آستر
3 اِس کے بعد بادشاہ اخسویرس نے ہمداتا اجاجی کے بیٹے ہامان کو عزت بخشی اور اُسے باقی سب حاکموں سے زیادہ اُونچا عہدہ* دیا۔ 2 بادشاہ کے محل کے دروازے پر موجود سب خادم ہامان کے سامنے جھکتے اور مُنہ کے بل لیٹ کر اُس کی تعظیم کرتے تھے کیونکہ بادشاہ نے ایسا کرنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن مردکی نے اُس کے سامنے جھکنے اور مُنہ کے بل لیٹ کر اُس کی تعظیم کرنے سے اِنکار کر دیا۔ 3 اِس لیے بادشاہ کے محل کے دروازے پر بیٹھنے والے بادشاہ کے خادموں نے مردکی سے کہا: ”آپ بادشاہ کے حکم کی خلافورزی کیوں کر رہے ہو؟“ 4 وہ ہر روز مردکی سے یہی کہتے تھے لیکن مردکی اُن کی بات نہیں سنتے تھے۔ پھر اُن خادموں نے ہامان کو اِس بارے میں بتایا کیونکہ وہ دیکھنا چاہتے تھے کہ مردکی کا یہ رویہ برداشت کِیا جائے گا یا نہیں۔ اصل میں مردکی نے اُنہیں بتایا تھا کہ وہ ایک یہودی ہیں۔
5 جب ہامان نے دیکھا کہ مردکی نے اُس کے سامنے جھکنے اور مُنہ کے بل لیٹ کر اُس کی تعظیم کرنے سے اِنکار کر دیا ہے تو وہ آگبگولا ہو گیا۔ 6 لیکن ہامان نے سوچا کہ صرف مردکی کو مارنا اُس کی شان کے خلاف ہے کیونکہ اُس کے خادموں نے اُسے مردکی کی قوم کے بارے میں بتایا تھا۔ اِس لیے ہامان مردکی کی ساری قوم یعنی اُن سب یہودیوں کو مٹانے کا موقع ڈھونڈنے لگا جو اخسویرس کی پوری سلطنت میں رہتے تھے۔
7 بادشاہ اخسویرس کی حکمرانی کے 12ویں سال کے پہلے مہینے یعنی نیسان* کے مہینے میں ہامان کے سامنے پُور (یعنی قُرعہ) ڈالا گیا تاکہ یہ طے کِیا جا سکے کہ ایسا* کس مہینے اور کس دن کِیا جائے۔ اور قُرعہ 12ویں مہینے یعنی ادار* کے مہینے کا نکلا۔ 8 پھر ہامان نے بادشاہ اخسویرس سے کہا: ”آپ کی سلطنت کے سب صوبوں* میں ایک قوم پھیلی ہوئی ہے جس کے قوانین باقی سب قوموں سے فرق ہیں اور جو بادشاہ کے قوانین کو نہیں مانتی۔ اگر اُس قوم کا کچھ نہ کِیا گیا تو بادشاہ کو نقصان ہو سکتا ہے۔ 9 اگر بادشاہ کو مناسب لگے تو اُن لوگوں کو ختم کرنے کے لیے ایک فرمان جاری کِیا جائے۔ مَیں عہدےداروں کو شاہی خزانے کے لیے 10 ہزار قِنطار* چاندی دوں گا۔“*
10 اِس پر بادشاہ نے اپنے ہاتھ سے اپنی مُہر والی انگوٹھی اُتار کر ہمداتا اجاجی کے بیٹے ہامان کو دی جو یہودیوں کا دُشمن تھا۔ 11 پھر بادشاہ نے ہامان سے کہا: ”مَیں چاندی* اور وہ قوم تمہارے حوالے کرتا ہوں۔ تمہیں اُن لوگوں کے ساتھ جیسا ٹھیک لگے، ویسا کرو۔“ 12 اِس کے بعد پہلے مہینے کے 13ویں دن بادشاہ کے مُنشیوں کو بُلایا گیا۔ اُنہوں نے ہامان کے سارے حکم بادشاہ کے وزیروں، صوبوں* کے ناظموں اور فرق فرق قوموں کے حاکموں کو لکھے۔ یہ حکم ہر صوبے* کے طرزِتحریر اور ہر قوم کی زبان میں لکھوائے گئے۔ اِنہیں بادشاہ اخسویرس کے نام سے لکھا گیا اور اِن پر بادشاہ کی انگوٹھی سے مُہر لگائی گئی۔
13 یہ خط قاصدوں کے ہاتھ بادشاہ کی سلطنت کے سارے صوبوں* میں بھیجے گئے۔ اِن میں یہ حکم دیا گیا کہ سب یہودیوں کو 12ویں مہینے یعنی ادار کے مہینے کے 13ویں دن ایک ہی دن میں مار ڈالا جائے۔ جوانوں، بوڑھوں، بچوں اور عورتوں کا نامونشان مٹا دیا جائے اور اُن کی سب چیزوں پر قبضہ کر لیا جائے۔ 14 ہر صوبے* میں اِس فرمان کی نقل بھیج کر اِسے قانون کے طور پر لاگو کِیا جانا تھا اور سب قوموں کے سامنے اِس کا اِعلان کِیا جانا تھا تاکہ وہ اُس دن کے لیے تیار ہو جائیں۔ 15 بادشاہ کے حکم پر قاصد فوراً روانہ ہوئے اور یہ قانون سُوسن* کے قلعے* میں جاری کِیا گیا۔ پھر بادشاہ اور ہامان بیٹھ کر مے پینے لگے جبکہ شہر سُوسن* میں ہلچل مچ گئی۔