زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو یدوتون* کے مطابق گایا جائے۔ داؤد کا نغمہ۔
62 مَیں* خاموشی سے صرف خدا کا اِنتظار کروں گا۔
وہی مجھے نجات دِلاتا ہے۔
2 بےشک وہی میری چٹان، میری نجات اور میری محفوظ پناہگاہ* ہے؛
مجھے کبھی شدت سے ہلایا نہیں جائے گا۔
3 تُم کب تک ایک شخص کو قتل کرنے کے لیے اُس پر وار کرتے رہو گے؟
تُم سب ایک جھکی ہوئی دیوار کی طرح خطرناک ہو، پتھر کی اُس دیوار کی طرح جو گِرنے والی ہو۔*
4 وہ اُسے اُس کے اُونچے مرتبے سے* گِرانے کے لیے آپس میں صلاح مشورہ کرتے ہیں؛
اُنہیں جھوٹ بولنے سے خوشی ملتی ہے۔
وہ مُنہ سے تو دُعائیں دیتے ہیں مگر دل میں بددُعائیں دیتے ہیں۔ (سِلاہ)
5 مَیں خاموشی سے صرف خدا کا اِنتظار کروں گا*
کیونکہ وہی مجھے اُمید بخشتا ہے۔
6 بےشک وہی میری چٹان، میری نجات اور میری محفوظ پناہگاہ ہے؛
مجھے کبھی ہلایا نہیں جائے گا۔
7 مجھے خدا ہی کی بدولت نجات اور عزت ملتی ہے۔
خدا میری مضبوط چٹان اور میری پناہگاہ ہے۔
8 اَے لوگو! ہمیشہ اُس پر بھروسا رکھو۔
اُس کے سامنے اپنا دل کھول* دو۔
خدا ہماری پناہگاہ ہے۔ (سِلاہ)
9 اِنسان کے بیٹے بس ایک سانس کی طرح ہیں؛
اِنسان کے بیٹے کھوکھلی پناہگاہ ہیں۔
اگر اُنہیں ایک ساتھ ترازو میں رکھا جائے تو وہ سانس سے بھی ہلکے نکلیں گے۔
10 یہ نہ سوچو کہ لُوٹمار کر کے تُم کامیاب ہو جاؤ گے
یا ڈکیتی کر کے تمہیں فائدہ ہوگا۔
اگر تمہاری دولت میں اِضافہ ہو تو اُس سے دل نہ لگاؤ۔
11 مَیں نے ایک بار بلکہ دو بار خدا کو یہ کہتے سنا ہے
کہ خدا ہی طاقت کا سرچشمہ ہے۔
12 اَے یہوواہ! تُو اٹوٹ محبت کا بھی سرچشمہ ہے
کیونکہ تُو ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مطابق بدلہ دیتا ہے۔