زبور
اِیتان اِزراخی کا مشکیل۔*
89 یہوواہ نے اپنی اٹوٹ محبت کی وجہ سے مجھ پر جو احسان کیے ہیں، مَیں سدا اُن کے بارے میں گیت گاؤں گا۔
مَیں اپنے مُنہ سے تمام پُشتوں کو تیری وفاداری کے بارے میں بتاؤں گا
2 کیونکہ مَیں نے کہا: ”تیری اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہے گی؛
تُو نے اپنی وفاداری کو آسمان میں مضبوطی سے قائم کِیا ہے۔“
3 تُو نے کہا: ”مَیں نے اپنے چُنے ہوئے بندے سے ایک عہد باندھا ہے؛
مَیں نے اپنے بندے داؤد سے یہ قسم کھائی ہے:
4 ”مَیں تیری نسل* کو ہمیشہ تک قائم رکھوں گا؛
مَیں تیرا تخت پُشت در پُشت قائم رکھوں گا۔““ (سِلاہ)
5 اَے یہوواہ! آسمان تیرے حیرانکُن کاموں کی تعریف کرتا ہے،
ہاں، مُقدسوں کی جماعت میں تیری وفاداری کی تعریف ہوتی ہے
6 کیونکہ آسمان میں یہوواہ جیسا کون ہے؟
خدا کے بیٹوں میں یہوواہ جیسا کون ہے؟
7 مُقدسوں کی جماعت خدا کا گہرا احترام کرتی ہے؛*
جو اُس کے اِردگِرد ہیں، وہ اُن سب سے عظیم ہے اور اُن سے زیادہ اُس کا احترام کِیا* جانا چاہیے۔
8 اَے فوجوں کے خدا یہوواہ!
اَے یاہ! تجھ جیسا طاقتور کون ہے؟
تیری وفاداری تجھے گھیرے رہتی ہے۔
9 تُو ٹھاٹھیں مارتے سمندر پر حکمرانی کرتا ہے؛
جب اِس کی لہریں اُچھلتی ہیں تو تُو اُنہیں پُرسکون کر دیتا ہے۔
10 تُو نے رہب* کو کچل کر ایسے کر دیا جیسے کسی کو مار ڈالا گیا ہو۔
تُو نے اپنے زورآور بازو سے اپنے دُشمنوں کو تتربتر کر دیا۔
11 آسمان تیرا ہے اور زمین بھی تیری ہے؛
زرخیز زمین اور اِس کی ساری چیزیں تُو نے بنائی ہیں۔
12 شمال اور جنوب تُو نے بنائے ہیں؛
کوہِتبور اور کوہِحرمون خوشی سے تیرے نام کی بڑائی کرتے ہیں۔
13 تیرا بازو طاقتور ہے؛
تیرا ہاتھ مضبوط ہے؛
تیرا دایاں ہاتھ بلند ہے۔
14 نیکی اور اِنصاف تیرے تخت کی بنیاد ہیں؛
اٹوٹ محبت اور وفاداری تیرے حضور کھڑی رہتی ہیں۔
15 وہ لوگ خوش رہتے ہیں جو خوشی سے للکار کر تیری بڑائی کرتے ہیں۔
اَے یہوواہ! وہ تیرے چہرے کے نور میں چلتے ہیں۔
16 وہ تیرے نام کی وجہ سے دن بھر خوشی مناتے ہیں
اور تیری نیکی کی وجہ سے اُنہیں عزت بخشی جاتی ہے
17 کیونکہ تُو اُن کی طاقت اور شان ہے
اور تیری خوشنودی کی وجہ سے ہماری طاقت بڑھتی ہے۔*
18 ہماری ڈھال یہوواہ کی دین ہے؛
ہمارے بادشاہ کو اِسرائیل کے پاک خدا نے مقرر کِیا ہے۔
19 اُس وقت تُو نے ایک رُویا میں اپنے پاک بندوں سے کہا:
”مَیں نے ایک زورآور کو طاقت بخشی ہے؛
مَیں نے لوگوں میں سے چُنے ہوئے ایک شخص کو سرفراز کِیا ہے۔
20 مَیں نے اپنے بندے داؤد کو چُنا
اور اپنے پاک تیل سے اُسے مسح* کِیا۔
21 میرا ہاتھ اُس پر رہے گا
اور میرا بازو اُسے طاقت بخشے گا۔
22 کوئی دُشمن اُس سے خراج نہیں لے گا
اور کوئی بُرا شخص اُس پر ظلم نہیں کرے گا۔
23 مَیں اُس کے سامنے اُس کے مخالفوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دوں گا
اور اُس سے نفرت کرنے والوں کو مار ڈالوں گا۔
24 میری وفاداری اور اٹوٹ محبت اُس کے ساتھ رہیں گی
اور میرے نام کی وجہ سے اُس کی طاقت بڑھتی جائے گی۔*
25 مَیں سمندر اُس کے ہاتھ* کے نیچے کر دوں گا
اور دریا اُس کے دائیں ہاتھ کے نیچے۔
26 وہ پکار کر مجھ سے کہے گا: ”تُو میرا باپ،
میرا خدا اور میری نجات کی چٹان ہے۔“
27 مَیں اُسے پہلوٹھا مقرر کروں گا
اور زمین کے بادشاہوں میں سب سے بلند کروں گا۔
28 مَیں ہمیشہ اُس سے اٹوٹ محبت کرتا رہوں گا
اور اُس کے ساتھ میرا عہد کبھی نہیں ٹوٹے گا۔
29 مَیں اُس کی نسل کو ہمیشہ کے لیے قائم کروں گا
اور اُس کا تخت آسمان کی طرح ہمیشہ قائم رہے گا۔
30 اگر اُس کے بیٹے میرے قوانین کو ماننا چھوڑ دیں،
میرے فرمانوں* کے مطابق نہ چلیں،
31 میرے آئین کی خلافورزی کریں
اور میرے حکموں پر عمل نہ کریں
32 تو مَیں چھڑی سے اُنہیں اُن کی نافرمانی* کی سزا دوں گا
اور اُن کی غلطی کے لیے اُنہیں کوڑے ماروں گا۔
33 لیکن اُس کے لیے میری اٹوٹ محبت کبھی ختم نہیں ہوگی
اور نہ ہی مَیں کبھی اپنے وعدے سے پیچھے ہٹوں گا۔*
34 مَیں اپنے عہد کی خلافورزی نہیں کروں گا
اور نہ ہی اپنی بات سے مُکروں گا۔
35 مَیں نے ایک ہی بار ہمیشہ کے لیے اپنی پاکیزگی کی قسم کھائی ہے؛
مَیں داؤد سے جھوٹ نہیں بولوں گا۔
36 اُس کی نسل سدا قائم رہے گی؛
اُس کا تخت سورج کی طرح ہمیشہ میرے سامنے قائم رہے گا۔
37 یہ چاند کی طرح ہمیشہ مضبوطی سے قائم رہے گا
جو آسمان میں ایک وفادار گواہ ہے۔“ (سِلاہ)
38 لیکن تُو نے اپنے مسحشُدہ بندے کو چھوڑ دیا ہے اور ترک کر دیا ہے؛
اُس پر تیرا قہر بھڑک رہا ہے۔
39 تُو نے اپنے بندے کے ساتھ اپنے عہد کو حقیر سمجھا؛
تُو نے اُس کے تاج کو زمین پر پھینک کر ناپاک کر دیا۔
40 تُو نے اُس کی پتھر کی ساری دیواریں* ڈھا دیں؛
تُو نے اُس کے قلعوں کو کھنڈر بنا دیا۔
41 سب آنے جانے والوں نے اُسے لُوٹا ہے؛
وہ اپنے پڑوسیوں کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔
42 تُو نے اُس کے مخالفوں کو فتح بخشی ہے؛*
تُو نے اُس کے تمام دُشمنوں کو خوش ہونے کا موقع دیا ہے۔
43 تُو نے اُس کی تلوار کو بھی ناکارہ کر دیا
اور میدانِجنگ میں اُس کے قدم اُکھاڑ دیے۔
44 تُو نے اُس کی شان مٹی میں ملا دی
اور اُس کا تخت زمین پر پٹخ دیا۔
45 تُو نے اُسے وقت سے پہلے ہی بوڑھا کر دیا؛*
تُو نے اُسے شرمندگی کا لباس پہنایا۔ (سِلاہ)
46 اَے یہوواہ! تُو کب تک اپنے آپ کو چھپائے رکھے گا؟ کیا ہمیشہ تک؟
کیا تیرے قہر کی آگ بھڑکتی ہی رہے گی؟
47 یاد کر کہ میری زندگی کتنی مختصر ہے!
کیا تُو نے تمام اِنسانوں کو بغیر کسی مقصد کے بنایا تھا؟
48 کیا کوئی ایسا اِنسان ہے جو زندہ رہے اور کبھی نہ مرے؟
کیا وہ خود کو* قبر کی گِرفت* میں جانے سے بچا سکتا ہے؟ (سِلاہ)
49 اَے یہوواہ! تیری وہ اٹوٹ محبت کہاں گئی جو تُو نے ماضی میں ظاہر کی تھی؟
تُو نے وفاداری کی بِنا پر داؤد سے یہ محبت ظاہر کرنے کی قسم کھائی تھی۔
50 اَے یہوواہ! یاد کر کہ تیرے بندوں کو کتنے طعنے دیے گئے ہیں؛
مجھے سب قوموں کے طعنے سہنے پڑتے ہیں۔
51 اَے یہوواہ! تیرے دُشمنوں نے تیرے مسحشُدہ بندے کی کتنی بےعزتی کی ہے!
اُنہوں نے قدم قدم پر اُس کی توہین کی ہے۔
52 یہوواہ کی بڑائی ہمیشہ تک ہو۔ آمین ثم آمین۔