھے۔ 3 اُنہوں نے دوسرے خداؤں کی قربانگاہوں اور اُونچی جگہوں کو ڈھا دیا، مُقدس ستونوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے اور مُقدس بَلّیوں* کو کاٹ دیا۔ 4 اِس کے علاوہ اُنہوں نے یہوداہ کے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے باپدادا کے خدا یہوواہ کی تلاش کریں اور شریعت اور حکموں پر عمل کریں۔ 5 اُنہوں نے یہوداہ کے سب شہروں سے اُونچی جگہوں اور بخور کی قربانگاہوں کو ڈھا دیا اور اُن کی حکمرانی کے دوران ملک میں امن رہا۔ 6 اُنہوں نے یہوداہ میں فصیلدار شہر بنائے کیونکہ ملک میں امن تھا اور اُن سالوں کے دوران کسی نے اُن کے خلاف جنگ نہیں چھیڑی کیونکہ یہوواہ نے اُنہیں سکون بخشا تھا۔ 7 آسا نے یہوداہ کے لوگوں سے کہا: ”آئیں یہ شہر بنائیں اور اِن کے گِرد دیواریں اور بُرج تعمیر کریں اور دروازے* اور کُنڈے لگائیں۔ ابھی ملک ہمارے ہاتھ میں ہے کیونکہ ہم نے اپنے خدا یہوواہ کی تلاش کی ہے۔ ہم نے اُس کی تلاش کی ہے اور اُس نے ہمیں چاروں طرف سے سکون بخشا ہے۔“ اِس طرح وہ لوگ اپنے تعمیراتی کام میں کامیاب رہے۔
8 آسا کی فوج میں یہوداہ سے 3 لاکھ سپاہی تھے جو بڑی ڈھالوں اور نیزوں سے لیس تھے اور بِنیامین سے 2 لاکھ 80 ہزار طاقتور جنگجو تھے جو چھوٹی ڈھالیں* اُٹھاتے تھے اور کمانوں سے لیس تھے۔
9 بعد میں زارح اِیتھیوپیائی 10 لاکھ سپاہیوں اور 300 رتھوں کی فوج کے ساتھ اُن سے جنگ لڑنے آیا۔ جب وہ مریسہ پہنچا 10 تو آسا اُس کا مقابلہ کرنے گئے اور اُنہوں نے مریسہ کی وادیِصِفاتہ میں جنگ کے لیے صفیں باندھیں۔ 11 پھر آسا نے اپنے خدا یہوواہ کو پکارا اور کہا: ”اَے یہوواہ! تیرے نزدیک یہ بات معنی نہیں رکھتی کہ جن کی تُو مدد کر رہا ہے، وہ زیادہ ہیں یا کمزور ہیں۔ اَے ہمارے خدا یہوواہ! ہماری مدد کر کیونکہ ہمارا بھروسا تجھ پر ہے اور ہم تیرے نام سے اِس ہجوم کا مقابلہ کرنے آئے ہیں۔ اَے یہوواہ! تُو ہمارا خدا ہے۔ فانی اِنسان کو اپنے خلاف زور نہ پکڑنے دے۔“
12 تب یہوواہ نے آسا اور یہوداہ کو اِیتھیوپیائی فوج پر فتح دِلائی اور اِیتھیوپیائی بھاگ گئے۔ 13 آسا اور اُن کے لوگ جِرار تک اُن کے پیچھے گئے اور اُنہیں مار گِراتے رہے یہاں تک کہ اُن میں سے ایک بھی زندہ نہیں بچا۔ یہوواہ اور اُس کی فوج نے اُنہیں کچل دیا۔ اِس کے بعد یہوداہ کے لوگ اُن کا بہت سارا مال لُوٹ کر لے گئے۔ 14 اِس کے علاوہ وہ جِرار کے آسپاس کے سب شہروں پر حملہ کرنے میں کامیاب ہوئے کیونکہ اُن شہروں پر یہوواہ کا خوف چھا گیا تھا۔ اُنہوں نے سب شہروں کو لُوٹ لیا کیونکہ وہاں لُوٹنے کے لیے کافی کچھ تھا۔ 15 اُنہوں نے مویشی پالنے والوں کے خیموں پر بھی حملہ کِیا اور بڑی تعداد میں بھیڑبکریاں اور اُونٹ لُوٹ لیے۔ اِس کے بعد وہ یروشلم واپس چلے گئے۔