خروج
30 تُم بخور جلانے کے لیے کیکر کی لکڑی کی قربانگاہ بنانا۔ 2 یہ چوکور ہونی چاہیے۔ اِس کی لمبائی ایک ہاتھ،* چوڑائی ایک ہاتھ اور اُونچائی دو ہاتھ ہو۔ اِس کے سینگ اِس کے ساتھ ہی تراش کر بنانا۔ 3 تُم قربانگاہ کے اُوپری حصے پر، اِس کی چاروں طرف اور اِس کے سینگوں پر خالص سونے کی پرت لگانا۔ تُم اِس کے اُوپری حصے کے کنارے کے گِرد سونے کی پٹی لگانا۔ 4 تُم قربانگاہ کے کناروں پر لگی پٹی کے نیچے سونے کے دو دو کڑے لگانا، دو کڑے ایک طرف اور دو دوسری طرف۔ اِن کڑوں میں ڈنڈے ڈال کر قربانگاہ کو اُٹھایا جائے گا۔ 5 تُم کیکر کی لکڑی کے ڈنڈے بنانا اور اُن پر سونے کی پرت لگانا۔ 6 تُم اِس قربانگاہ کو گواہی کے صندوق کے پاس لگے پردے کے آگے، ہاں، گواہی کے صندوق کے ڈھکن کے آگے رکھنا جہاں مَیں تُم پر ظاہر ہوں گا۔
7 جب ہارون ہر صبح چراغ تیار کرے گا تو وہ قربانگاہ پر خوشبودار بخور جلائے گا تاکہ اِس کا دُھواں اُٹھے۔ 8 اِس کے علاوہ جب ہارون شام میں ہلکے اندھیرے کے وقت* چراغ جلائے گا تو وہ اُس وقت بھی بخور جلائے گا۔ بخور کی یہ قربانی پُشتدرپُشت باقاعدگی سے یہوواہ کے حضور پیش کی جائے گی۔ 9 تُم قربانگاہ پر کوئی ایسا بخور نہ جلانا جس کی اِجازت نہ ہو۔ تُم اِس پر نہ تو بھسم ہونے والی قربانی پیش کرنا، نہ اناج کا نذرانہ پیش کرنا اور نہ ہی تُم اِس پر مے کا نذرانہ اُنڈیلنا۔ 10 ہارون ہر سال قربانگاہ کا کفارہ ادا کرنے کے لیے گُناہ کی قربانی پیش کرے اور اِس کا تھوڑا سا خون لے کر قربانگاہ کے سینگوں پر لگائے۔ وہ پُشتدرپُشت سال میں ایک بار ایسا کرے۔ یہ قربانگاہ یہوواہ کے لیے اِنتہائی پاک ہے۔“
11 پھر یہوواہ نے موسیٰ سے کہا: 12 ”جب بھی تُم اِسرائیل کے بیٹوں کی مردمشماری کرو تو اُن میں سے ہر ایک یہوواہ کو اپنی جان کا فدیہ دے تاکہ مردمشماری کے وقت اُن لوگوں پر کوئی آفت نہ آئے۔ 13 جن جن کی مردمشماری کی جائے گی، اُنہیں اپنی جان کے فدیے کے طور پر آدھا مِثقال* دینا ہوگا۔ اِس کا وزن مُقدس مقام کے مِثقال کے حساب سے ہونا چاہیے۔ ایک مِثقال 20 جیرہ* کے برابر ہوتا ہے۔ اُنہیں یہوواہ کو آدھا مِثقال عطیہ دینا ہے۔ 14 معلومات کے مطابق جس بھی شخص کی عمر 20 سال یا اُس سے زیادہ ہوگی، وہ یہوواہ کو یہ رقم عطیے کے طور پر دے گا۔ 15 تُم سب اپنی جان کا کفارہ ادا کرنے کے لیے آدھا مِثقال یہوواہ کو عطیے کے طور پر دو گے۔ نہ امیر شخص اِس سے زیادہ دے اور نہ غریب شخص اِس سے کم۔ 16 تُم اِسرائیلیوں سے اُن کی جان کے کفارے کے طور پر چاندی کے سِکے لینا اور اِنہیں خیمۂاِجتماع میں کی جانے والی خدمت کے لیے اِستعمال کرنا۔ یہ سِکے اِسرائیلیوں کی خاطر یہوواہ کے سامنے ایک یادگار ہوں گے اور اِن سے اُن کی جان کا کفارہ ادا ہوگا۔“
17 یہوواہ نے موسیٰ سے یہ بھی کہا: 18 ”تُم تانبے کا ایک حوض بنانا اور اُسے رکھنے کے لیے ایک چوکی بھی۔ اُس حوض کو خیمۂاِجتماع اور قربانگاہ کے درمیان میں رکھنا اور اُس میں پانی بھرنا۔ 19 ہارون اور اُس کے بیٹے اُس پانی سے اپنے ہاتھ پاؤں دھوئیں گے۔ 20 جب وہ خیمۂاِجتماع میں جائیں یا جب وہ قربانگاہ کے پاس خدمت کرنے اور یہوواہ کے حضور آگ میں جلایا جانے والا نذرانہ پیش کرنے جائیں تو وہ اپنے ہاتھ پاؤں دھوئیں تاکہ وہ مر نہ جائیں۔ 21 وہ لازمی اپنے ہاتھ پاؤں دھوئیں تاکہ وہ مر نہ جائیں۔ یہ قانون ہارون اور اُس کی اولاد کے لیے پُشتدرپُشت قائم رہے گا۔“
22 یہوواہ نے آگے موسیٰ سے کہا: 23 ”اِس کے بعد تُم یہ خوشبودار مصالحے لینا: 500 پیمانے سخت ہو چُکا مُر اور اُس کی آدھی مقدار یعنی 250 پیمانے خوشبودار دارچینی، 250 پیمانے خوشبودار سرکنڈا، 24 اور 500 پیمانے تج۔ اِن سب کا وزن مُقدس مقام کے مِثقال کے حساب سے ہونا چاہیے۔ اِس کے علاوہ تُم ایک ہِین* زیتون کا تیل لینا۔ 25 اِن مصالحوں کو اچھی طرح ملا کر اِن سے مسح* کرنے کا تیل تیار کرنا۔ مسح کرنے کا یہ تیل پاک ہوگا۔
26 تُم اِس تیل سے خیمۂاِجتماع اور گواہی کے صندوق کو مسح کرنا۔ 27 اِس کے علاوہ میز اور اُس کی ساری چیزیں، چراغدان اور اُس کی ساری چیزیں، بخور کی قربانگاہ، 28 بھسم ہونے والی قربانی کی قربانگاہ اور اُس کی ساری چیزیں اور حوض اور اُس کی چوکی کو بھی مسح کرنا۔ 29 تُم اِن چیزوں کو ضرور پاک کرنا تاکہ یہ اِنتہائی پاک ہو جائیں۔ اِن چیزوں کو چُھونے والا شخص بھی پاک ہونا چاہیے۔ 30 تُم ہارون اور اُس کے بیٹوں کو بھی مسح کرنا تاکہ وہ کاہنوں کے طور پر میری خدمت کرنے کے لیے پاک ہوں۔
31 تُم بنیاِسرائیل سے بات کرنا اور کہنا: ”یہ تیل پُشتدرپُشت میری نظر میں مسح کرنے کا پاک تیل ہوگا۔ 32 تُم اِس تیل کو کسی اِنسان کے جسم پر نہ لگانا اور نہ ہی اِن مصالحوں کو ملا کر کوئی اور چیز بنانا کیونکہ یہ پاک ہے۔ اور یہ تمہاری نظر میں بھی پاک ہونا چاہیے۔ 33 جو کوئی بھی اِس طرح کا تیل بنائے گا یا کسی ایسے شخص کو لگائے گا جس پر یہ تیل لگانے کی اِجازت نہیں ہے* تو اُسے موت کی سزا دی جائے گی۔““
34 پھر یہوواہ نے موسیٰ سے کہا: ”تُم اِن بہترین چیزوں کی ایک جتنی مقدار لینا: نطف،* اونِکا،* گوند* اور خالص لوبان۔ 35 اِن سب چیزوں کو اچھی طرح ملا کر بخور تیار کرنا اور اِس میں نمک ملانا۔ یہ خالص اور پاک ہو۔ 36 تُم اِس میں سے کچھ لے کر اُسے باریک باریک پیسنا اور پِسے ہوئے بخور میں سے تھوڑا خیمۂاِجتماع میں گواہی کے صندوق کے سامنے رکھنا جہاں مَیں تُم پر ظاہر ہوں گا۔ یہ بخور تمہارے لیے اِنتہائی پاک ہو۔ 37 تُم اِن چاروں چیزوں کو ملا کر اپنے اِستعمال کے لیے بخور نہ بنانا۔ تمہیں اِسے ایک ایسی چیز خیال کرنا ہے جو یہوواہ کے لیے پاک* ہے۔ 38 جو کوئی خوشبو لینے کے لیے اِس طرح کا بخور بنائے گا، اُسے موت کی سزا دی جائے گی۔“