زبور
99 یہوواہ بادشاہ بن گیا ہے۔ قومیں تھرتھر کانپیں۔
وہ کروبیوں کے اُوپر* تختنشین ہے۔ زمین لرزے۔
2 یہوواہ صِیّون میں عظیم ہے؛
وہ سب قوموں پر حکمرانی کرتا ہے۔
3 قومیں تیرے عظیم نام کی بڑائی کریں
کیونکہ تیرا نام پاک ہے اور اِس کا گہرا احترام کِیا* جانا چاہیے۔
4 تُو ایک طاقتور بادشاہ ہے جو اِنصاف سے محبت کرتا ہے۔
تُو نے صحیح معیاروں* کو مضبوطی سے قائم کِیا ہے۔
تُو نے یعقوب میں اِنصاف اور نیکی کو رائج کِیا ہے۔
5 ہمارے خدا یہوواہ کی تعظیم کرو اور اُس کے پاؤں کی چوکی کے سامنے جھکو؛*
خدا پاک ہے۔
6 موسیٰ اور ہارون اُس کے کاہنوں میں شامل تھے
اور سموئیل اُن لوگوں میں جو اُس کا نام لیتے تھے۔
وہ یہوواہ کو پکارتے تھے
اور وہ اُنہیں جواب دیتا تھا۔
7 وہ بادل کے ستون میں سے اُن سے بات کرتا تھا
اور وہ اُن یاددہانیوں اور فرمانوں پر عمل کرتے تھے جو اُس نے اُنہیں دیے تھے۔
8 اَے یہوواہ ہمارے خدا! تُو اُنہیں جواب دیتا تھا۔
تُو وہ خدا ہے جو اُنہیں معاف کرتا تھا
لیکن تُو نے اُنہیں اُن کے گُناہوں کی سزا* بھی دی۔
9 ہمارے خدا یہوواہ کی تعظیم کرو
اور اُس کے مُقدس پہاڑ کے سامنے جھکو*
کیونکہ ہمارا خدا یہوواہ پاک ہے۔