زبور
داؤد کا گیت۔
144 یہوواہ کی بڑائی ہو جو میری چٹان ہے؛
جو میرے ہاتھوں کو لڑائی کرنا
اور میری اُنگلیوں کو جنگ کرنا سکھاتا ہے۔
2 وہ میرے لیے اٹوٹ محبت ظاہر کرتا ہے اور میرا قلعہ ہے؛
وہ میری محفوظ پناہگاہ،* مجھے چھڑانے والا اور میری ڈھال ہے؛
مَیں نے اُس کے پاس پناہ لی ہے؛
وہ قوموں کو میرے تابع کر دیتا ہے۔
3 اَے یہوواہ! اِنسان کیا ہے کہ تُو اُس پر غور کرے؟
فانی اِنسان کا بیٹا کیا ہے کہ تُو اُس پر توجہ فرمائے؟
4 اِنسان بس ایک سانس کی طرح ہے؛
اُس کی زندگی ڈھلتے سائے کی طرح ہے۔
5 اَے یہوواہ! آسمان کو جھکا اور نیچے اُتر آ؛
پہاڑوں کو چُھو تاکہ اُن سے دُھواں نکلے۔
6 بجلی چمکا اور دُشمنوں کو تتربتر کر دے؛
اپنے تیر چلا اور اُنہیں بوکھلاہٹ کا شکار کر دے۔
7 آسمان سے اپنا ہاتھ بڑھا؛
مجھے چھڑا اور ٹھاٹھیں مارتے پانیوں سے بچا؛
مجھے پردیسیوں کے ہاتھ* سے بچا
8 جو جھوٹ بولتے ہیں
اور جھوٹی قسم کھانے کے لیے اپنا دایاں ہاتھ اُٹھاتے ہیں۔*
9 اَے خدا! مَیں تیرے لیے ایک نیا گیت گاؤں گا۔
مَیں دس تاروں والے ساز کے ساتھ تیری تعریف میں گیت گاؤں گا*
10 کیونکہ تُو بادشاہوں کو جیت* دِلاتا ہے
اور اپنے بندے داؤد کو جانلیوا تلوار سے بچاتا ہے۔
11 مجھے چھڑا اور پردیسیوں کے ہاتھ سے بچا
جو جھوٹ بولتے ہیں
اور جھوٹی قسم کھانے کے لیے اپنا دایاں ہاتھ اُٹھاتے ہیں۔
12 تب ہمارے بیٹے اُن پودوں کی طرح ہوں گے جو تیزی سے بڑھتے ہیں
اور ہماری بیٹیاں تراشے ہوئے اُن خوبصورت ستونوں کی طرح جو محل کے کونوں میں ہوتے ہیں۔
13 ہمارے گودام ہر طرح کی پیداوار سے بھر جائیں گے؛
ہمارے میدانوں میں گلّوں کی تعداد بڑھ کر ہزاروں بلکہ لاکھوں میں ہو جائے گی۔
14 ہماری حاملہ گائیوں کے ساتھ نہ تو کوئی حادثہ ہوگا اور نہ ہی اُن کا بچہ ضائع ہوگا؛
ہمارے چوکوں میں کسی طرح کا رونا دھونا نہیں ہوگا۔
15 وہ لوگ خوش رہتے ہیں جنہیں یہ سب برکتیں ملتی ہیں!
وہ لوگ خوش رہتے ہیں جن کا خدا یہوواہ ہے!