2-تھسلُنیکیوں
2 بھائیو، جہاں تک اُس وقت کا تعلق ہے جب ہمارے مالک یسوع مسیح کی موجودگی ہوگی اور جب ہمیں اُن کے ساتھ رہنے کے لیے جمع کِیا جائے گا تو ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ 2 اگر کوئی دعویٰ کرے کہ یہوواہ* کا دن آ گیا ہے تو فوراً اُلجھن میں نہ پڑیں اور پریشان نہ ہوں، چاہے ایسے دعوے کسی روحانی پیغام* یا زبانی پیغام یا ایسے خط پر مبنی ہوں جس کے بارے میں کہا جائے کہ یہ ہماری طرف سے ہے۔
3 دیکھیں، کسی کی باتوں میں نہ آئیں کیونکہ وہ دن تب تک نہیں آئے گا جب تک برگشتگی نہیں آئے گی اور بُرائی کا شخص یعنی ہلاکت کا بیٹا ظاہر نہیں ہوگا۔ 4 وہ ایک دُشمن ہے اور اپنے آپ کو دیوتاؤں اور معبودوں سے بڑا بناتا ہے۔ یوں وہ خدا کی ہیکل* میں بیٹھ کر سب کو دِکھاتا ہے کہ وہ خدا کی طرح ہے۔ 5 آپ کو یاد ہوگا کہ جب مَیں آپ کے ساتھ تھا تو مَیں آپ کو یہ باتیں بتایا کرتا تھا۔
6 آپ تو جانتے ہیں کہ کس نے اُس کا راستہ روکا ہوا ہے تاکہ وہ مقررہ وقت سے پہلے ظاہر نہ ہو۔ 7 دراصل یہ بُرائی ایک راز ہے اور ابھی بھی اپنا کام کر رہی ہے۔ لیکن یہ صرف اُس وقت تک راز رہے گی جب تک اِس کے راستے کی رُکاوٹ ہٹ نہیں جاتی۔ 8 اِس کے بعد بُرائی کا شخص ظاہر ہوگا جسے مالک یسوع اپنے مُنہ کی طاقت* سے اُس وقت بےاثر کر دیں گے اور مار ڈالیں گے جب اُن کی موجودگی ظاہر ہوگی۔ 9 دراصل بُرائی کے شخص کی موجودگی کے پیچھے شیطان کا ہاتھ ہے جو اُسے طاقت دیتا ہے کہ حیرتانگیز کام کرے اور معجزے اور جھوٹی نشانیاں دِکھائے 10 اور ہر طرح کی بُرائی کے ذریعے اُن لوگوں کو دھوکا دے جنہیں سزا کے طور پر ہلاک کر دیا جائے گا کیونکہ اُنہوں نے اُس سچائی سے محبت نہیں کی جس کے ذریعے اُن کی جان بچ سکتی تھی۔ 11 لہٰذا خدا نے اُنہیں اِس لیے فریب کا شکار ہونے دیا تاکہ وہ جھوٹ پر یقین کریں 12 اور اُنہیں سزا دی جائے کیونکہ اُنہوں نے سچائی پر یقین نہیں کِیا بلکہ بُرائی کو پسند کِیا۔
13 بھائیو اور یہوواہ* کے عزیزو، ہمارا فرض ہے کہ آپ کے لیے ہمیشہ خدا کا شکر کریں کیونکہ اُس نے آپ کو اپنی روح کے ذریعے مخصوص* کر کے اور سچائی پر آپ کے ایمان کو دیکھ کر آپ کو نجات دِلانے کے لیے شروع سے چُنا۔ 14 اُس نے آپ کو اُس خوشخبری کی بِنا پر چُنا جو ہم سناتے ہیں تاکہ آپ ہمارے مالک یسوع مسیح جیسی شان حاصل کریں۔ 15 لہٰذا بھائیو، ثابتقدم رہیں اور اُن باتوں* پر قائم رہیں جو آپ کو سکھائی گئی ہیں، چاہے وہ کسی زبانی پیغام پر مبنی ہوں یا ہمارے کسی خط پر۔ 16 ہماری دُعا ہے کہ ہمارے مالک یسوع مسیح اور ہمارا باپ خدا جو ہم سے محبت کرتا ہے اور جس نے اپنی عظیم رحمت کے ذریعے ہمیں ابدی تسلی اور شاندار اُمید دی ہے، 17 آپ کے دلوں کو تسلی دیں اور آپ کو مضبوط بنائیں تاکہ آپ ہمیشہ اچھی باتیں کہیں اور اچھے کام کریں۔