زبور
داؤد کا نغمہ۔
101 اَے یہوواہ! مَیں تیری اٹوٹ محبت اور تیرے اِنصاف کے بارے میں گیت گاؤں گا،
ہاں، مَیں تیری تعریف میں گیت گاؤں گا۔*
2 مَیں سمجھداری سے کام لوں گا اور بےاِلزام* رہوں گا۔
تُو کب میرے پاس آئے گا؟
مَیں اپنے گھر میں بھی وفاداری کی راہ پر چلوں گا۔
3 مَیں کسی بےکار چیز کو اپنی نظروں کے سامنے نہیں رکھوں گا۔
مجھے اُن لوگوں کے کاموں سے نفرت ہے جو صحیح راہ سے بھٹک جاتے ہیں؛
مَیں اُن سے کوئی واسطہ نہیں رکھوں گا۔
4 مَیں اُن لوگوں سے دُور رہتا ہوں جن کے دل میں کھوٹ ہے؛
مَیں کسی بھی بُرے کام میں شامل نہیں ہوں گا۔*
5 مَیں ہر اُس شخص کو خاموش کرا دوں گا*
جو چوری چھپے اپنے پڑوسی کے بارے میں جھوٹی باتیں پھیلاتا ہے۔
مَیں کسی بھی ایسے شخص کو برداشت نہیں کروں گا
جس کی آنکھوں میں گھمنڈ اور دل میں غرور ہے۔
6 میری نظریں زمین پر رہنے والے خدا کے وفادار بندوں پر ہوں گی
تاکہ وہ میرے ساتھ بسیں۔
جو شخص بےاِلزام ہے،* وہی میری خدمت کرے گا۔
7 کوئی دھوکےباز شخص میرے گھر میں نہیں رہے گا
اور کوئی جھوٹا شخص میری آنکھوں کے سامنے کھڑا نہیں ہوگا۔
8 مَیں ہر صبح زمین کے سب بُرے لوگوں کو خاموش کرا دوں گا؛*
مَیں یہوواہ کے شہر سے تمام گُناہگاروں کو مٹا دوں گا۔