رُوت
4 بوعز شہر کے دروازے پر گئے اور وہاں بیٹھ گئے۔ اور دیکھو! چھڑانے کا حق رکھنے والا* وہ شخص وہاں سے گزرا جس کا بوعز نے ذکر کِیا تھا۔ بوعز نے اُس سے کہا: ”بھائی،* ذرا اِدھر آؤ اور یہاں بیٹھو۔“ وہ شخص وہاں جا کر بیٹھ گیا۔ 2 پھر بوعز نے شہر کے دس بزرگوں کو بُلایا اور اُن سے کہا: ”یہاں بیٹھیں۔“ اِس پر وہ وہاں بیٹھ گئے۔
3 بوعز نے چھڑانے کا حق رکھنے والے شخص سے کہا: ”نعومی کو جو موآب کے علاقے* سے لوٹی ہیں، ہمارے بھائی اِلیمَلِک کی زمین بیچنی پڑ رہی ہے۔ 4 مَیں نے سوچا کہ مجھے آپ کو یہ بات بتانی چاہیے اور کہنا چاہیے کہ ”میری قوم کے لوگوں اور بزرگوں کے سامنے اِسے خرید لیں۔ اگر آپ اِسے چھڑانا چاہتے ہیں تو چھڑا لیں لیکن اگر نہیں تو مجھے بتا دیں کیونکہ اِسے چھڑانے کا پہلا حق آپ کا ہے اور آپ کے بعد یہ حق میرا بنتا ہے۔““ اُس شخص نے جواب دیا: ”مَیں اِسے چھڑانے کے لیے تیار ہوں۔“ 5 اِس پر بوعز نے کہا: ”جس دن آپ نعومی سے زمین خریدیں گے، آپ کو اِسے موآبی عورت رُوت سے بھی خریدنا ہوگا جو بیوہ ہیں تاکہ اُن کے شوہر کی وراثت پھر سے اُس کے نام سے وابستہ ہو جائے۔“ 6 یہ سُن کر اُس شخص نے کہا: ”مَیں اِسے نہیں چھڑا سکتا کیونکہ اِس طرح میری اپنی وراثت کو نقصان پہنچے گا۔ آپ میرا حق اِستعمال کرتے ہوئے اِسے چھڑا لیں کیونکہ مَیں اِسے نہیں چھڑا سکتا ۔“
7 قدیم زمانے میں اِسرائیل میں چھڑانے کے حق اور اِس کی منتقلی کے حوالے سے یہ دستور تھا کہ ایک شخص اپنے پاؤں سے جُوتی اُتار کر دوسرے شخص کو دے دیتا تھا تاکہ اِس سارے معاملے کو قانونی حیثیت دی جا سکے۔ اِسرائیل میں کوئی معاہدہ پکا کرنے کا یہی طریقہ تھا۔ 8 اِس لیے جب چھڑانے کا حق رکھنے والے شخص نے بوعز سے کہا کہ ”آپ اِسے خرید لیں“ تو اُس نے اپنے پاؤں سے جُوتی اُتاری۔ 9 پھر بوعز نے بزرگوں اور سب لوگوں سے کہا: ”آج آپ اِس بات کے گواہ ہیں کہ مَیں نعومی سے وہ ساری جائیداد خرید رہا ہوں جو اِلیمَلِک، کِلیون اور محلون کی ملکیت تھی۔ 10 مَیں محلون کی بیوہ یعنی موآبی عورت رُوت کو اپنی بیوی بھی بنا رہا ہوں تاکہ محلون کی وراثت پھر سے اُس کے نام سے وابستہ ہو جائے اور اُس کا نام اُس کے بھائیوں اور اُس کے شہر کے لوگوں میں سے* مٹ نہ جائے۔ آج آپ اِس بات کے گواہ ہیں۔“
11 اِس پر شہر کے دروازے پر موجود تمام لوگوں اور بزرگوں نے کہا: ”ہم گواہ ہیں! یہوواہ اُس عورت کو برکت دے جو آپ کی بیوی بن کر آپ کے گھر آئے گی۔ وہ راخل اور لِیاہ کی طرح ہو جو اِسرائیلی قوم کی مائیں ہیں۔ اِفراتہ میں آپ کو کامیابی حاصل ہو اور بیتلحم میں آپ کی نیکنامی ہو۔* 12 یہوواہ آپ کو اِس عورت سے جو اولاد دے گا، اُس کے ذریعے آپ کا گھرانہ یہوداہ اور تَمر کے بیٹے فارِص کے گھرانے کی طرح بن جائے۔“
13 پھر بوعز نے رُوت کو اپنی بیوی بنا لیا اور اُن سے جنسی تعلق قائم کِیا۔ اور یہوواہ کی برکت سے رُوت حاملہ ہوئیں اور اُن کا ایک بیٹا پیدا ہوا۔ 14 اِس پر عورتوں نے نعومی سے کہا: ”یہوواہ کی بڑائی ہو جس کی وجہ سے آج آپ کے پاس ایک چھڑانے والا ہے۔ اِسرائیل میں اِس کے نام کا بولبالا ہو! 15 اِس* نے آپ کو نئی زندگی* دی ہے اور یہ بڑھاپے میں آپ کا سہارا بنے گا کیونکہ یہ آپ کی بہو سے پیدا ہوا ہے جو آپ سے پیار کرتی ہے اور آپ کے لیے سات بیٹوں سے بڑھ کر ہے۔“ 16 نعومی نے بچے کو اُٹھا کر اپنے سینے سے لگایا اور اُس کی دیکھبھال کرنے لگیں۔* 17 پھر آسپڑوس کی عورتوں نے بچے کا نام رکھا۔ اُنہوں نے کہا: ”نعومی کا بیٹا پیدا ہوا ہے۔“ اور اُنہوں نے اُس کا نام عوبید رکھا۔ عوبید، یسی کے والد تھے جو داؤد کے والد تھے۔
18 فارِص کی نسل سے آنے والے لوگ* یہ ہیں: فارِص سے حصرون پیدا ہوئے؛ 19 حصرون سے رام پیدا ہوئے؛ رام سے عمینداب پیدا ہوئے؛ 20 عمینداب سے نحسون پیدا ہوئے؛ نحسون سے سلمون پیدا ہوئے؛ 21 سلمون سے بوعز پیدا ہوئے؛ بوعز سے عوبید پیدا ہوئے؛ 22 عوبید سے یسی پیدا ہوئے اور یسی سے داؤد پیدا ہوئے۔