زبور
داؤد کا گیت۔
א [آلف]
25 اَے یہوواہ! مَیں* تیری طرف رُجوع کرتا ہوں۔
ב [بیتھ]
2 اَے میرے خدا! مَیں تجھ پر بھروسا کرتا ہوں؛
مجھے شرمندہ نہ ہونے دے۔
میرے دُشمنوں کو میرے حال پر خوشی نہ منانے دے۔
ג [گیمل]
3 بےشک اُن لوگوں میں سے کوئی بھی شرمندہ نہیں ہوگا جو تجھ سے اُمید لگاتے ہیں
مگر وہ لوگ شرمندہ ہوں گے جو بِلاوجہ دوسروں کو دھوکا دیتے ہیں۔
ד [دالتھ]
4 اَے یہوواہ! مجھے اپنی راہیں بتا؛
مجھے اپنی راہوں پر چلنا سکھا۔
ה [ہے]
5 مجھے اپنی سچائی کی راہ پر چلنے کی توفیق عطا کر اور مجھے تعلیم دے
کیونکہ تُو میرا خدا ہے جو مجھے نجات دِلاتا ہے۔
ו [واو]
مَیں سارا دن تجھ ہی سے اُمید لگاتا ہوں۔
ז [زین]
6 اَے یہوواہ! اپنے رحم اور اپنی اٹوٹ محبت کو یاد کر
جو تُو ہمیشہ سے ظاہر کرتا آیا ہے۔*
ח [خیتھ]
7 میری جوانی کے گُناہوں اور غلطیوں کو یاد نہ کر؛
اَے یہوواہ! اپنی اٹوٹ محبت اور اپنی اچھائی کی وجہ سے مجھے یاد کر۔
ט [طیتھ]
8 یہوواہ اچھا اور سچا ہے
اِسی لیے وہ گُناہگاروں کو صحیح راہ پر چلنا سکھاتا ہے۔
י [یود]
9 وہ صحیح کام* کرنے میں حلیم لوگوں کی رہنمائی کرے گا؛
وہ حلیم لوگوں کو اپنی راہ پر چلنا سکھائے گا۔
כ [کاف]
10 جو لوگ یہوواہ کے عہد اور یاددہانیوں کے مطابق چلتے ہیں،
اُن سے وہ ہمیشہ اٹوٹ محبت اور وفاداری نبھاتا ہے۔
ל [لامد]
11 اَے یہوواہ! میرا گُناہ بہت بڑا ہے
لیکن اپنے نام کی خاطر اِسے معاف کر دے۔
מ [میم]
12 جو شخص یہوواہ کا خوف رکھتا ہے،
اُسے وہ اُس راہ کے بارے میں بتائے گا جو اُسے چُننی چاہیے۔
נ [نون]
13 وہ* اچھی چیزوں کا مزہ لے گا
اور اُس کی نسل زمین کی مالک ہوگی۔
ס [سامک]
14 یہوواہ کے قریبی دوست وہ لوگ بن سکتے ہیں جو اُس کا خوف رکھتے ہیں
اور وہ اُنہیں اپنے عہد کے بارے میں بتاتا ہے۔
ע [عین]
15 میری آنکھیں ہمیشہ یہوواہ کی طرف لگی رہتی ہیں
کیونکہ وہ میرے پاؤں کو جال سے چھڑائے گا۔
פ [پے]
16 اپنا چہرہ میری طرف موڑ اور مجھ پر مہربانی کر
کیونکہ مَیں اکیلا اور بےسہارا ہوں۔
צ [صادے]
17 میرے دل کی پریشانیاں بہت بڑھ گئی ہیں؛
مجھے میری تکلیف سے چھڑا۔
ר [ریش]
18 میری مصیبت اور پریشانی کو دیکھ
اور میرے سارے گُناہ معاف کر دے۔
19 دیکھ، میرے دُشمن کتنے زیادہ ہیں؛
وہ مجھ سے نفرت کی وجہ سے مجھ پر ظلم کرنا چاہتے ہیں۔
ש [شین]
20 میری جان کی حفاظت کر اور مجھے بچا؛
مجھے شرمندہ نہ ہونے دے کیونکہ مَیں نے تیرے پاس پناہ لی ہے۔
ת [تاو]
21 میری وفاداری اور میرا سیدھی راہ پر چلنا میری حفاظت کرے
کیونکہ مَیں نے تجھ سے اُمید لگائی ہے۔
22 اَے خدا! اِسرائیل کو اُس کی ساری مصیبتوں سے چھڑا۔