1-تھسلُنیکیوں
1 پولُس، سِلوانُس* اور تیمُتھیُس کی طرف سے تھسلُنیکے کی کلیسیا* کے نام جو ہمارے باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح کے ساتھ متحد ہے:
آپ کو خدا کی عظیم رحمت اور سلامتی حاصل ہو۔
2 جب ہم اپنی دُعاؤں میں آپ کا ذکر کرتے ہیں تو ہم ہمیشہ خدا کا شکر کرتے ہیں 3 اور اپنے خدا اور باپ کے حضور یاد کرتے ہیں کہ آپ نے اپنے ایمان کی وجہ سے کتنا کام کِیا، محبت کی وجہ سے کتنی محنت کی اور اُس اُمید کی وجہ سے کتنی ثابتقدمی دِکھائی جو آپ ہمارے مالک یسوع مسیح پر رکھتے ہیں۔ 4 بھائیو اور خدا کے عزیزو، ہم جانتے ہیں کہ خدا نے آپ کو چُنا ہے 5 کیونکہ ہم نے آپ کو جو خوشخبری سنائی، وہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ قدرت اور پاک روح اور پورے یقین سے سنائی۔ اور آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ہم نے آپ کی خاطر کیا کچھ کِیا۔ 6 آپ نے ہماری اور ہمارے مالک کی مثال پر عمل کِیا کیونکہ آپ نے شدید اذیت کا سامنا کرنے کے باوجود خدا کے کلام کو اُس خوشی سے قبول کِیا جو پاک روح سے ملتی ہے۔ 7 اور یوں آپ نے مقدونیہ اور اخیہ کے سب بھائیوں کے لیے مثال قائم کی۔
8 سچ تو یہ ہے کہ آپ کی وجہ سے یہوواہ* کا کلام نہ صرف مقدونیہ اور اخیہ میں پھیل گیا ہے بلکہ ہر جگہ اِس بات کا چرچا ہو گیا ہے کہ آپ خدا پر کتنا ایمان رکھتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہی 9 کیونکہ لوگ خود سب کو بتا رہے ہیں کہ جب ہم پہلی بار آپ کے پاس آئے تو آپ اپنے بُتوں کو چھوڑ کر خدا کی طرف آ گئے تاکہ زندہ اور سچے خدا کے غلام بنیں 10 اور اُس کے بیٹے کا اِنتظار کریں جو آسمان سے آئے گا یعنی یسوع جنہیں اُس نے مُردوں میں سے زندہ کِیا اور جو ہمیں آنے والے غضب سے بچائیں گے۔