زبور
داؤد کا ماتمی گیت جو اُنہوں نے کُوش بِنیامینی کی باتوں کی وجہ سے یہوواہ کے حضور گایا۔
7 اَے یہوواہ میرے خدا! مَیں نے تیرے پاس پناہ لی ہے۔
جو مجھ پر اذیت ڈھاتے ہیں، اُن سب سے مجھے بچا اور مجھے چھڑا لے
2 ورنہ وہ شیر کی طرح میرے* ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے؛
وہ مجھے اُٹھا کر لے جائیں گے اور مجھے بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔
3 اَے یہوواہ میرے خدا! اگر مَیں نے کوئی غلطی کی ہے؛
اگر مَیں نے نااِنصافی سے کام لیا ہے؛
4 اگر مَیں نے اُس شخص کے ساتھ کچھ بُرا کِیا ہے جس نے میرے ساتھ بھلائی کی ہے
یا اگر مَیں نے بِلاوجہ اپنے دُشمن کو لُوٹا ہے*
5 تو دُشمن میرا پیچھا کر کے مجھے* گھیر لے؛
مجھے زمین پر کچل کر میری جان لے لے
اور میری ساری عزت مٹی میں ملا دے۔ (سِلاہ)
6 اَے یہوواہ! اُٹھ! اپنا غصہ ظاہر کر؛
غصے سے بھڑکے ہوئے میرے دُشمنوں کے خلاف کھڑا ہو؛
میری خاطر جاگ اور حکم دے کہ اِنصاف کِیا جائے۔
7 قومیں تیرے اِردگِرد اِکٹھی ہو جائیں
اور تُو بلندی سے اُن کے خلاف کارروائی کرے۔
8 یہوواہ قوموں کے بارے میں فیصلہ سنائے گا۔
اَے یہوواہ! میری نیکی اور وفاداری کے مطابق میرا اِنصاف کر۔
9 مہربانی سے بُرے لوگوں کے بُرے کاموں کو روک دے
لیکن نیک لوگوں کو محفوظ رکھ
کیونکہ تُو نیک خدا ہے جو دلوں کو اور گہرائیوں میں موجود احساسات* کو جانچتا ہے۔
10 خدا میری ڈھال ہے؛
وہ نیکدل لوگوں کا نجاتدہندہ ہے۔
11 خدا نیک منصف ہے؛
وہ ہر روز فیصلے* سناتا ہے۔
12 اگر کوئی شخص توبہ نہیں کرتا تو خدا اپنی تلوار تیز کرتا ہے؛
وہ اپنی کمان کَستا ہے اور اِسے تانتا ہے؛
13 وہ اپنے خطرناک ہتھیاروں کو تیار کرتا ہے؛
وہ اپنے جلتے ہوئے تیروں سے نشانہ باندھتا ہے۔
14 اُسے دیکھ جس کی کوکھ میں بُرائی پَل رہی ہے؛
اُس کے پیٹ میں فساد کا حمل ٹھہرتا ہے اور وہ جھوٹ کو جنم دیتا ہے۔
15 وہ گڑھا کھودتا ہے اور اِسے گہرا کرتا ہے
لیکن وہ خود اپنے کھودے ہوئے گڑھے میں گِر جائے گا۔
16 اُس نے جو مصیبت کھڑی کی ہے، وہ اُسی کے سر آ پڑے گی؛
اُس نے جو ظلم ڈھایا ہے، وہ خود ہی اُس کا شکار ہو جائے گا۔
17 مَیں یہوواہ کے اِنصاف کے لیے اُس کی بڑائی کروں گا؛
مَیں خدا تعالیٰ یہوواہ کے نام کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔*