2-کُرنتھیوں
8 بھائیو، ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ خدا کی عظیم رحمت نے مقدونیہ کی کلیسیاؤں* میں کیا کچھ انجام دیا ہے۔ 2 وہاں کے بہن بھائیوں نے بڑی مصیبتوں اور کڑی آزمائشوں کا سامنا کرتے وقت بڑی خوشی اور فیاضی سے کام لیا حالانکہ وہ بہت ہی غریب ہیں۔ 3 یقین مانیں، جتنا وہ اصل میں دے سکتے تھے، اُنہوں نے اُس سے بھی زیادہ دیا۔ 4 اُنہوں نے تو ہم سے بار بار اِلتجا کی کہ اُنہیں مُقدس لوگوں کے لیے عطیہ دینے کا شرف دیا جائے تاکہ وہ بھی دوسروں کے ساتھ مُقدس لوگوں کی خدمت کر سکیں۔ 5 اور اُنہوں نے ہماری توقع سے بھی بڑھ کر کِیا کیونکہ اُنہوں نے خدا کی مرضی کے مطابق خود کو پہلے تو مالک کے لیے وقف کِیا اور پھر ہمارے لیے۔ 6 یہ دیکھ کر ہم نے طِطُس کی حوصلہافزائی کی کہ وہ آپ سے عطیات جمع کرنے کا کام مکمل کریں کیونکہ اُنہوں نے ہی آپ کے درمیان یہ کام شروع کِیا تھا۔ 7 چونکہ آپ میں ہر چیز یعنی ایمان، کلام سنانے کی لیاقت، علم، جوش اور ہماری محبت کثرت سے ہے اِس لیے عطیات بھی کثرت سے دیں۔
8 یہ مَیں آپ کو مجبور کرنے کے لیے نہیں کہہ رہا بلکہ مَیں آپ کو دوسروں کی فیاضی کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں اور آزمانا چاہتا ہوں کہ آپ کی محبت کتنی سچی ہے۔ 9 آپ تو جانتے ہیں کہ ہمارے مالک یسوع مسیح کی رحمت کتنی عظیم ہے۔ وہ امیر تھے لیکن آپ کی خاطر غریب بن گئے تاکہ آپ اُن کی غربت کے ذریعے امیر بن جائیں۔
10 آپ نے ایک سال پہلے نہ صرف عطیہ دینے کی خواہش ظاہر کی بلکہ عطیہ دینے بھی لگے۔ اِس لیے مَیں آپ ہی کے فائدے کے لیے مشورہ دیتا ہوں کہ 11 جس شوق سے آپ نے اِس کام کو شروع کِیا تھا، اُسی شوق سے اِسے مکمل بھی کریں۔ مگر اپنی اپنی کمائی کے مطابق دیں 12 کیونکہ جو چیز خوشی سے دی جاتی ہے، وہ خدا کو زیادہ اچھی لگتی ہے کیونکہ خدا ہم سے توقع کرتا ہے کہ ہم اُس کے مطابق دیں جو ہمارے پاس ہے نہ کہ اُس کے مطابق جو ہمارے پاس نہیں ہے۔ 13 یہ نہیں کہ مَیں دوسروں کا بوجھ ہلکا کر کے آپ کا بوجھ بھاری کرنا چاہتا ہوں 14 بلکہ مَیں چاہتا ہوں کہ جو چیز آپ کے پاس کثرت سے ہے، اُس سے دوسروں کی کمی پوری ہو اور جو چیز دوسروں کے پاس کثرت سے ہے، اُس سے آپ کی کمی پوری ہو اور یوں آپ میں برابری ہو جائے۔ 15 کیونکہ لکھا ہے کہ ”جس کے پاس بہت تھا، اُس کے پاس حد سے زیادہ نہیں تھا اور جس کے پاس کم تھا، اُس کے پاس بہت کم نہیں تھا۔“
16 خدا کا شکر ہے کہ اُس نے طِطُس کے دل میں آپ کے لیے ویسی ہی شفقت ڈالی جیسی ہم آپ کے لیے رکھتے ہیں 17 کیونکہ وہ صرف ہمارے کہنے پر آپ کے پاس نہیں آ رہے بلکہ وہ تو خود بڑے شوق سے آپ کے پاس آنا چاہتے ہیں۔ 18 ہم طِطُس کے ساتھ اُس بھائی کو بھی بھیج رہے ہیں جس کی تمام کلیسیائیں تعریف کرتی ہیں کہ وہ بڑی سرگرمی سے خوشخبری سناتا ہے۔ 19 اُسی کو کلیسیاؤں نے ہمارا ہمسفر مقرر کِیا تاکہ وہ ہمارے ساتھ مل کر اُس عطیے کو تقسیم کرے جس سے مالک کی بڑائی ہوگی اور ظاہر ہوگا کہ ہم بڑے شوق سے دوسروں کی مدد کرتے ہیں۔ 20 اِس طرح کوئی شخص ہم پر اِلزام نہیں لگا سکے گا کہ ہم نے عطیے کی اِتنی بڑی رقم تقسیم کرنے میں ہیرا پھیری کی ہے۔ 21 کیونکہ ہم ”صرف یہوواہ* کے سامنے نہیں بلکہ اِنسانوں کے سامنے بھی ایمانداری سے کام لیتے ہیں۔“
22 ہم اُن دونوں کے ساتھ ایک اَور بھائی کو بھی بھیج رہے ہیں جس کو ہم نے بہت سے معاملوں میں پرکھا ہے اور محنتی پایا ہے لیکن اب تو وہ اَور بھی لگن سے کام کرے گا کیونکہ اُسے آپ پر بھروسا ہے۔ 23 لیکن اگر کوئی شخص طِطُس کے بارے میں سوال اُٹھائے تو اُس سے کہیں کہ وہ میرے ساتھی ہیں اور آپ کی خدمت کرنے میں میرے ہمخدمت ہیں۔ اور اگر کوئی شخص دوسرے دو بھائیوں کے بارے میں سوال اُٹھائے تو اُس کو بتائیں کہ وہ کلیسیاؤں کے نمائندے* ہیں اور مسیح کی بڑائی کرتے ہیں۔ 24 اِن بھائیوں کو دِکھائیں کہ آپ کی محبت کتنی گہری ہے اور کلیسیاؤں کو دِکھائیں کہ ہمیں آپ پر اِتنا ناز کیوں ہے۔