یسعیاہ
31 اُن پر افسوس جو مدد کے لیے مصر کے پاس جاتے ہیں؛
جو گھوڑوں پر بھروسا کرتے ہیں؛
جو جنگی رتھوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے
اور جنگی گھوڑوں* کی طاقت کی وجہ سے اُن پر آس لگاتے ہیں!
لیکن وہ اِسرائیل کے پاک خدا کی طرف نگاہ نہیں کرتے
اور یہوواہ کی تلاش نہیں کرتے۔
2 مگر وہ بھی دانشمند ہے؛ وہ آفت نازل کرے گا
اور اپنی بات سے نہیں مُکرے گا۔
وہ بُرے لوگوں کے گھرانے کے خلاف اُٹھے گا
اور اُن لوگوں کے خلاف بھی جو بُرے کام کرنے والوں کی مدد کرتے ہیں۔
3 مصری اِنسان ہیں، خدا نہیں؛
اُن کے گھوڑے گوشت پوست ہیں، روحیں نہیں۔
جب یہوواہ اپنا ہاتھ بڑھائے گا
تو مدد کرنے والا ہر کوئی لڑکھڑا جائے گا
اور مدد لینے والا ہر کوئی گِر جائے گا؛
وہ سب ایک ہی وقت میں فنا ہو جائیں گے
4 کیونکہ یہوواہ نے مجھ سے یہ کہا ہے:
”جیسے ایک شیر، ہاں، ایک طاقتور جوان شیر* اپنے شکار پر غُراتا ہے
اور جب بہت سے چرواہوں کو اُسے بھگانے کے لیے بُلایا جاتا ہے
تو وہ اُن کی آواز سے ڈرتا نہیں
اور اُن کے شورشرابے سے گھبراتا نہیں
ویسے ہی فوجوں کا خدا یہوواہ کوہِصِیّون اور اُس کی پہاڑی کے لیے جنگ لڑنے نیچے آئے گا۔
5 فوجوں کا خدا یہوواہ منڈلاتے ہوئے پرندوں کی طرح یروشلم کا دِفاع کرے گا۔
وہ اُس کا دِفاع کرے گا اور اُسے بچائے گا۔
وہ اُس کی حفاظت کرے گا اور اُسے چھڑائے گا۔“
6 ”اِسرائیل کے لوگو! اُس ہستی کے پاس لوٹ آؤ جس کے خلاف تُم نے بےشرمی سے بغاوت کی ہے 7 کیونکہ اُس دن ہر شخص چاندی کے اپنے فضول خداؤں اور سونے کے اپنے بےکار خداؤں کو ٹھکرا دے گا جنہیں تُم نے اپنے ہاتھوں سے بنا کر گُناہ کِیا تھا۔
8 اسور* تلوار سے مارا جائے گا لیکن کسی اِنسان کی تلوار سے نہیں؛
وہ اُس تلوار کا نوالہ بنے گا جو کسی اِنسان کی نہیں ہوگی۔
وہ تلوار کی وجہ سے بھاگ جائے گا
اور اُس کے جوان آدمیوں سے زبردستی مشقت کرائی جائے گی۔
9 شدید خوف کی وجہ سے اُس کی چٹان غائب ہو جائے گی
اور جھنڈے کی وجہ سے اُس کے حاکم ڈر جائیں گے۔“
یہ بات یہوواہ نے فرمائی ہے جس کی روشنی* صِیّون میں اور جس کی بھٹی یروشلم میں ہے۔