زبور
نِخیلا* کے حوالے سے موسیقار کے لیے۔ داؤد کا نغمہ۔
5 اَے یہوواہ! میری باتوں پر توجہ فرما؛
میری آہوں پر دھیان دے۔
2 اَے میرے بادشاہ! اَے میرے خدا! مدد کے لیے میری فریاد پر توجہ فرما
کیونکہ مَیں تجھ سے دُعا کرتا ہوں۔
3 اَے یہوواہ! مَیں صبح کے وقت تجھے اپنی پریشانی بتاؤں گا
اور بےتابی سے تیرے جواب کا اِنتظار کروں گا؛
مَیں جانتا ہوں کہ تُو صبح کے وقت میری دُعا سنے گا
4 کیونکہ تُو ایسا خدا نہیں جو بُرائی سے خوش ہو؛
کوئی بُرا شخص تیرے سامنے ٹک نہیں سکتا۔
5 کوئی مغرور شخص تیرے حضور کھڑا نہیں رہ سکتا۔
تُو اُن سب لوگوں سے نفرت کرتا ہے جو بُرے کام کرتے ہیں؛
6 تُو اُن لوگوں کو ہلاک کر دے گا جو جھوٹ بولتے ہیں۔
یہوواہ اُن لوگوں سے گِھن کھاتا ہے جو ظلم کرتے* اور دھوکا دیتے ہیں۔
7 لیکن مَیں تیری عظیم اٹوٹ محبت کی وجہ سے تیرے گھر میں آؤں گا؛
مَیں تیرے خوف* کی وجہ سے تیری مُقدس ہیکل* کا رُخ کر کے سجدہ کروں گا۔
8 اَے یہوواہ! مجھے اپنی نیک راہ پر چلا کیونکہ میرے دُشمنوں نے مجھے گھیرا ہوا ہے؛
میری مدد کر تاکہ مَیں لڑکھڑائے بغیر تیری راہ پر چلوں۔
9 میرے دُشمنوں کی کسی بات پر بھروسا نہیں کِیا جا سکتا؛
اُن کا دل بُرائی سے بھرا ہے؛
اُن کا حلق کُھلی قبر ہے؛
وہ اپنی زبان سے خوشامد کرتے ہیں۔
10 لیکن خدا اُنہیں قصوروار ٹھہرائے گا؛
وہ اپنے ہی کھودے ہوئے گڑھے میں گِر جائیں گے۔
اَے خدا! اُنہیں اُن کے بےاِنتہا گُناہوں کی وجہ سے اپنے سامنے سے دُور کر دے
کیونکہ اُنہوں نے تیرے خلاف بغاوت کی ہے۔
11 لیکن وہ سب جو تیرے پاس پناہ لیتے ہیں، خوش ہوں گے؛
وہ ہمیشہ خوشی سے للکاریں گے۔
تُو بُرے لوگوں کو اُن تک پہنچنے نہیں دے گا
اور جو تیرے نام سے محبت کرتے ہیں، وہ تیری وجہ سے خوشی منائیں گے
12 کیونکہ اَے یہوواہ! تُو سب نیک لوگوں کو برکت دے گا؛
تیری مہربانی ایک بڑی ڈھال کی طرح اُن کی حفاظت کرے گی۔