2-یوحنا
1 بزرگ* کی طرف سے چُنی ہوئی بیبی اور اُن کے بچوں کے نام۔ مَیں آپ لوگوں سے واقعی محبت کرتا ہوں اور نہ صرف مَیں بلکہ وہ سب بھی جو سچائی کو جان گئے ہیں۔ 2 ہم آپ سے اُس سچائی کی وجہ سے محبت کرتے ہیں جو ہم سب کے دلوں میں رہتی ہے اور ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی۔ 3 ہمارے خدا یعنی باپ اور باپ کے بیٹے، یسوع مسیح کی سچائی اور محبت کے ساتھ ساتھ اُن کی عظیم رحمت، مہربانی اور سلامتی بھی ہم سب کے ساتھ رہے گی۔
4 مجھے یہ سُن کر بڑی خوشی ہوئی کہ آپ کے کچھ بچے سچائی کے مطابق چل رہے ہیں جیسا کہ ہمیں باپ سے حکم ملا ہے۔ 5 بیبی، اِس لیے مَیں آپ سے درخواست کر رہا ہوں کہ ہم ایک دوسرے سے محبت کریں۔ (مَیں آپ کو ایک نئے حکم کے بارے میں نہیں لکھ رہا بلکہ ایک ایسے حکم کے بارے میں جو ہمیں شروع سے ملا تھا۔) 6 محبت کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُس کے حکموں کے مطابق چلیں۔ اور حکم یہ ہے کہ ہم محبت ظاہر کرتے رہیں جیسا کہ ہم نے شروع سے سنا ہے۔ 7 کیونکہ بہت سے دھوکےباز دُنیا میں آئے ہیں جو اِس بات کا اِقرار نہیں کرتے کہ یسوع مسیح اِنسان کے طور پر آئے تھے۔ یہی تو دھوکےباز اور مسیح کا مخالف ہے۔
8 خبردار رہیں کہ آپ اُن چیزوں کو کھو نہ بیٹھیں جن کے لیے ہم نے محنت کی تھی بلکہ آپ کو پورا پورا اجر ملے۔ 9 جو شخص مسیح کی تعلیم کے مطابق نہیں چلتا بلکہ اِس سے آگے بڑھتا ہے، اُس کا خدا سے کوئی تعلق نہیں۔ لیکن جو شخص اِس تعلیم کے مطابق چلتا ہے، اُس کا تعلق باپ اور بیٹے دونوں سے ہے۔ 10 اگر کوئی شخص آپ کے پاس آتا ہے اور کوئی اَور تعلیم دیتا ہے تو اُس کو نہ تو اپنے گھروں میں آنے دیں اور نہ ہی اُسے سلام کریں۔ 11 کیونکہ جو شخص اُسے سلام کرتا ہے، وہ اُس کے بُرے کاموں میں شریک ہوتا ہے۔
12 حالانکہ مجھے آپ سے بہت سی باتیں کرنی ہیں لیکن مَیں سیاہی اور کاغذ کے ذریعے ایسا نہیں کرنا چاہتا بلکہ اُمید ہے کہ مَیں آؤں گا اور پھر ہم آمنے سامنے بات کر سکیں گے تاکہ آپ کی خوشی مکمل ہو جائے۔
13 آپ کی بہن جو چُنی ہوئی ہے، اُس کے بچے آپ کو سلام کہتے ہیں۔