اِفِیسوں
3 مَیں پولُس، اِس لیے قید ہوں کیونکہ مَیں مسیح یسوع کا پیروکار ہوں اور مَیں نے آپ غیریہودیوں کی مدد کی ہے۔ 2 آپ نے سنا ہے کہ مجھے آپ کی خاطر خدا کی عظیم رحمت کا مختار بنایا گیا 3 اور مجھ پر ایک وحی کے ذریعے مُقدس راز ظاہر کِیا گیا۔ اِس بات کا ذکر مَیں پہلے بھی کر چُکا ہوں۔ 4 لہٰذا جب آپ یہ خط پڑھیں گے تو آپ جان جائیں گے کہ مَیں مسیح کے بارے میں مُقدس راز کی کس حد تک سمجھ رکھتا ہوں۔ 5 یہ راز پہلی پُشتوں پر ظاہر نہیں کِیا گیا لیکن اب پاک روح کے ذریعے مُقدس رسولوں اور نبیوں پر ظاہر ہو گیا ہے۔ 6 راز یہ تھا کہ غیریہودیوں کو خوشخبری کے ذریعے اور مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہونے کی وجہ سے ہمارے ساتھ وراثت ملے گی، وہ ہمارے ساتھ وعدے میں شریک ہوں گے اور ہم سب ایک ہی گروہ کے رُکن* ہوں گے۔ 7 خدا نے اپنی طاقت کے ذریعے مجھے عظیم رحمت کی نعمت عطا کی اور یوں مجھے اِس راز کا خادم بنا دیا۔
8 حالانکہ مَیں تمام مُقدسوں میں سب سے کمتر ہوں لیکن مجھے عظیم رحمت عطا کی گئی تاکہ مَیں غیریہودیوں کو مسیح کی بےاِنتہا دولت کی خوشخبری سناؤں 9 اور سب کو بتاؤں کہ تمام چیزوں کے خالق نے اُس مُقدس راز کو ظاہر کرنے کا کیا اِنتظام کِیا ہے جو مُدتوں سے پوشیدہ تھا۔ 10 یہ اِس لیے ہوا تاکہ کلیسیا* کے ذریعے آسمانی حکومتوں اور اِختیار والوں پر خدا کی دانشمندی کے بےشمار پہلو ظاہر ہوں۔ 11 اور یہ اُس ابدی اِرادے کے مطابق ہے جس کا تعلق مسیح سے یعنی ہمارے مالک یسوع سے ہے۔ 12 اُنہی کے ذریعے ہم دلیری سے بات کرتے ہیں اور اِعتماد کے ساتھ دُعا کرتے ہیں کیونکہ ہم اُن پر ایمان لائے ہیں۔ 13 اِس لیے یہ سُن کر ہمت نہ ہاریں کہ مَیں آپ کی خاطر مصیبتیں اُٹھا رہا ہوں بلکہ فخر کریں۔
14 مَیں آسمانی باپ کے سامنے گھٹنے ٹیکتا ہوں 15 جس نے زمین اور آسمان کے تمام خاندانوں کو وجود* دیا ہے۔ 16 دُعا ہے کہ وہ اپنی عظمت کی کثرت اور پاک روح کے اثر سے آپ کے دلوں کو مضبوط بنائے، 17 آپ کے ایمان کے ذریعے مسیح آپ کے دلوں میں بسے اور آپ کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت ہو۔ یہ بھی دُعا ہے کہ آپ کی جڑیں گہری اور مضبوط ہوں اور آپ بنیاد پر قائم رہیں 18 تاکہ آپ تمام مُقدسوں کے ساتھ سچائی کی چوڑائی، لمبائی، اُونچائی اور گہرائی کو پوری طرح سمجھ سکیں 19 اور آپ مسیح کی محبت کو جان لیں جو ہر طرح کے علم سے بڑھ کر ہے اور اُن تمام خوبیوں سے معمور ہو جائیں جو خدا دیتا ہے۔
20 خدا اُس پاک روح کے ذریعے جو ہم پر اثر کر رہی ہے، ہمارے لیے اُس سے کہیں زیادہ کر سکتا ہے جو ہم تصور کرتے یا مانگتے ہیں۔ 21 کلیسیا اور مسیح یسوع کے ذریعے پُشت در پُشت اور ہمیشہ ہمیشہ تک اُس کی بڑائی ہو۔ آمین۔