تواریخ کی پہلی کتاب
16 اِس طرح وہ لوگ سچے خدا کے صندوق کو اُس خیمے میں لائے جو داؤد نے اِس کے لیے کھڑا کِیا تھا اور اِسے وہاں رکھ دیا۔ پھر اُنہوں نے سچے خدا کے حضور بھسم ہونے والی قربانیاں اور صلح* والی قربانیاں پیش کیں۔ 2 جب داؤد نے بھسم ہونے والی قربانیاں اور صلح* والی قربانیاں پیش کر لیں تو اُنہوں نے لوگوں کو یہوواہ کے نام سے دُعا دی۔ 3 اِس کے علاوہ اُنہوں نے سب اِسرائیلیوں یعنی ہر ایک مرد اور عورت کو روٹی، کھجور کی ٹکی اور کشمش کی ٹکی دی۔ 4 پھر اُنہوں نے کچھ لاویوں کو مقرر کِیا تاکہ وہ یہوواہ کے صندوق کے سامنے خدمت کریں، اِسرائیل کے خدا یہوواہ کی تعظیم کریں،* اُس کا شکر ادا کریں اور اُس کی بڑائی کریں۔ 5 آسَف سربراہ تھے اور زکریاہ اُن کے بعد تھے۔ یعیایل، شِمیراموت، یحیایل، متِتیاہ، اِلیاب، بِنایاہ، عوبیدادوم اور یعیایل تاردار ساز اور بربط* بجاتے تھے؛ آسَف جھانجھیں بجاتے تھے 6 اور کاہن بِنایاہ اور کاہن یحزیایل سچے خدا کے عہد کے صندوق کے سامنے مسلسل نرسنگے بجاتے تھے۔
7 اُس دن داؤد نے پہلی بار شکرگزاری کا ایک گیت آسَف اور اُن کے بھائیوں کے ذریعے یہوواہ کے حضور پیش کِیا۔ وہ گیت یہ تھا:
8 ”یہوواہ کا شکر کرو؛ اُس کا نام لو؛
قوموں کو اُس کے کاموں کے بارے میں بتاؤ!
10 اُس کے پاک نام پر فخر کرو۔
اُن لوگوں کے دل خوش ہوں جو یہوواہ کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
11 یہوواہ کی تلاش کرو اور اُس سے طاقت مانگو۔
اُس کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہو۔
12 اُس نے جو حیرانکُن کام کیے ہیں، ہاں، جو معجزے کیے ہیں
اور جو فیصلے سنائے ہیں، اُنہیں یاد کرو۔
13 تُم جو اُس کے بندے اِسرائیل کی نسل،
یعقوب کے بیٹے اور اُس کے چُنے ہوئے لوگ ہو، اُس کے کاموں کو یاد کرو۔
14 وہ یہوواہ ہمارا خدا ہے۔
اُس کے فیصلے ساری زمین پر لاگو ہوتے ہیں۔
15 اُس کے عہد کو ہمیشہ یاد رکھو،
ہاں، اُس وعدے* کو جو اُس نے ہزاروں پُشتوں سے کِیا،
16 اُس عہد کو جو اُس نے اَبراہام سے باندھا
اور اُس قسم کو جو اُس نے اِضحاق سے کھائی۔
17 اُس نے یعقوب کے سامنے اِس کی تصدیق کی
اور اِسے اِسرائیل کے لیے ایک ابدی عہد ٹھہرایا
18 اور کہا: ”مَیں تمہیں ملک کنعان دوں گا
اور یہ تمہارے حصے کی وراثت ہوگی۔“
19 اُس نے یہ بات اُس وقت کہی جب آپ تعداد میں کم تھے،
ہاں، بہت ہی کم تھے اور اُس ملک میں پردیسی تھے۔
20 وہ ایک قوم سے دوسری قوم میں
اور ایک سلطنت سے دوسری سلطنت میں جاتے تھے۔
21 اُس نے کسی کو بھی اُن پر ظلم نہیں ڈھانے دیا
بلکہ اُن کی خاطر بادشاہوں کو ڈانٹا
22 اور کہا: ”میرے مسحشُدہ* بندوں کو ہاتھ نہ لگانا
اور میرے نبیوں کو کوئی نقصان نہ پہنچانا۔“
23 اَے ساری زمین! یہوواہ کے لیے گیت گا!
ہر روز اُس کے نجاتبخش کاموں کا اِعلان کر!
24 قوموں میں اُس کی عظمت کا اِعلان کر؛
سب لوگوں کے بیچ اُس کے حیرانکُن کاموں کو بیان کر
25 کیونکہ یہوواہ عظیم اور سب سے زیادہ تعریف کے لائق ہے۔
سب خداؤں سے زیادہ اُس کا احترام کِیا* جانا چاہیے۔
26 قوموں کے سارے خدا فضول خدا ہیں
لیکن یہوواہ وہ ہے جس نے آسمان بنایا ہے۔
27 عظمت* اور شانوشوکت اُس کے حضور بستی ہیں؛
طاقت اور خوشی اُس کی رہائشگاہ میں بسیرا کرتی ہیں۔
28 قوموں کے سب گھرانو! یہوواہ کی بڑائی کرو؛*
یہوواہ کی عظمت اور طاقت کی وجہ سے اُس کی بڑائی کرو۔*
29 یہوواہ کی ایسی تعظیم کرو جو اُس کے نام کے شایانِشان ہو؛
اُس کے حضور آؤ اور نذرانہ لاؤ۔
پاک لباس پہن کر* یہوواہ کے سامنے جھکو۔*
30 اَے ساری زمین! اُس کے حضور کانپ!
زمین* مضبوطی سے قائم ہے؛ اِسے ہلایا نہیں جا سکتا۔*
31 آسمان خوشی منائے اور زمین باغ باغ ہو؛
قوموں میں اِعلان کرو: ”یہوواہ بادشاہ بن گیا ہے!“
32 سمندر اور اِس کی ساری چیزیں شادمانی سے للکاریں؛
میدان اور اِن کی ساری چیزیں خوشی سے جھومیں۔
33 جنگل کے درخت بھی یہوواہ کے حضور خوشی سے للکاریں
کیونکہ وہ زمین کی عدالت کرنے آ رہا ہے۔*
34 یہوواہ کا شکر کرو کیونکہ وہ اچھا ہے؛
اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔
35 اور کہو: ”ہمیں نجات دِلانے والے خدا! ہمیں بچا؛
ہمیں جمع کر لے اور ہمیں قوموں سے بچا
تاکہ ہم تیرے پاک نام کی تعظیم کریں
اور خوشی خوشی تیری بڑائی کریں۔*
اور سب لوگوں نے کہا: ”آمین!“* اور اُنہوں نے یہوواہ کی بڑائی کی۔
37 پھر داؤد نے آسَف اور اُن کے بھائیوں کو یہوواہ کے عہد کے صندوق کے سامنے چھوڑا تاکہ وہ روز کے معمول کے مطابق صندوق کے سامنے خدمت کرتے رہیں۔ 38 عوبیدادوم اور اُن کے 68 بھائی، یدوتون کے بیٹے عوبیدادوم اور حوساہ دربان تھے۔ 39 کاہن صدوق اور اُن کے ساتھی کاہنوں کو جِبعون میں اُونچی جگہ پر یہوواہ کے مُقدس خیمے کے سامنے مقرر کِیا گیا 40 تاکہ وہ بھسم ہونے والی قربانیوں کی قربانگاہ پر باقاعدگی سے صبح شام یہوواہ کے حضور بھسم ہونے والی قربانی پیش کریں اور وہ سب کچھ کریں جو یہوواہ کی شریعت میں لکھا ہے اور جس کا حکم اُس نے اِسرائیل کو دیا ہے۔ 41 اُن کے ساتھ ہیمان اور یدوتون اور باقی چُنے ہوئے آدمی تھے جنہیں نام لے کر یہوواہ کا شکر ادا کرنے کے لیے مقرر کِیا گیا تھا کیونکہ ”اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔“ 42 اُن کے ساتھ ہیمان اور یدوتون نرسنگے، جھانجھیں اور سچے خدا کی حمد کے لیے اِستعمال ہونے والے ساز* بجاتے تھے اور یدوتون کے بیٹوں کو دروازے پر مقرر کِیا گیا۔ 43 پھر سب لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے اور داؤد اپنے گھرانے کو دُعا دینے کے لیے گئے۔