1-کُرنتھیوں
16 جہاں تک مُقدسوں کے لیے عطیات جمع کرنے کا تعلق ہے تو اُن ہدایتوں پر عمل کریں جو مَیں نے گلتیہ کی کلیسیاؤں* کو دی تھیں۔ 2 ہر ہفتے کے پہلے دن آپ میں سے ہر ایک اپنی اپنی کمائی کے مطابق تھوڑے سے پیسے ایک طرف کر لے تاکہ اُس وقت عطیات جمع کرنے کی ضرورت نہ پڑے جب مَیں آپ کے پاس آؤں۔ 3 پھر جب مَیں آپ کے ہاں آؤں گا تو مَیں اُن آدمیوں کو جن کے بارے میں آپ لکھیں گے کہ وہ قابلِبھروسا ہیں، یروشلیم بھیجوں گا تاکہ وہ اُن عطیات کو وہاں لے جائیں جو آپ نے دل کھول کر دیے ہوں گے۔ 4 لیکن اگر میرے لیے بھی یروشلیم جانا ضروری ہوگا تو وہ میرے ساتھ جا سکیں گے۔
5 مَیں مقدونیہ سے گزرنے کا اِرادہ رکھتا ہوں اور وہاں سے ہو کر آپ کے پاس بھی آؤں گا 6 اور شاید آپ کے پاس تھوڑا عرصہ رُکوں گا یا پھر سردیاں گزاروں گا تاکہ جب مَیں آپ کے ہاں سے روانہ ہوں تو آپ تھوڑا راستہ میرے ساتھ جا سکیں۔ 7 مَیں نہیں چاہتا کہ آپ سے بس کھڑے کھڑے ملاقات ہو بلکہ اگر یہوواہ* نے چاہا تو مَیں آپ کے ساتھ کچھ وقت گزاروں گا۔ 8 لیکن عیدِپنتِکُست تک مَیں اِفسس میں رہوں گا 9 کیونکہ یہاں خدا نے میرے لیے خدمت کرنے کا وسیع دروازہ کھولا ہے مگر میرے مخالف بھی بہت ہیں۔
10 اگر تیمُتھیُس آپ کے ہاں آئیں تو اُنہیں کسی طرح کی پریشانی نہ ہونے دیں کیونکہ وہ بھی میری طرح یہوواہ* کی خدمت کر رہے ہیں۔ 11 اِس لیے کوئی شخص اُن کو حقیر نہ جانے اور اُنہیں خیریت سے میرے پاس بھیج دیں کیونکہ مَیں دوسرے بھائیوں کے ساتھ اُن کا اِنتظار کر رہا ہوں۔
12 جہاں تک ہمارے بھائی اپلّوس کا تعلق ہے تو مَیں نے بڑا اِصرار کِیا کہ وہ دوسرے بھائیوں کے ساتھ آپ کے پاس جائیں مگر وہ ابھی آپ کے پاس آنے کا اِرادہ نہیں رکھتے۔ بہرحال وقت آنے پر وہ آپ کے پاس آئیں گے۔
13 چوکس رہیں، ایمان کی راہ پر قائم رہیں، دلیر اور مضبوط بنیں۔ 14 ہر کام محبت کی بِنا پر کریں۔
15 بھائیو، آپ جانتے ہیں کہ ستفناس کے گھر والے اخیہ کا پہلا پھل ہیں اور اُنہوں نے مُقدسوں کی خدمت کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔ اِس لیے مَیں آپ سے اِلتجا کرتا ہوں کہ 16 ایسے لوگوں کے تابع رہیں اور ایسے لوگوں کے بھی جو ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور سخت محنت کرتے ہیں۔ 17 مَیں خوش ہوں کہ ستفناس، فرتوناتُس اور اخیکُس میرے پاس ہیں کیونکہ اُنہوں نے یہاں آ کر آپ کی کمی کو پورا کر دیا ہے 18 اور مجھے اور آپ کو* تازہدم کر دیا ہے۔ ایسے آدمیوں کی قدر کِیا کریں۔
19 آسیہ کی کلیسیائیں آپ کو سلام بھیجتی ہیں۔ اکوِلہ اور پرِسکہ اُس کلیسیا سمیت جو اُن کے گھر میں جمع ہوتی ہے، آپ کو مسیح کے پیروکاروں کے طور پر دلی سلام کہتے ہیں۔ 20 تمام بھائی آپ کو سلام کہتے ہیں۔ گلے مل کر* ایک دوسرے کا خیرمقدم کریں۔
21 مَیں پولُس، اپنے ہاتھ سے آپ کو سلام لکھ رہا ہوں۔
22 وہ شخص لعنتی ہے جو مالک سے پیار نہیں کرتا۔ آئیں، مالک یسوع! 23 مالک یسوع کی عظیم رحمت آپ پر رہے 24 اور میری محبت کا سایہ بھی آپ پر رہے، ہاں، آپ پر جو مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں۔