زبور
داؤد کا گیت۔
27 یہوواہ میری روشنی اور میری نجات ہے۔
پھر مَیں کسی سے کیوں ڈروں؟
یہوواہ میری زندگی کا قلعہ ہے۔
پھر مَیں کسی سے خوف کیوں کھاؤں؟
2 جب بُرے لوگوں نے مجھے پھاڑ کھانے کے لیے مجھ پر حملہ کِیا
تو میرے مخالف اور دُشمن ٹھوکر کھا کر گِر پڑے۔
3 چاہے فوج مجھے گھیر لے،
میرا دل خوفزدہ نہیں ہوگا۔
چاہے میرے خلاف جنگ چھڑ جائے،
میرا بھروسا نہیں ٹوٹے گا۔
4 مَیں نے یہوواہ سے ایک درخواست کی ہے
اور یہی میری دلی خواہش ہے
کہ مَیں ساری زندگی یہوواہ کے گھر میں رہوں
تاکہ مَیں یہوواہ کی اچھائی* کو دیکھوں
5 کیونکہ وہ مجھے مصیبت کے دن اپنی پناہ میں چھپا لے گا؛
وہ مجھے اپنے خیمے کی خفیہ جگہ میں چھپا لے گا؛
وہ مجھے اُونچی چٹان پر لے جائے گا۔
6 اب میرا سر اپنے اُن دُشمنوں سے اُونچا ہو گیا ہے جنہوں نے مجھے گھیرا ہوا ہے؛
مَیں خوشی سے للکارتے ہوئے خدا کے خیمے میں قربانیاں پیش کروں گا؛
مَیں یہوواہ کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔*
7 اَے یہوواہ! جب مَیں تجھے پکاروں تو میری سُن؛
مجھ پر مہربانی کر اور مجھے جواب دے۔
8 میرے دل نے مجھے تیرا یہ حکم یاد دِلایا ہے:
”میری خوشنودی* کے طلبگار ہو۔“
اَے یہوواہ! مَیں تیری خوشنودی* کا طلبگار ہوں گا۔
9 مجھ سے اپنا چہرہ نہ چھپا۔
غصے میں اپنے بندے کو نہ ٹھکرا۔
تُو میرا مددگار ہے؛
مجھے نجات دِلانے والے خدا! مجھے ترک نہ کر؛ مجھے نہ چھوڑ۔
10 چاہے میرے ماں باپ مجھے چھوڑ دیں،
یہوواہ مجھے اپنا لے گا۔
11 اَے یہوواہ! مجھے اپنی راہوں کی تعلیم دے؛
سیدھی راہ پر چلنے میں میری رہنمائی کر کیونکہ میرے دُشمنوں نے مجھے گھیرا ہوا ہے۔
12 مجھے میرے مخالفوں* کے حوالے نہ کر
کیونکہ میرے خلاف جھوٹے گواہ کھڑے ہو گئے ہیں
اور وہ مجھے تشدد کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔
14 یہوواہ سے اُمید لگاؤ؛
دلیر بنو اور اپنا دل مضبوط کرو،
ہاں، یہوواہ سے اُمید لگاؤ۔