زبور
موسیقار کے لیے۔ داؤد کا نغمہ۔
31 اَے یہوواہ! مَیں نے تیرے پاس پناہ لی ہے۔
مجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دے۔
اپنی نیکی کی وجہ سے مجھے بچا۔
2 میری اِلتجا پر توجہ فرما۔*
مجھے بچانے کے لیے جلدی آ۔
میرے لیے ایک پہاڑی قلعہ بن؛
مجھے بچانے کے لیے ایک مضبوط پناہگاہ بن
3 کیونکہ تُو میری چٹان اور میرا قلعہ ہے؛
تُو اپنے نام کی خاطر میری پیشوائی اور رہنمائی کرے گا۔
4 تُو مجھے اُس جال سے چھڑائے گا جو میرے مخالفوں نے چوری چھپے میرے لیے بچھایا ہے
کیونکہ تُو میرا قلعہ ہے۔
5 مَیں اپنا دم* تیرے سپرد کرتا ہوں۔
اَے یہوواہ! سچائی کے خدا!* تُو نے مجھے چھڑایا ہے۔
6 مَیں اُن لوگوں سے نفرت کرتا ہوں جو بےکار اور فضول بُتوں کو پوجتے ہیں۔
لیکن جہاں تک میری بات ہے، مَیں یہوواہ پر بھروسا رکھتا ہوں۔
7 مَیں تیری اٹوٹ محبت کی وجہ سے خوشی سے جھوموں گا
کیونکہ تُو نے میری تکلیف دیکھی ہے؛
تُو میرے دل* کی پریشانیوں سے واقف ہے۔
8 تُو نے مجھے دُشمن کے حوالے نہیں کِیا
بلکہ ایک محفوظ* جگہ پر کھڑا کِیا ہے۔
9 اَے یہوواہ! مجھ پر مہربانی کر کیونکہ مَیں بہت پریشان ہوں۔
دُکھ کے مارے میری آنکھیں بلکہ میرا پورا جسم* کمزور ہو گیا ہے۔
10 غم میری زندگی کو کھا گیا ہے
اور کراہتے کراہتے میری عمر گھٹ رہی ہے۔
میرے گُناہ کی وجہ سے میری ہمت جواب دے رہی ہے
اور میری ہڈیاں کمزور پڑ رہی ہیں۔
11 میرے سب مخالف میرا مذاق اُڑاتے ہیں،
خاص طور پر میرے پڑوسی۔
میرے واقفکار مجھ سے ڈرتے ہیں؛
جب وہ مجھے باہر دیکھتے ہیں تو مجھ سے دُور بھاگ جاتے ہیں۔
12 اُنہوں نے مجھے اپنے دل* سے ایسے نکال دیا ہے اور بُھلا دیا ہے جیسے مَیں مر گیا ہوں؛
مَیں ایک ٹوٹے ہوئے مٹکے کی طرح ہوں۔
13 مَیں نے اپنے بارے میں بہت سی بُری افواہیں سنی ہیں؛
میری ہر طرف دہشت چھائی ہے۔
جب وہ میرے خلاف ایکا کرتے ہیں
تو وہ میری جان لینے کی سازش گھڑتے ہیں۔
14 لیکن اَے یہوواہ! مَیں تجھ پر بھروسا رکھتا ہوں۔
مَیں اِعلان کرتا ہوں: ”تُو میرا خدا ہے۔“
15 میری زندگی تیرے ہاتھ میں ہے۔
مجھے میرے دُشمنوں اور اُن لوگوں سے چھڑا جو مجھے اذیت دیتے ہیں۔
16 اپنے بندے پر اپنے چہرے کا نور چمکا۔
اپنی اٹوٹ محبت کی وجہ سے مجھے بچا۔
17 اَے یہوواہ! جب مَیں تجھے پکاروں تو مجھے شرمندہ نہ ہونے دے۔
بُرے لوگ شرمندہ ہوں؛
وہ قبر* میں جا کر خاموش ہو جائیں۔
18 جھوٹ بولنے والوں کے مُنہ بند ہو جائیں،
ایسے لوگوں کے مُنہ جو غرور اور حقارت سے نیک لوگوں کے خلاف گھمنڈ بھری باتیں کرتے ہیں۔
19 تیری اچھائی کی کوئی اِنتہا نہیں!
تُو نے اِسے اُن لوگوں کے لیے محفوظ رکھا ہے جو تیرا خوف رکھتے ہیں؛
تُو نے اِسے اُن لوگوں کی خاطر سب کے سامنے ظاہر کِیا ہے جو تیرے پاس پناہ لیتے ہیں۔
20 تُو اُنہیں لوگوں کی سازشوں سے بچانے کے لیے اپنی حضوری میں خفیہ جگہ چھپا لے گا؛
تُو اُنہیں زبان کے واروں* سے بچانے کے لیے اپنی پناہ میں چھپا لے گا۔
21 یہوواہ کی بڑائی ہو
کیونکہ جب مَیں دشمنوں سے گِھرے شہر میں تھا تو اُس نے لاجواب طریقے سے میرے لیے اٹوٹ محبت ظاہر کی۔
22 مَیں نے گھبرا کر کہا تھا:
”مَیں تیرے حضور سے مٹ جاؤں گا۔“
لیکن جب مَیں نے تجھے مدد کے لیے پکارا تو تُو نے میری اِلتجائیں سنیں۔
23 یہوواہ کے وفادار بندو! سب اُس سے محبت کرو!
یہوواہ اپنے وفادار بندوں کی حفاظت کرتا ہے
لیکن مغروروں کو کڑی سزا دیتا ہے۔
24 یہوواہ کا اِنتظار کرنے والو! سب دلیر بنو
اور اپنے دلوں کو مضبوط کرو۔