یسعیاہ
59 دیکھو! یہوواہ کا ہاتھ اِتنا چھوٹا نہیں ہے کہ بچا نہ سکے
اور نہ ہی اُس کا کان اِتنا کمزور* ہے کہ سُن نہ سکے۔
2 تمہاری اپنی غلطیوں کی وجہ سے تمہارا خدا تُم سے دُور ہو گیا ہے۔
تمہارے گُناہوں کی وجہ سے اُس نے اپنا چہرہ تُم سے چھپا لیا ہے
اور وہ تمہاری سننا نہیں چاہتا
3 کیونکہ تمہارے ہاتھ خون سے آلودہ ہیں
اور تمہاری اُنگلیاں گُناہوں سے۔
تمہارے ہونٹ جھوٹ بولتے ہیں اور تمہاری زبان بُری باتیں پھسپھساتی ہے۔
4 کوئی بھی نیکی کے لیے آواز نہیں اُٹھاتا
اور کوئی بھی عدالت میں سچ بولنے نہیں جاتا۔
وہ ایسی چیزوں پر بھروسا کرتے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں* اور فضول باتیں کہتے ہیں۔
اُن کی کوکھ میں فساد کا حمل ٹھہرتا ہے اور وہ بُرائی کو جنم دیتے ہیں۔
5 وہ زہریلے سانپ کے انڈوں پر بیٹھتے ہیں
اور مکڑی کا جالا بُنتے ہیں۔
جو اُن کے انڈوں کو کھائے گا، وہ مر جائے گا
اور جو انڈا توڑا جائے گا، اُس میں سے زہریلا سانپ نکلے گا۔
6 اُن کا بُنا ہوا جالا کپڑے کے طور پر کام نہیں آئے گا
اور نہ ہی وہ اپنی بنائی ہوئی چیز سے خود کو ڈھک سکیں گے۔
اُن کے کام نقصاندہ ہیں
اور اُن کے ہاتھ تشدد سے بھرے ہیں۔
7 اُن کے پاؤں بُرائی کرنے کے لیے بھاگتے ہیں
اور وہ فوراً معصوموں کا خون بہا دیتے ہیں۔
وہ نقصاندہ خیال بُنتے ہیں؛
اُن کی راہوں میں تباہی اور مصیبت ہے۔
8 وہ امن کی راہ پر چلنا نہیں جانتے
اور نہ ہی اُن کے راستوں میں اِنصاف کا کوئی وجود ہے۔
وہ اپنی راہوں کو ٹیڑھا میڑھا کر لیتے ہیں؛
اُن پر چلنے والے کسی بھی شخص کو امن حاصل نہیں ہوگا۔
9 اِسی لیے اِنصاف ہم سے کوسوں دُور ہے
اور نیکی ہم تک پہنچ نہیں پاتی۔
ہم روشنی کا اِنتظار کرتے رہتے ہیں لیکن دیکھو! تاریکی ہی ہوتی ہے؛
ہم اُجالے کا اِنتظار کرتے رہتے ہیں لیکن اندھیرے میں چلتے رہتے ہیں۔
10 ہم اندھوں کی طرح دیوار کو ٹٹولتے ہیں؛
ہم اُن لوگوں کی طرح ٹٹولتے رہتے ہیں جن کی آنکھیں نہیں ہیں۔
ہم بھری دوپہر میں ایسے ٹھوکر کھاتے ہیں جیسے شام کا اندھیرا ہو؛
ہم طاقتور لوگوں کے بیچ مرے ہوئے لوگوں کی طرح ہیں۔
11 ہم سب ریچھوں کی طرح غُراتے رہتے ہیں
اور کبوتروں کی طرح کراہتے رہتے ہیں۔
ہم اِنصاف کی اُمید لگاتے ہیں لیکن ہمیں کوئی اِنصاف نہیں ملتا؛
ہم نجات کی اُمید لگاتے ہیں لیکن وہ ہم سے کوسوں دُور ہے۔
12 ہم نے تیرے حضور بغاوت پر بغاوت کی ہے؛
ہمارا ہر گُناہ ہمارے خلاف گواہی دیتا ہے
کیونکہ ہم اپنی بغاوتوں سے انجان نہیں ہیں؛
ہم اپنے گُناہوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔
13 ہم نے گُناہ کِیا ہے اور یہوواہ کا اِنکار کِیا ہے؛
ہم نے اپنے خدا سے پیٹھ پھیر لی ہے۔
ہم نے ظلم اور بغاوت کی باتیں کی ہیں؛
ہم نے اپنی کوکھ میں جھوٹ کو پالا ہے اور جھوٹی باتیں دل سے زبان پر لائے ہیں۔
14 اِنصاف کو بھگا دیا گیا ہے
اور نیکی دُور کھڑی رہتی ہے؛
سچائی* نے چوک میں ٹھوکر کھائی ہے
اور جو صحیح ہے، وہ اندر داخل نہیں ہو سکتا۔
15 سچائی* غائب ہو گئی ہے
اور بُرائی سے مُنہ پھیر لینے والے ہر شخص کو لُوٹ لیا جاتا ہے۔
یہوواہ نے یہ دیکھا اور اُس کی نظر میں یہ بات بہت بُری تھی
کہ کہیں بھی اِنصاف نہیں تھا۔
16 اُس نے دیکھا کہ کوئی بھی کچھ نہیں کر رہا تھا؛
وہ یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ کوئی بھی بیچ میں نہیں آ رہا تھا۔
اِس لیے اُس کے اپنے بازو نے نجات دِلائی*
اور اُس کی اپنی نیکی نے اُس کا ساتھ نبھایا۔
17 پھر اُس نے نیکی کو بکتر کی طرح پہن لیا
اور سر پر نجات* کا ہیلمٹ رکھ لیا۔
اُس نے اِنتقام کو لباس کی طرح پہن لیا
اور جوش* کو چوغے* کی طرح لپیٹ لیا۔
18 وہ اُنہیں اُن کے کاموں کے مطابق بدلہ دے گا:
وہ اپنے مخالفوں پر غضب نازل کرے گا اور اپنے دُشمنوں کو سزا دے گا۔
وہ جزیروں کو اُن کے کیے کا پھل دے گا۔
19 مغرب کے لوگ یہوواہ کے نام کا خوف رکھیں گے
اور مشرق کے لوگ اُس کی شان کا
کیونکہ وہ ایک تیزرفتار دریا کی طرح آئے گا
جسے یہوواہ کی روح* بہا کر لا رہی ہے۔
20 یہوواہ فرماتا ہے: ”صِیّون میں چھڑانے والا* آئے گا؛
وہ یعقوب کے اُن لوگوں کے پاس آئے گا جنہوں نے گُناہ سے مُنہ پھیر لیا ہے۔“
21 یہوواہ فرماتا ہے: ”مَیں نے اُن کے ساتھ یہ عہد باندھا ہے۔ میری روح جو تُم پر ہے اور میری باتیں جو مَیں نے تمہارے مُنہ میں ڈالی ہیں، تمہارے مُنہ سے، تمہارے بچوں کے مُنہ سے اور تمہارے بچوں کے بچوں کے مُنہ سے اب سے ہمیشہ تک نہیں ہٹیں گی۔“ یہ بات یہوواہ نے فرمائی ہے۔