1-کُرنتھیوں
6 آپ میں اِتنی جُرأت کیسے پیدا ہوئی کہ آپ آپس کے جھگڑوں کو مُقدسوں کے پاس لے جانے کی بجائے اِنہیں غیرایمان والوں کی عدالت میں لے جائیں؟ 2 کیا آپ کو پتہ نہیں کہ مُقدس لوگ دُنیا کی عدالت کریں گے؟ اور اگر آپ کو دُنیا کی عدالت کرنی ہے تو کیا آپ چھوٹے موٹے مسئلوں کو سلجھانے کے قابل نہیں ہیں؟ 3 کیا آپ جانتے نہیں کہ ہم فرشتوں کی عدالت کریں گے؟ تو پھر ہم اِس زندگی کے مسئلے کیوں نہیں نپٹا سکتے؟ 4 لہٰذا اگر اِس زندگی میں کوئی مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے تو آپ ایسے لوگوں کو اپنا منصف کیوں بناتے ہیں جنہیں کلیسیا* اچھا خیال نہیں کرتی؟ 5 مَیں یہ باتیں آپ کو شرمندہ کرنے کے لیے کہہ رہا ہوں۔ کیا آپ میں ایک بھی دانشمند شخص نہیں جو آپ کے آپسی جھگڑوں کو حل کر سکے؟ 6 آپ لوگوں میں تو بھائی، بھائی پر مُقدمہ چلا رہا ہے اور وہ بھی غیرایمان والوں کی عدالت میں!
7 دراصل جب آپ ایک دوسرے پر مُقدمے چلاتے ہیں تو آپ کی ہار ہو چکی ہوتی ہے۔ کیا اِس سے بہتر یہ نہیں کہ جب کوئی آپ کو نقصان پہنچائے یا آپ کو دھوکا دے تو آپ اِسے برداشت کر لیں؟ 8 لیکن اِس کی بجائے آپ نقصان پہنچاتے اور دھوکا دیتے ہیں اور وہ بھی اپنے بھائیوں کو!
9 کیا آپ کو پتہ نہیں کہ بُرے لوگ خدا کی بادشاہت کے وارث نہیں ہوں گے؟ غلطفہمی کا شکار نہ ہوں۔ نہ تو حرامکار،* نہ بُتپرست، نہ زِناکار، نہ جسمفروش مرد،* نہ ہمجنسپرست مرد، 10 نہ چور، نہ لالچی، نہ شرابی، نہ وہ لوگ جو دوسروں کو ذلیل کرتے* ہیں اور نہ ہی لُٹیرے خدا کی بادشاہت کے وارث ہوں گے۔ 11 لیکن آپ میں سے کچھ لوگ ایک زمانے میں ایسے تھے۔ مگر خدا نے آپ کو مالک یسوع مسیح کے نام سے اور اپنی پاک روح سے پاک صاف اور مخصوص کِیا ہے اور نیک قرار دیا ہے۔
12 یوں تو میرے لیے سب چیزیں جائز ہیں لیکن سب چیزیں فائدہمند نہیں ہیں۔ ہاں، میرے لیے سب چیزیں جائز ہیں لیکن مَیں کسی چیز کا غلام نہیں بنوں گا۔ 13 خوراک پیٹ کے لیے ہے اور پیٹ، خوراک کے لیے لیکن خدا دونوں کو ختم کر دے گا۔ مگر جسم حرامکاری* کے لیے نہیں ہے بلکہ مالک کے لیے ہے اور مالک، جسم کے لیے۔ 14 اور خدا نے اپنی طاقت سے ہمارے مالک کو زندہ کِیا اور وہ ہمیں بھی مُردوں میں سے زندہ کرے گا۔
15 کیا آپ کو پتہ نہیں کہ آپ کے جسم مسیح کے اعضا ہیں؟ تو پھر کیا مَیں مسیح کے اعضا کو لے کر کسی فاحشہ سے جوڑ دوں؟ ہرگز نہیں! 16 کیا آپ نہیں جانتے کہ جو شخص کسی فاحشہ سے جُڑا ہو، وہ اُس کے ساتھ ایک* بن جاتا ہے؟ کیونکہ خدا نے کہا کہ ”وہ دونوں ایک بن جائیں گے۔“ 17 لیکن جو شخص مالک سے جُڑا ہے، وہ اُس کے ساتھ ایک* بن جاتا ہے یعنی اُس جیسی سوچ رکھتا ہے۔ 18 حرامکاری* سے بھاگیں! اِنسان چاہے جو بھی گُناہ کرے، وہ جسم پر اثر نہیں کرتا لیکن جو شخص حرامکاری* کرتا ہے، وہ اپنے ہی جسم کے خلاف گُناہ کرتا ہے۔ 19 کیا آپ نہیں جانتے کہ آپ کا جسم اُس پاک روح کی ہیکل* ہے جو آپ کو خدا سے ملی ہے؟ آپ کسی اَور کی ملکیت ہیں 20 کیونکہ آپ کو قیمت ادا کر کے خرید لیا گیا ہے۔ اِس لیے اپنے جسم کے ذریعے خدا کی بڑائی کریں۔