یسعیاہ
63 یہ کون ہے جو ادوم سے آ رہا ہے،
جو بصراہ سے شوخ رنگ کے* کپڑوں میں
اور شاندار لباس پہنے ہوئے
اپنی زبردست طاقت کے ساتھ آ رہا ہے؟
”یہ مَیں ہوں جو نیک باتیں کہتا ہوں
اور جس کے پاس بچانے کی زبردست طاقت ہے۔“
2 تیرا لباس لال کیوں ہے؟
تیرے کپڑے حوض میں انگور روندنے والے کی طرح کیوں ہیں؟
3 ”مَیں نے اکیلے حوض میں انگور روندے ہیں۔
قوموں کے لوگوں میں سے کوئی بھی میرے ساتھ نہیں تھا۔
مَیں غصے میں اُنہیں روندتا رہا
اور قہر میں اُنہیں کچلتا رہا۔
میرے کپڑوں پر اُن کے خون کی چھینٹیں پڑ گئیں
اور میرے پورے لباس پر دھبے لگ گئے
4 کیونکہ مَیں نے اِنتقام کا دن طے کر لیا ہے*
اور میرے بندوں کو چھڑانے* کا سال آ گیا ہے۔
5 مَیں نے نظر دوڑائی لیکن مدد کرنے والا کوئی نہیں تھا؛
مَیں حیران رہ گیا کہ کسی نے میرا ساتھ نہیں دیا۔
اِس لیے میرے بازو نے نجات* دِلائی
اور میرے اپنے قہر نے میرا ساتھ دیا۔
6 مَیں نے غصے میں قوموں کو روندا؛
مَیں نے اُنہیں غضب کی مے پلا کر نشے میں دُھت کر دیا
اور اُن کا خون زمین پر اُنڈیل دیا۔“
7 مَیں یہوواہ کے اُن کاموں کے بارے میں بتاؤں گا جو اُس نے اٹوٹ محبت کی وجہ سے کیے ہیں،
ہاں، مَیں یہوواہ کے قابلِتعریف کاموں کے بارے میں بتاؤں گا
کیونکہ یہوواہ نے ہمارے لیے بہت کچھ کِیا ہے۔
اُس نے اپنے رحم اور اپنی عظیم اٹوٹ محبت کی وجہ سے اِسرائیل کے گھرانے کے لیے بہت سے اچھے کام کیے ہیں۔
8 اُس نے کہا: ”بےشک وہ میرے بندے، ہاں، میرے بیٹے ہیں جو بےوفائی نہیں کریں گے۔“*
اِس لیے مَیں اُن کا نجاتدہندہ بن گیا۔
9 اُن کی ساری تکلیفوں کے دوران اُسے بھی تکلیف پہنچی
اور اُس کے خاص قاصد* نے اُنہیں بچایا۔
اُس نے اپنی محبت اور ہمدردی کی وجہ سے اُنہیں چھڑا لیا
اور قدیم زمانے میں ہمیشہ اُنہیں اُٹھا کر پھرتا رہا۔
10 لیکن اُنہوں نے بغاوت کی اور اُس کی پاک روح* کو دُکھی کِیا۔
اِس لیے وہ اُن کا دُشمن بن گیا
اور اُن کے خلاف لڑا۔
11 پھر اُنہوں نے پُرانے دنوں کو،
ہاں، خدا کے بندے موسیٰ کے دنوں کو یاد کِیا اور کہنے لگے:
”وہ کہاں ہے جو اُنہیں اپنے گلّے کے چرواہوں کے ساتھ سمندر سے نکال لایا؟
وہ کہاں ہے جس نے اپنی پاک روح اُن میں ڈالی؛
12 جس کا شاندار بازو موسیٰ کے دائیں ہاتھ کے ساتھ تھا؛
جس نے اُن کے سامنے پانیوں کو چیر دیا
تاکہ اُس کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے؛
13 جس نے اُنہیں ٹھاٹھیں مارتے پانیوں* کے بیچ میں سے گزارا
اور وہ ٹھوکر کھائے بغیر چلتے گئے
جیسے ایک گھوڑا کُھلے میدان* میں چلتا ہے؟
14 جس طرح مویشیوں کو وادی میں جا کر سکون ملتا ہے
اُسی طرح یہوواہ کی روح نے اُنہیں سکون بخشا۔“
اِس طرح تُو نے اپنے بندوں کی رہنمائی کی
تاکہ اپنے لیے ایک عظیمُالشان* نام بنائے۔
15 آسمان سے نیچے نظر کر اور دیکھ،
ہاں، اپنی بلند، پاک اور عظیمُالشان* رہائشگاہ سے دیکھ۔
اپنے بندوں کے لیے تیری فکر* اور تیری طاقت کہاں ہے؟
تیری ہمدردی* جوش کیوں نہیں مار رہی اور تُو رحم کیوں نہیں کر رہا؟
تُو نے مجھے اِن سے محروم رکھا ہوا ہے
16 تُو ہمارا باپ ہے۔
چاہے اَبراہام ہمیں نہ جانتے ہوں
اور اِسرائیل ہمیں نہ پہچانتے ہوں
لیکن تُو اَے یہوواہ! ہمارا باپ ہے۔
تیرا نام قدیم زمانے سے ہمیں چھڑانے والا* ہے۔
17 اَے یہوواہ! تُو نے ہمیں اپنی راہوں سے کیوں بھٹکنے دیا؟*
تُو نے ہمارے دلوں کو سخت کیوں ہونے دیا* کہ ہم تیرا خوف نہیں رکھتے؟
اپنے بندوں، ہاں، اپنے قبیلوں کی خاطر جو تیری ملکیت ہیں، لوٹ آ۔
18 تیرے پاک لوگ کچھ عرصے کے لیے اِس کے مالک رہے۔
پھر ہمارے مخالفوں نے تیرے مُقدس مقام کو روند ڈالا۔
19 ایک لمبے عرصے سے ہم اُن کی طرح بن گئے ہیں جن پر تُو نے کبھی حکمرانی نہیں کی،
ہاں، اُن کی طرح جو کبھی تیرے نام سے نہیں کہلائے۔