زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس گیت کو ”مجھے برباد نہ ہونے دے“ کی دُھن پر گایا جائے۔ داؤد کا مِکتام۔* یہ گیت اُس وقت کا ہے جب داؤد ساؤل سے بھاگ کر غار میں چلے گئے۔
57 مجھ پر مہربانی کر، اَے خدا! مجھ پر مہربانی کر
کیونکہ مَیں* تیرے پاس پناہ لیتا ہوں؛
مَیں تب تک تیرے پَروں کے سائے میں پناہ لیتا ہوں جب تک مصیبتیں ٹل نہیں جاتیں۔
2 مَیں خدا تعالیٰ کو پکارتا ہوں،
ہاں، سچے خدا کو جو میری مصیبتیں ختم کر دیتا ہے۔
3 وہ آسمان سے مدد بھیجے گا اور مجھے بچائے گا۔
وہ اُن لوگوں کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دے گا جو مجھے کاٹنے کو دوڑتے ہیں۔ (سِلاہ)
خدا اپنی اٹوٹ محبت اور وفاداری ظاہر کرے گا۔
4 مَیں* شیروں سے گِھرا ہوا ہوں؛
مجھے ایسے لوگوں کے بیچ لیٹنا پڑا ہے جو مجھے پھاڑ کھانا چاہتے ہیں؛
جن کے دانت نیزے اور تیر ہیں
اور جن کی زبان تیز تلوار ہے۔
5 اَے خدا! آسمان پر تیری عظمت ظاہر ہو
اور پوری زمین پر تیری شان پھیل جائے۔
6 میرے دُشمنوں نے میرے پیروں کے لیے جال بچھایا ہے؛
مَیں* پریشانی کے بوجھ سے جھک گیا ہوں۔
اُنہوں نے میرے راستے میں گڑھا کھودا ہے
لیکن وہ خود ہی اِس میں گِر گئے ہیں۔ (سِلاہ)
مَیں گاؤں گا اور موسیقی بجاؤں گا۔
8 اَے میرے دل!* جاگ!
اَے تاردار ساز! جاگ! اَے بربط!* تُو بھی جاگ!
مَیں صبح کو جگاؤں گا۔
9 اَے یہوواہ! مَیں قوموں میں تیری بڑائی کروں گا؛
مَیں قوموں کے بیچ تیری تعریف میں گیت گاؤں گا*
10 کیونکہ تیری اٹوٹ محبت عظیم، ہاں، آسمان جتنی بلند ہے
اور تیری وفاداری آسمان کو چُھوتی ہے۔
11 اَے خدا! آسمان پر تیری عظمت ظاہر ہو
اور پوری زمین پر تیری شان پھیل جائے۔